🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: حضرت امام بخاری ؒ نے باب کے تحت اس حدیث کو درج فرمایا۔ جس میں ایک اسرائیلی...
حدیث حاشیہ:
حضرت امام بخاری ؒ نے باب کے تحت اس حدیث کو درج فرمایا۔
جس میں ایک اسرائیلی مرد کا اور ایک بیل کا مکالمہ مذکور ہوا ہے۔
وہ اسرائیلی بیل کو سواری کے کام میں استعمال کر رہا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے بیل کو انسانی زبان میں بولنے کی طاقت دی اور وہ کہنے لگا کہ میں کھیتی کے لیے پیدا ہوا ہوں، سواری کے لیے نہیں ہوا۔
چونکہ یہ بولنے کا واقعہ خرق عادت سے تعلق رکھتا ہے اور اللہ پاک اس پر قادر ہے کہ وہ بیل جیسے جانور کو انسانی زبان میں گفتگو کی طاقت بخش دے۔
اس لیے اللہ کے محبوب رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے اس پر اظہار ایمان فرمایا۔
بلکہ ساتھ ہی حضرات شیخین کو بھی شامل فرما لیا کہ آپ کو ان پر اعتماد کامل تھا حالانکہ وہ ہر دو وہاں اس وقت موجود بھی نہ تھے۔
و إنما قال ذلك رسول اللہ صلی اللہ علیه وسلم ثقة بهما لعلمه بصدق إیمانهما و قوة یقینهما و کمال معرفتهما بقدرة اللہ تعالیٰ (عینی)
یعنی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ اس لیے فرمایا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو ان ہر دوپر اعتماد تھا۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم ان کے ایمان اور یقین کی صداقت اور قوت سے واقف تھے اور جانتے تھے کہ ان کو بھی قدرت الٰہی کی معرفت بدرجہ کمال حاصل ہے اس لیے آپ نے اس ایمان میں ان کو بھی شریک فرما لیا۔
رضي اللہ عنهما و أرضاهما۔
حدیث کا دوسرا حصہ بھیڑیے سے متعلق ہے جو ایک بکری کو پکڑ کر لے جارہا تھا کہ چرواہے نے اس کا پیچھا کیا اور اللہ نے بھیڑیے کو انسانی زبان میں بولنے کی طاقت عطا فرمائی اور اس نے چرواہے سے کہا کہ آج تو تم نے اس بکری کو مجھ سے چھڑا لیا۔
مگر اس دن ان بکریوں کو ہم سے کون چھڑائے گا جس دن مدینہ اجاڑ ہو جائے گا۔
اور بکریوں کا چرواہا ہمارے سوا کوئی نہ ہوگا۔
قال القرطبي کأنه یشیر إلی حدیث أبي هریرة المرفوع یترکون المدینة علی خبر ما کان لا یغشاها إلا العوافي یرید السباع و الطیر۔
قرطبی نے کہا کہ اس میں اس حدیث کی طرف اشارہ ہے جو مرفوعاً حضرت ابوہریرہ ؓ سے مروی ہے کہ لوگ مدینہ کو خیریت کے ساتھ چھوڑ جائیں گے۔
واپسی پر دیکھیں گے کہ وہ سارا شہر درندوں، چرندوں اور پرندوں کا مسکن بنا ہوا ہے۔
اس بھیڑیے کی آواز پر بھی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اظہا رایمان فرماتے ہوئے حضرات صاحبین کو بھی شریک فرمایا۔
خلاصہ یہ کہ حضرت امام بخاری ؒ نے جو باب منعقد فرمایا تھا وہ حدیث بیل کے مکالمہ والے حصہ سے ثابت ہوتا ہے۔
یہ بھی معلوم ہوا کہ انسان جب سے عالم شعور میں آکر زراعت کی طرف متوجہ ہوا تو زمین کو قابل کاشت بنانے کے لیے اس نے زیادہ تر بیل ہی کا استعمال کیا ہے۔
اگرچہ گدھے، گھوڑے، اونٹ، بھینسے بھی بعض بعض ملکوں میں ہلوں میں جوتے جاتے ہیں۔
مگر عموم کے لحاظ سے بیل ہی کو قدرت نے اس خدمت جلیلہ کا اہل بنایا ہے۔
آج اس مشینی دور میں بھی بیل کے بغیر چارہ نہیں جیسا کہ مشاہدہ ہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 2324