🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: یہ حدیث واقعہ ہجرت سے متعلق بہت سی معلومات پر مشتمل ہے، نیز اس سے حضرت صدیق...
حدیث حاشیہ:
یہ حدیث واقعہ ہجرت سے متعلق بہت سی معلومات پر مشتمل ہے، نیز اس سے حضرت صدیق اکبر ؓ کا استقلال اور توکل علی اللہ بھی ظاہر ہوتا ہے۔
ایک وقت تھا کہ اسی شہر مکہ میں (جہاں بیٹھ کر کعبہ مقدس میں یہ سطریں لکھ رہا ہوں)
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے جاں نثاروں کو انتہائی ایذائیں دی جارہی تھیں۔
جن سے مجبور ہو کر حضرت صدیق اکبر ؓ یہ مقدس شہر چھوڑنے پر مجبور ہو گئے تھے۔
اور ہجرت حبشہ کے ارادے سے برک الغماد نامی ایک مقام قریب مکہ میں پہنچ چکے تھے۔
کہ آپ کو قارہ قبیلے کا ایک سردار مالک بن دغنہ ملا۔
قارہ بنی اہون قبیلہ کی ایک شاخ تھی جو تیراندازی میں مشہورتھے۔
اس قبیلے کے سردار مالک بن دغنہ نے حضرت ابوبکر صدیق ؓ کو جب حالت سفر میں کوچ کرتے دیکھا تو فوراً اس کے منہ سے نکلا کہ آپ جیسا شریف آدمی جو غریب پرور ہو، صلہ رحمی کرنے والا ہو، جو دوسروں کا بوجھ اپنے سر اٹھا لیتا ہو اور جو مہمان نوازی میں بے نظیر خوبیوں کا مالک ہو، ایسا نیک ترین انسان ہرگز مکہ سے نہیں نکل سکتا۔
نہ وہ نکالا جاسکتا ہے۔
آپ میری پناہ میں ہو کر واپس مکہ تشریف لے چلئے اور وہیں اپنے رب کی عبادت کیجئے۔
چنانچہ حضرت ابوبکر صدیق ؓ اس کے ساتھ مکہ واپس آگئے۔
اور ابن دغنہ نے مکہ میں حضرت ابوبکر ؓ کے لیے امن دینے کا اعلان عام کر دیا۔
جسے قریش نے بھی منظور کر لیا، مگر یہ شرط ٹھہرائی کہ صدیق اکبر ؓ علانیہ نماز نہ پڑھیں۔
نہ تلاوت قرآن فرمائیں، جسے سن کر ہمارے نوجوان بگڑ جاتے ہیں۔
کچھ دنوں بعد حضرت صدیق اکبر ؓ نے گھر کے اندر تنگی محسوس فرما کر باہر دالان میں بیٹھنا اور قرآن شریف پڑھنا شروع فرما دیا۔
اسی پر کفار قریش نے شکوہ وشکایتوں کا سلسلہ شروع کرکے ابن دغنہ کو ورغلایا اور وہ اپنی پناہ واپس لینے پر تیار ہو گیا۔
جس پر حضرت صدیق اکبر ؓ نے صاف فرما دیا کہ إني أرد إلیك جوارك و أرضی بجوار اللہ۔
یعنی اے ابن دغنہ! میں تمہاری پناہ تم کو واپس کرتا ہوں اور میں اللہ پاک کی امان پر راضی ہوں۔
اس وقت رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم مکہ شریف ہی میں موجود تھے، آپ نے حضرت صدیق ؓ سے ملاقات فرمائی تو بتلایا کہ جلد ہی ہجرت کا واقعہ سامنے آنے والا ہے۔
اور اللہ نے مجھے تمہاری ہجرت کا مقام بھی دکھلایا دیا ہے۔
جس سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی مراد مدینہ طیبہ سے تھی۔
اس بشارت کو سن کر حضرت صدیق اکبر ؓ نے اپنی اونٹینوں کو سفر کے لیے تیا رکرنے کے خیال سے ببول کے پتے بکثرت کھلانے شروع کر دیئے۔
تاکہ وہ تیز رفتاری سے ہجرت کے وقت سفر کرنے کے لیے تیار ہو جائیں۔
آپ چار ماہ تک لگاتار ان سواریوں کو سفر ہجرت کے لیے تیار فرماتے رہے یہاں تک کہ ہجرت کا وقت آگیا۔
اس حدیث سے باب کی مطابقت یوں ہے کہ ابن دعنہ نے گویا ابوبکر صدیق ؓ کی ضمانت کی تھی، کہ ان کو مالی اور بدنی ایذا نہ پہچنے۔
حافظ فرماتے ہیں:
و الغرض من هذا الحدیث هنا رضا أبي بکر بجوار ابن الدعنة و تقریر النبي صلی اللہ علیه وسلم له علی ذلك ووجه دخوله في الکفالة أنه لائق بکفالة الأبدان لأن الذي أجارہ کأنه تکفل بنفس المجار أن لا یضام قاله ابن المنیر (فتح)
یعنی یہاں اس حدیث کے درج کرنے سے غرض یہ ہے کہ حضرت ابوبکر صدیق ؓ ابن دغنہ کی پڑوس اور اس کی پناہ دینے پر راضی ہو گئے اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی اس کو ثابت رکھا۔
اور اس حدیث کو باب الکفالۃ میں داخل کرنے کی وجہ یہ ہے کہ اس سے ابدان کا کفالت میں دینا جائز ثابت ہوا۔
گویا جس نے ان کو پناہ دی وہ ان کی جان کے کفیل بن گئے کہ ان کو کوئی تکلیف نہ دی جائے گی۔
اللہ کی شان ایک وہ وقت تھا اور ایک وقت آج ہے کہ مکہ معظمہ ایک عظیم اسلامی مرکز کی حیثیت میں دنیائے اسلام کے ستر کروڑ انسانوں کا قبلہ و کعبہ بنا ہوا ہے۔
جہاں ہر سال بر تقریب حج 20-25 لاکھ مسلمان جمع ہو کر صداقت اسلام کا اعلان کرتے ہیں۔
الحمد للہ الذي صدق وعدہ و نصر عبدہ و هزم الأحزاب و حدہ فلا شيئ بعدہ۔
آج 22ذی الجحجہ 1389ھ کو بعد مغرب مطاف مقدس میں بیٹھ کر یہ نوٹ حوالہ قلم کیا گیا۔
ربنا تقبل منا إنك أنت السمیع العلیم۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 2297