🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: امیر المحدثین حضرت امام بخاری ؒ کا مقصد باب یہ ہے کہ مزدوری کے طور پر بکریاں...
حدیث حاشیہ:
امیر المحدثین حضرت امام بخاری ؒ کا مقصد باب یہ ہے کہ مزدوری کے طور پر بکریاں چرانا بھی ایک حلال پیشہ ہے۔
بلکہ انبیاء ؑ کی سنت ہے۔
بکریوں پر گائے بھینس، بھیڑوں اور اونٹوں کو بھی قیاس کیا جاسکتا ہے کہ ان کو مزدوری پر چرانا چگانا جائز اور درست ہے۔
ہر پیغمبر نے بکریاں چرائی ہیں اس میں حکمت یہ ہے کہ بکریوں پر رحم اور شفقت کرنے کی ابتدائے عمر ہی سے عادت ہو اور رفتہ رفتہ بنی نوع انسان کی قیادت کرنے سے بھی وہ متعارف ہوجائیں۔
اور جب اللہ ان کو یہ منصب جلیلہ بخشے تو رحمت اور شفقت سے وہ ابن آدم کو راہ راست پر لاسکیں۔
اس اصول کے تحت جملہ انبیاءکرام کی زندگیوں میں آپ کو رحمت اور شفقت کی جھلک نظر آئے گی۔
حضرت موسیٰ ؑ کو فرعون کی ہدایت کے لیے بھیجا جارہا ہے۔
ساتھ ہی تاکید کی جاری ہے ﴿فَقُولَا لَهُ قَوْلًا لَيِّنًا لَعَلَّهُ يَتَذَكَّرُ أَوْ يَخْشَى﴾ (طہ: 44)
یعنی دونو ں بھائی فرعون کے ہاں جاکر اس کو نہایت ہی نرمی سے سمجھانا۔
شاید وہ نصیحت پکڑ سکے یا وہ اللہ سے ڈر سکے۔
اسی نرمی کا نتیجہ تھا کہ حضرت موسیٰ ؑ نے جادو گروں پر فتح عظیم حاصل فرمائی۔
ہمارے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی اپنے بچپن میں مکہ والوں کی بکریاں اجرت پر چرائی ہیں۔
اس لیے بکری چرانا ایک طرح سے ہمارے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت بھی ہے۔
آپ اہل مکہ کی بکریاں چند قیراط اجرت پر چرایا کرتے تھے۔
قیراط آدھے ودانق کو کہتے ہیں جس کا وزن 5جو کے برابر ہوتا ہے۔
الحمد للہ! آج مکہ شریف کے اطراف میں وادی منیٰ میں بیٹھ کر یہ سطریں لکھ رہا ہوں اور اطراف کی پہاڑیوں پر نظر ڈال رہا ہوں اور یاد کر رہا ہوں کہ ایک زمانہ وہ بھی تھا جس میں رسول کریم رحمۃ للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم ان پہاڑوں میں مکہ والوں کی بکریاں چرایا کرتے تھے۔
کاش! میں اتنی طاقت رکھتا کہ ان پہاڑوں کے چپہ چپہ پر پیدل چل کر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے نقوش اقدام کی یاد تازہ کرسکتا۔
صلی اللہ علیه و علی آله و أصحابه و سلم۔
بعض لوگوں نے کہا کہ اطراف مکہ میں قراریط نام سے ایک موضع تھا۔
جہاں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم مکہ والوں کی بکریاں چرایا کرتے تھے۔
حافظ فرماتے ہیں:
لکن رجح الأول لأن أهل مکة لا یعرفون بها مکانا یقال له قراریط۔
یعنی قول اول کہ قراریط سے درہم اور دینار کے بعض اجزاءمراد ہیں اسی کو ترجیح حاصل ہے اس لیے کہ مکہ والے کسی ایسے مکان سے ناواقف تھے جسے قراریط کے نام سے پکارا جاتا ہو۔
و قال العلماء الحکمة في الهام الأنبیاء من رعی الغنم قبل النبوة أن یحصل لهم التمرن برعیها علی ما یکلفونه من القیام بأمر أمتهم یعنی علماءنے کہا ہے کہ انبیاءکو بکری چرانے کے الہام کے بارے میں حکمت یہ ہے کہ ان کو نبوت سے پہلے ہی ان کو چرا کر امت کی قیادت کے لیے مشق ہو جائے۔
بکری خود ایک ایسا بابرکت جانور ہے کہ اللہ پاک کا فضل ہو تو بکری پالنے میں چند ہی دنوں میں وارے کے نیارے ہو جائیں۔
اسی لیے فتنوں کے زمانوں میں ایک ایسے شخص کی تعریف کی گئی ہے جو سب فتنوں سے دور رہ کر جنگلوں میں بکریاں پالے۔
اور ان سے گزران کرکے جنگوں ہی میں اللہ کی عبادت کرے۔
ایسے وقت میں یہ بہترین قسم کا مسلمان ہے۔
اس وقت مسجد نبوی روضة من ریاض الجنة مدینہ منورہ میں بہ سلسلہ نظر ثانی اس مقام پر پہنچتا ہوا حرمین شریفین کے ماحول پر نظر ڈال کر حدیث ہذا پر غور کر رہا ہوں اور دیکھ رہا ہوں کہ اللہ تعالیٰ نے اس عظیم ملک میں بکریوں کے مزاج کے موافق کتنے مواقع پیدا کر رکھے ہیں۔
مکہ شریف میں ایک مخلص دوست کے ہاں ایک بکری دیکھی جو2 کلو وزن سے زیادہ دودھ دیتی تھی۔
صدق رسول اللہ صلی اللہ علیه وسلم ما من نبي إلا رعی الغنم آج صفر1390ھ مقام مبارک مذکورہ میں یہ چند الفاظ لکھے گئے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 2262