🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: معلوم ہوا کہ حاجی کا آگے جاکر استقبال کرنا بھی سنت ہے مگر ہار پھول کا مروجہ...
حدیث حاشیہ:
معلوم ہوا کہ حاجی کا آگے جاکر استقبال کرنا بھی سنت ہے مگر ہار پھول کا مروجہ رواج ایسا ہے جس کا شریعت میں کوئی ثبوت نہیں اور اس سے ریا، نمود، عجب کا بھی خطرہ ہے، لہٰذا اچھے حاجی کو ان چیزوں سے ضرور پرہیز کرنا لازم ہے ورنہ خطرہ ہے کہ سفر حج کے لیے جو قربانیاں دی ہیں وہ رائیگاں جائیں اور بجائے ثواب کے حج الٹا باعث عذاب بن جائے کیوں کہ ریا، نمود، عجب ایسی بیماریاں ہیں جن سے نیک اعمال اکارت ہو جاتے ہیں۔
حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ اونٹ وغیرہ پر بشرطیکہ ان جانوروں میں طاقت ہو بیک وقت تین آدمی سواری کرسکتے ہیں، بنو عبدالمطلب کے لڑکے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے استقبال کو آئے اس سے خاندانی محبت جو فطری چیز ہے اس کا بھی ثبوت ملتا ہے۔
نوجوانان خاندان عبدالمطلب کے لیے اس سے بڑھ کر کیا خوشی ہوسکتی ہے کہ آج ان کے ایک بزرگ ترین فرد رسول معظم، سردار بنی آدم، فخر دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں مکہ شریف میں داخل ہورہے ہیں۔
آج وہ قسم پوری ہوئی جو قرآن مجید میں ان لفظوں میں بیان کی گئی ﴿لَا أُقْسِمُ بِهَذَا الْبَلَدِ﴾ توراۃ کا وہ نوشتہ پورا ہوا جس میں ذکر ہے کہ فاران سے ہزارہا قدسیوں کے ساتھ ایک نور ظاہر ہوا۔
اس سے یہ بھی ثابت ہوا کہ بچوں سے پیار محبت، شفقت کا برتاؤ کرنا بھی سنت نبوی ہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 1798