🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: پہلا جہاد حضرت عثمان ؓکے زمانۂ میں (حضرت معاویہ ؓ کی قیادت میں) ۲۸ھ میں ہوا جس...
حدیث حاشیہ:
پہلا جہاد حضرت عثمان ؓکے زمانۂ میں (حضرت معاویہ ؓ کی قیادت میں)
۲۸ھ میں ہوا جس پر جزیرہ قبرص کے نصاریٰ پر چڑھائی کی گئی‘ اسی میں حضرت ام حرام ؓ شریک تھیں‘ واپسی میں یہ راستہ پر سواری سے گر کر شہید ہوگئیں۔
دوسرا جہاد ۵۵ھ میں بزمانہ حضرت معاویہ ؓ ہوا جس میں قسطنطنیہ پر حملہ کیا گیا تھا۔
حضرت ابو ایوب انصاری ؓ نے اسی میں شہادت پائی اور قسطنطنیہ ہی میں دفن کئے گئے۔
یہ لشکر یزید بن معاویہ کے زیر قیادت تھا۔
مگر خلافت حضرت معاویہ ؓ ہی کی تھی اس لئے اس سے یزید کی خلافت کی صحت پر دلیل پکڑنا غلط ہوا اور لشکر والوں کی بخشش کی جو بشارت دی گئی اس سے یہ لازم نہیں آتا کہ لشکر کا ہر ہر فرد بخشا جائے۔
خود آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ایک آدمی خوب بہادری سے لڑا تھا۔
آپ نے اس کے بارے میں فرمایا کہ وہ دوزخی ہے پس بہشتی اور دوزخی ہونے میں خاتمہ کا اعتبار ہے۔
(وحیدی)
نوٹ:
یہاں علامہ وحید الزماں کو ایک زبردست غلط فہمی ہوئی ہے۔
اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی پیشین گوئی کی بے جا تاویل کر ڈالی ہے۔
حالانکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو کہی ہوئی بات حرف بحرف پوری ہوتی ہے۔
نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ جو لشکر لڑ رہا تھا‘ ان سب کے جنتی ہونے کی پیشین گوئی آپ نے نہیں فرمائی تھی اور اس کے برعکس قسطنطنیہ کے سارے لشکریوں کے جنتی ہونے کی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پیشین گوئی فرمائی ہے۔
اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کو محدود کرنے کا اختیار کسی انسان کے پاس نہیں ہے۔
(محمود الحسن اسد)
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 2924