🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: معلوم ہوا کہ حضرت عمر ؓنے اس جائداد کا انتظام حضرت علی ؓ اور حضرت عباس ؓ...
حدیث حاشیہ:
معلوم ہوا کہ حضرت عمر ؓنے اس جائداد کا انتظام حضرت علی ؓ اور حضرت عباس ؓ کے ہاتھوں میں دے دیا تھا۔
پھر بھی یہ حضرات یہ مقدمہ عدالت فاروقی میں لائے‘ تو آپ نے یہ توضیحی بیان دیا۔
رضي اللہ عنهم أجمعین۔
اس طویل روایت میں یہ ملحوظ رہے کہ حضرت فاطمہ ؓ کی ناراضگی ابو بکر ؓ سے وراثت کے مسئلہ پر نہیں ہوئی تھی کیونکہ یہ سب کو معلوم ہوگیا تھا کہ خود آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کی نفی پہلے ہی کردی تھی کہ انبیاءکی وراثت تقسیم نہیں ہوتی اورتمام صحابہ نے اسے مان بھی لیا تھا۔
خود حضرت فاطمہ ؓ‘ حضرت علی ؓ‘ یا حضرت عباس ؓسے بھی کسی موقعہ پر اس کی نفی منقول نہیں۔
بلکہ نزاع صرف اس مال کے انتظام و انصرام کے معاملہ پر ہوا تھا۔
یہی وجہ تھی کہ حضرت عمر ؓنے اس کا انتظام اہل بیت ؓ کے ہاتھ میں دے بھی دیا تھا۔
اس حدیث میں یہ بھی ہے کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد سیدہ فاطمہ ؓنے ابو بکر ؓ سے قطع تعلق کرلیا تھا اور اپنی وفات تک ناراض رہی تھیں۔
مشہور روایات میں اسی طرح ہے لیکن بعض روایات سے یہ ثابت ہے کہ جب فاطمہ ؓناراض ہوئیں تو حضرت ابو بکر صدیق ؓ ان کی خدمت میں پہنچے اور اس وقت تک نہیں اٹھے جب تک راضی نہیں ہوگئیں۔
معتبر مصنفین نے اس کی توثیق بھی کی ہے اور واقعہ یہ ہے کہ صحابہ کی زندگی خصوصاًحضرت ابو بکر ؓ کی سیرت سے یہی طرز عمل زیادہ جوڑ بھی کھاتا ہے۔
(تفہیم البخاری)
یہاں کوئی یہ اعتراض نہ کرے کہ جب آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا کہ ہم پیغمبروں کا کوئی وارث نہیں ہوتا اور ابو بکر صدیق ؓنے بھی اس حدیث کی بنا پر یہ جائداد حضرت فاطمہ ؓ کے حوالے نہیں کی‘ حالانکہ وہ ناراض بھی ہوئیں تو پھر حضرت عمر ؓ نے حدیث کے خلاف کیوں کیا اور حضرت صدیق ؓکے طریق کو کیوں موقوف کیا؟ اس کا جواب یہ ہے کہ حضرت عمر ؓنے اس جائداد کو تقسیم نہیں کیا‘ بلکہ اس کا انتظام کرنے والا حضرت علی ؓ اور حضرت عباس ؓ کو بنا دیا۔
حضرت عمر ؓکے لئے خلافت کے کام بہت ہوگئے تھے‘ ان جائدادوں کی نگرانی کی فرصت بھی نہ تھی۔
دوسرے حضرت علی ؓو عباس ؓ کوخوش کردینا بھی منظور تھا اورحضرت فاطمہ ؓ نے حضرت ابو بکرصدیق ؓ سے تقسیم کی درخواست کی تھی جو حدیث کے خلاف ہونے کی وجہ سے حضرت ابو بکر صدیق ؓنے منظور نہ کی۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 3094