🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: آنحضرت ﷺ نے گوہ (ساہنہ) کا ہدیہ قبول تو فرمالیا، مگر خود نہیں کھایا، کیوں کہ آپ...
حدیث حاشیہ:
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے گوہ (ساہنہ)
کا ہدیہ قبول تو فرمالیا، مگر خود نہیں کھایا، کیوں کہ آپ کو یہ مرغوب نہ تھا۔
ہاں آپ کے دسترخوان پر اسے صحابہ کرام ؓ نے کھایا جو اس کے حلال ہونے کی دلیل ہے مگر طبعی کراہیت سے کوئی اسے نہ کھائے تو وہ گنہگار نہ ہوگا، ہاں اسے حرام کہنا غلط ہے۔
المحدث الکبیر حضرت الاستاذ مولانا عبدالرحمن صاحب مبارک پوری ؒ فرماتے ہیں:
وذکر ابن خالویه أن الضب یعیش سبع مائة سنة وأنه لایشرب الماء و یبول في کل أربعین یوما قطرة ولا یسقط له سن و یقال بل أسنانه قطعة واحدة و حکی غیرہ أن أکل لحمه يذهب العطش۔
یعنی ابن خالویہ نے ذکر کیا ہے کہ گوہ (ساہنہ)
سات سو سال تک زندہ رہتی ہے اور وہ پانی نہیں پیتی اور چالیس دن میں صرف ایک قطرہ پیشاب کرتی ہے اور اس کے دانت نہیں گرتے بلکہ کہا جاتا ہے کہ اس کے دانت ایک ہی قطعہ کی شکل میں ہوتے ہیں اور بعض کا ایسا بھی کہنا ہے کہ اس کا گوشت پیاس بجھادیتا ہے۔
آگے حضرت مولانا فرماتے ہیں:
وقال النووي أجمع المسلمون علی أن الضب حلال لیس بمکروہ یعنی مسلمانوں کا اجماع ہے کہ گوہ (ساہنہ)
حلال ہے مکروہ نہیں ہے۔
مگر حضرت امام ابوحنیفہ ؒ کے اصحاب اسے مکروہ کہتے ہیں۔
ان حضرات کا یہ قول نصوص صریحہ کے خلاف ہونے کی وجہ سے ناقابل تسلیم ہے۔
ترمذی کی روایت عن ابن عمر ؓ میں صاف موجود ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
لاآکلهُ ولا أُحرمُهُ. نہ میں اسے کھاتا ہوں نہ حرام قرار دیتا ہوں۔
اس حدیث کے ذیل حضرت امام ترمذی ؒ فرماتے ہیں:
وقد اختلف أهل العلم في أکل الضب فرخص فیه بعض أهل العلم من أصحاب النبي صلی اللہ علیه وسلم و غیرهم وکرهه بعضهم و یروی عن ابن عباس أنه قال أکل الضب علی مائدة رسول اللہ صلی اللہ علیه وسلم وإنما ترکه رسول اللہ صلی اللہ علیه وسلم تقذرا۔
یعنی گوہ (ساہنہ)
کے بارے میں اہل علم نے اختلاف کیا ہے۔
پس اصحاب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میں سے بعض نے اس کے لیے رخصت دی ہے اور ان کے علاوہ دوسرے اہل علم نے بھی اور بعض نے اسے مکروہ کہا ہے اور حضرت ابن عباس ؓ سے مروی ہے کہ رسول کريم صلی اللہ علیہ وسلم کے دسترخوان پر گوہ (ساہنہ)
کا گوشت کھایاگیا مگر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے طبعی کراہیت کی بنا پر نہیں کھایا۔
حضرت مولانا مبارک پوری ؒ فرماتے ہیں:
وهو قول الجمهور وهو الراجح المعمول علیه۔
یعنی جمہور کا قول حلت ہی کے لیے ہے اور یہی قول راجح ہے جس پر فتویٰ دیاگیا ہے اور اس مسلک پر حضرت مولانا مرحوم نے آٹھ احادیث و آثار نقل فرمائے ہیں اور مکروہ کہنے والوں کے دلائل پر بطریق احسن تبصرہ فرمایا ہے۔
تفصیل کے لیے تحفۃ الاحوذی جلد: 3ص: 73,74 کا مطالعہ کیا جانا ضروری ہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 2575