🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

علامہ سید بدیع الدین شاہ راشدی رحمہ اللہ
فوائد و مسائل : SA اعتراض : اور اگر کوئی کہے کہ یہاں تہجد مراد ہے نہ کہ تراویح۔...
فوائد و مسائل:
اعتراض: اور اگر کوئی کہے کہ یہاں تہجد مراد ہے نہ کہ تراویح۔
جواب: تو کہا جائے گا کہ قدیمی اصطلاح میں قیام رمضان تراویح ہی کو کہا جاتا تھا۔ [ملاحظه هو كتب فقه مثلاً هدايه وغيره]
اور یہاں جو عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے قیام رمضان کے متعلق دریافت کیا گیا تھا، اس سے مراد تراویح ہی ہے، جس کا جواب آپ نے یہ دیا کہ آپ گیارہ ہی پڑھتے تھے اور غیر رمضان کی قید لگانے سے یہ بات ظاہر کر دی گئی کہ جو آپ کا غیر رمضان میں تہجد تھا، وہی آپ کی رمضان میں تراویح تھیں۔

نیز صحیح ابن حبان اور صحیح ابن خزیمہ میں بھی ایک حدیث شریف مروی ہے جس سے بالکل واضح طور پر ثابت ہوتا ہے کہ آپ تراویح آٹھ ہی پڑھتے تھے۔ [صحيح ابن حبان 920، صحيح ابن خزيمه 1070، ابن منذر الاوسط 2606، طبراني جامع صغير: 1901] گو اس حدیث شریف کی سند میں ایک راوی بنام عیسٰی بن جاریہ واقع ہے اور اس کے متعلق کچھ جرحیں منقول ہیں لیکن حافظ ذہبی جو «من اهل استقراء التام في نقد الرجال» ہیں، انہوں نے اس حدیث شریف کے حق میں فرمایا ہے کہ «اسناده وسط» ۔ [ميزان الاعتدال 311/3]

باقی رہی وہ حدیث جو مصنف ابن ابی شیبہ وغیرہ میں ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم بیس رکعت تراویح پڑھتے تھے وہ بالکل ضعیف اور ناقابل اعتبار ہے اور اس کے متعلق:
◈ شیخ ابن ہمام حنفی نے یوں لکھا ہے کہ:
«واما ما روي ابن ابي شيبة والطبراني وعند البيهقي من حديث ابن عباس انه عليه الصلوة والسلام كان يصلي فى رمضان عشرين ركعة سوي الوتر فضعيف بابي شيبة ابراهيم بن عثمان متفق على ضعفه مع مالفته للصحيح» [فتح القدير: 467/1، علامه زيلعي نصب الرايه:153/2]
”ابن ابی شیبہ نے اپنے مصنف میں اور طبرانی نے اور بیہقی نے ابن عباس رضی اللہ عنہما سے جو روایت کی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم رمضان میں وتر کے علاوہ بیس رکعت پڑھتے تھے وہ حدیث ضعیف ہے، کیونکہ اس کی سند میں راوی ابوشیبہ ابراہیم بن عثمان واقع ہے جو بالاتفاق ضعیف ہے۔
↰ علاوہ ازیں یہ حدیث باوجود ضعیف ہونے کے صحیح حدیث (یعنی بخاری شریف کی مذکورہ حدیث شریف) کے مخالف بھی ہے۔“

اور لیجئیے فاروق اعظم عمر رضی اللہ عنہ کا فتویٰ
چنانچہ موطا امام مالک میں سائب بن یزید سے مروی ہے کہ:
«أمر عمر بن الخطاب أبي بن كعب وتميما الداري أن يقوما للناس بإحدى عشرة ركعة» [موطا امام مالك: 98]
”عمر رضی اللہ عنہ نے ابی بن کعب اور تمیم داری کو حکم دیا کہ لوگوں کو رمضان شریف میں گیارہ رکعت پڑھائیں۔“
معلوم ہوا کہ مسنون آٹھ ہی رکعتیں ہیں نہ اس سے کم نہ اس سے بیش۔
اہلحدیث کے امتیازی مسائل 46