🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: حدیث ہذا میں بیان کردہ واقعات اس وقت سے متعلق ہے جب کہ اسلام میں شراب، گانا...
حدیث حاشیہ:
حدیث ہذا میں بیان کردہ واقعات اس وقت سے متعلق ہے جب کہ اسلام میں شراب، گانا سننا حرام نہ ہوا تھا۔
بدر کے اموال غنیمت میں سے ایک جوان اونٹنی حضرت علی ؓ کو بطور مال غنیمت ملی تھی۔
اور ایک اونٹنی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو بطور صلہ رحمی اپنے خاص حصہ میں سے مرحمت فرما دی تھی۔
چنانچہ ان کا ارادہ ہوا کہ کیوں نہ ان اونٹنیوں سے کام لیا جائے۔
اور ان پر جنگل سے اذخر گھاس جمع کرکے لاد کر لائی جائے اور اسے بازار میں فروخت کیا جائے۔
تاکہ ضروریات شادی کے لیے جو ہونے ہی والی تھی کچھ سرمایہ جمع ہوجائے۔
اس کاروبار میں ایک دوسرے انصاری بھائی اور ایک بنی قینقاع کے سناربھی شریک ہونے والے تھے۔
حضرت علی ؓ ان ہی عزائم کے ساتھ اپنی ہر دو سواریوں کو لے کر اس انصاری مسلمان کے گھر پہنچے۔
اوراس کے دروازے پر جا کر ہر دو اونٹنیوں کو باندھ دیا۔
اتفاق کی بات ہے کہ اس انصاری کے اسی گھر میں اس وقت حضرت حمزہ ؓ شراب نوشی اور گانا سننے میں محو تھے۔
گانے والی نے جب ان اونٹنیوں کو دیکھا اور ان کی فربہی اور جوانی پر نظر ڈالی اور ان کا گوشت بہت ہی لذیذ تصور کیا تو اس نے عالم مستی میں حضرت حمزہ ؓ کو گاتے گاتے یہ مصرع بھی بنا کر سنا دیا جو روایت میں مذکور ہے۔
(پوار شعر یوں ہے)
ألا یا حمز للشرف النواء و هن معقلات بالفناء حمزہ! اٹھو یہ عمر والی موٹی اونٹیاں جو مکان کے صحن میں بندھی ہوئی ہیں، ان کو کاٹو، اور ان کا گوشت بھون کر کھاؤ اور ہم کو کھلاؤ۔
حضرت حمزہ ؓ پر مستی سوارتھی، شعر سنتے ہی فوراً تلوار لے کر کھڑے ہوئے اور عالم بے ہوشی میں ان ہر دو اونٹنیوں پر حملہ کر دیا اور ان کے کلیجے نکال کر، کوہان کاٹ کر گوشت کا بہترین حصہ کباب کے لیے لے آئے۔
حضرت علی ؓ نے یہ جگر خراش منظر دیکھا تو اپنے محترم چچا کا احترام سامنے رکھتے ہوئے وہاں ایک لفظ زبان پر نہ لائے بلکہ سیدھے آنحضر ت صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں پہنچے۔
اس وقت زید بن حارثہ ؓ بھی وہاں موجود تھے۔
چنانچہ آپ نے سار واقعہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو سنایا اور اپنی اس پریشانی کو تفصیل سے بیان کیا۔
جسے سن کر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم زید بن حارثہ ؓ اور آپ کو ہمراہ لے کر فوراً ہی موقع پر معائنہ فرمانے کے لیے چل کھڑے ہوئے اور حضرت حمزہ ؓ کے پاس پہنچے جو کہ ابھی تک شراب اور کباب کے نشہ میں چور تھے۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت حمزہ ؓ پر اظہار خفگی فرمایا مگر حمزہ کے ہوش و حواس شراب و کباب میں گم تھے۔
وہ صحیح غور نہ کرسکے بلکہ الٹا اس پر خود ہی اظہار خفگی فرمایا۔
اور وہ الفاظ کہے جو روایت میں مذکورہیں۔
مولانا فرماتے ہیں حضرت حمزہ اس وقت نشہ میں تھے۔
اس لیے ایسا کہنے سے وہ گنہگار نہیں ہوئے دوسرے ان کا مطلب یہ تھا کہ میں عبدالمطلب کا بیٹا ہوں اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے والد ماجد حضرت عبداللہ اور حضرت علی ؓ کے والد حضرت ابوطالب دونوں ان کے لڑکے تھے اور لڑکا گویا اپنے باپ کا غلام ہی ہوتا ہے۔
یہ حالات دیکھ کر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم خاموشی سے واپس لوٹ آئے۔
اس وقت یہی مناسب تھا۔
شاید حمزہ کچھ اور کہہ بیٹھتے۔
دوسری روایت میں ہے کہ ان کا نشہ اترنے کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے اونٹنیوں کی قیمت حضرت علی ؓ کو دلوائی۔
باب کا مطلب اس فقرے سے نکلتا ہے کہ ان پر اذخر گھاس لاد کر لاؤں، اذخر ایک خوشبودار گھاس ہے۔
(وحیدی)
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 2375