🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: ترجمہ باب اس سے نکلا کہ حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ اس شخص کو پکڑ کر آنحضرت...
حدیث حاشیہ:
ترجمہ باب اس سے نکلا کہ حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ اس شخص کو پکڑ کر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں لے گئے جب قرآن غلط پڑھنے پر پکڑ کر لے جانا درست ٹھہرا تو اپنے حق کے بدل بھی پکڑ کر لے جانا درست ہوگا جیسے پہلا امر ایک مقدمہ ہے ویسا ہی دوسرا بھی۔
آپ کا مطلب یہ تھا کہ ایسی چھوٹی باتوں میں لڑنا جھگڑنا، جنگ و جدل کرنا برا ہے۔
عبداللہ ؓ کو لازم تھا کہ اس سے دوسری طرح پڑھنے کی وجہ پوچھتے۔
جب وہ کہتا کہ میں نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے ایسا ہی سنا ہے تو آپ سے دریافت کرتے۔
اس حدیث سے ان متعصب مقلدوں کو نصیحت لینا چاہئے، جو آمین اور رفع یدین اور اسی طرح کی باتوں پر لوگوں سے فساد اور جھگڑا کرتے ہیں۔
اگر دین کے کسی کام میں شبہ ہو تو کرنے والے سے نرمی اوراخلاق کے ساتھ اس کی دلیل پوچھے۔
جب وہ حدیث یا قرآن سے کوئی دلیل بتلا دے بس سکوت کرے۔
اب اس سے معترض نہ ہو۔
ہر مسلمان کو اختیارہے کہ جس حدیث پر چاہے عمل کرے، بشرطیکہ وہ حدیث بالاتفاق منسوخ نہ ہو۔
اس حدیث سے یہ بھی نکلا کہ اختلاف یہ نہیں ہے کہ ایک رفع یدین کرے، دوسرا نہ کرے۔
ایک پکا رکر آمین کہے ایک آہستہ۔
بلکہ اختلاف یہ ہے کہ ایک دوسرے سے ناحق جھگڑے، اس کو ستائے۔
کیوں کہ آپ نے ان دونوں کی قراءتوں کو اچھا فرمایا۔
اور لڑنے جھگڑنے کوبرا کہا۔
و قال المظهري الاختلاف في القرآن غیر جائز لأن کل لفظ منه إذا جاز قراءته علی وجهین أو أکثر فلو أنکر أحد و أحد من ذینك الوجهین أو الوجوہ فقد أنکر القرآن ولا یجوز في القرآن بالرأي لأن القرآن سنة متبعة بل علیهما أن یسألا عن ذلك ممن هو أعلم منهما۔
(قسطلانی)
یعنی مظہری نے کہا کہ قرآن مجید میں اختلاف کرنا ناجائز ہے کیوں کہ اس کا ہر لفظ جب اس کی قرات دونوں طریقوں پر جائز ہو تو ان میں سے ایک قرات کا انکار کرنا یا دونوں کا انکار یہ سارے قرآن کا انکار ہوگا۔
اور قرآن شریف کے بارے میں اپنی رائے سے کچھ کہنا جائز نہیں ہے اس لیے کہ قرآن مجید مسلسل طور پر نقل ہوتا چلا آرہا ہے۔
پس ان اختلاف کرنے والوں کو لازم تھا کہ اپنے سے زیادہ جاننے والے سے تحقیق کرلیتے۔
الغرض اختلاف جو موجب شقاق و افتراق و فساد ہو وہ اختلاف سخت مذموم ہے اور طبعی اختلاف مذموم نہیں ہے۔
حدیث باب سے یہ بھی نکلا کہ دعویٰ اور مقدمات میں ایک مسلمان کسی بھی غیر مسلم پر اور کوئی بھی غیر مسلم کسی بھی مسلمان پر اسلامی عدالت میں دعویٰ کرسکتا ہے۔
انصاف چاہنے کے لیے مدعی اور مدعا علیہ کا ہم مذہب ہونا کوئی شرط نہیں ہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 2410