🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: حضرت رسول کریم ﷺ کے قربانی کے اونٹوں کے لیے حضرت عائشہ ؓ نے قلادہ بٹنے میں...
حدیث حاشیہ:
حضرت رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے قربانی کے اونٹوں کے لیے حضرت عائشہ ؓ نے قلادہ بٹنے میں آپ کی وکالت فرمائی۔
حضرت عائشہ صدیقہ ام المومنین ؓ حضرت ابوبکر صدیق ؓ کی صاحب زادی ہیں۔
ان کی والدہ ماجدہ کا نام ام رومان بنت عامر بن عویمر ہے۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ شادی 10نبوی میں مکہ شریف میں ہوئی۔
2ھ میں ہجرت سے18ماہ بعد رخصتی عمل میں آئی۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ یہ9سال رہی ہیں کیوں کہ وصال نبوی کے وقت حضرت عائشہ ؓ کی عمر اٹھارہ سال کی تھی۔
حضرت عائشہ ؓ بہت بڑی فصیحہ فقیہ عالمہ، فاضلہ تھیں۔
حضور ؓ سے بکثرت احادیث آپ نے نقل کی ہیں۔
وقائع عرب و محاورات و اشعار کی زبردست واقف کار تھیں۔
صحابہ کرام اور تابعین عظام کے ایک بڑے طبقہ نے ان سے روایات نقل کی ہیں۔
مدینہ طیبہ میں 57ھ یا 58ھ میں شب سہ شنبہ میں آپ کا انتقال ہوا۔
وصیت کے مطابق شب میں بقیع غرقد میں آپ کو دفن کیا گیا۔
حضرت ابوہریرہ ؓ نے نماز جنازہ پڑھائی۔
جو ان دنوں معاویہ ؓ کے دور حکومت میں مدینہ میں مروان کے ماتحت تھے۔
بقیع غرقد مدینہ کا پرانا قبرستان ہے، جو مسجد نبوی سے تھوڑے ہی فاصلہ پر ہے۔
آج کل اس کی جانب مسجد نبوی سے ایک وسیع سڑک نکال دی گئی ہے۔
قبرستان کو چاروں طرف ایک اونچی فصیل سے گھیر دیا گیا ہے۔
اندر پرانی قبریں بیشتر نابود ہو چکی ہیں، اہل بدعت نے پہلے دور میں یہاں بعض صحابہ و دیگر بزرگان دین کے ناموں پر بڑے بڑے قبے بنا رکھے تھے۔
اور ان پر غلاف، پھول ڈالے جاتے۔
اور وہاں نذر نیازیں چڑھائی جاتی تھیں۔
سعودی حکومت نے حدیث نبوی کی روشنی میں ان سب کو مسمار کردیا ہے۔
پختہ قبریں بنانا شریعت اسلامیہ میں قطعاً منع ہے اور ان پر چادر پھول محدثات و بدعات ہیں۔
اللہ پاک مسلمانوں کو ایسی بدعات سے بچائے۔
آمین
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 2317