🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ عمر فاروق سعیدی حفظہ اللہ
783۔ اردو حاشیہ : ان احادیث سے استدلال یہ ہے کہ قراءت کی ابتداء «الحمد الله رب العالمٰين» کے...
783۔ اردو حاشیہ:
ان احادیث سے استدلال یہ ہے کہ قراءت کی ابتداء «الحمد الله رب العالمٰين» کے الفاظ سے ہوتی تھی نہ کہ «بسم الله» کے الفا ظ سے مگر شوافع وغیرہ جو «بسم الله» جہر پڑھنے کے قائل ہیں، وہ ان احادیث کا مفہوم یہ بتاتے ہیں کہ اس سے مراد یہ ہے کہ قراءت کی ابتداء سورۃ فاتحہ سے ہوتی تھی نہ کہ کسی اور سورت سے اور بقول ان کے «بسم الله» ہر سورت کا جز ہے۔ مگر دلائل کو جمع کیا جائے تو ان سے «بسم الله» کو خامو شی سے پڑھنے کی جانب راحج ثابت ہوتی ہے۔ جیسے کہ صحیح بخاری، صحیح مسلم اور مسند احمد میں حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ یہ حضرات بسم اللہ جہراً نہ پڑھا کرتے تھے۔ [صحيح بخاري۔ حديث نمبر 743 وصحيح مسلم حديث 399۔ ومسند احمد 255/3۔ 298]
➋ ہر دو رکعت کے بعد «التحيات» تین یا چار رکعت والی نماز میں ہے، مگر وتر کے لئے بصراحت ثابت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جب تین یا پانچ رکعت وتر ایک ہی سلام سے پڑھتے۔ تو درمیان میں کوئی «التحيات» تشہد نہ پڑھتے، صرف آخری رکعت میں پڑھتے تھے۔
➌ ”شیطان کی چوکڑی“ سے مراد یہ ہے کہ آدمی اپنے سرین کو زمین پر رکھ لے، پنڈلیاں کھڑی کر لے اور ہاتھوں کو زمین پر رکھ لے، یہ ناجائز ہے۔ مگر «اقعاء» کی ایک دوسری صورت یہ ہے کہ اپنے سرین کو اپنی ایڑیوں پر رکھے، جبکہ پاؤں پنجوں پر کھڑے کیے ہوں۔ تو سجدوں کے درمیان یہ صورت جائز ہے۔
➍ ”درندوں کی طرح بیٹھنا“ اس سے مراد یہ ہے کہ سجدے میں اپنے ہاتھ زمین پر کہنی تک لمبے بچھا لے جیسے کے درندے بیٹھتے ہیں، یہ ناجائز ہے۔
سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی 783