🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: اس آخری سند کے بیان کرنے سے حضرت امام بخاری ؒ کی غرض یہ ہے کہ عبید...
حدیث حاشیہ:
اس آخری سند کے بیان کرنے سے حضرت امام بخاری ؒ کی غرض یہ ہے کہ عبید اللہ سے سماع کی اس میں زہری نے تصریح کی ہے اور پہلی روایت میں اس کی صراحت نہیں ہے‘ بعض نسخوں میں یہاں اتنی عبارت زائد ہے۔
امام بخاری نے کہا‘ زہری اور ان کے ہم خیالوں کا یہی قول ہے کہ اثنائے رمضان میں سفر در پیش ہونے سے افطار درست نہیں اور چاہئے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے آخری فعل کو لیا جائے۔
یعنی آخر فعل آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کدید میں پہنچ کر افطار کرلیا۔
تو معلوم ہوا کہ اگر رمضان میں سفر پیش آئے تو افطار کرنا درست ہے اور یہ مسئلہ آیت قرآنی ﴿وَمَنْ کَانَ مَرِیْضًا اَوْ عَلٰی سَفَرٍ فَعِدَّۃً مِّنْ آیْامٍ اُخَرَ﴾ (البقرة: 175)
سے ثابت ہے۔
یہاں اس حدیث کو لانے سے حضرت مجتہد مطلق امام بخاریؒ کی غرض یہ ہے کہ جس شخص نے رمضان میں سفر مکروہ بتایا‘ اس کا قول صحیح نہیں۔
آج ۲۶ محرم ۹۱ھ کو دانا پور پٹنہ میں مخلصی و محبی حضرت حاجی عبدالغفار صاحب ٹیلر کے دولت کدہ پر نظر ثانی شروع کر رہا ہوں۔
اللہ پاک تمام کی توفیق بخشے۔
اور میرے محترم بھائی کو برکات دارین سے مزید در مزید نوازے۔
اور ان کے حسنات جاریہ کو قبول فرمائے آمین۔
۱۸ مارچ ۱۹۷۱ء
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 2953