🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: یہ حضرت زبیر بن عوام ؓ ہیں‘ کنیت ابو عبداللہ قریشی ہے۔ ان کی والدہ حضرت صفیہ...
حدیث حاشیہ:
یہ حضرت زبیر بن عوام ؓ ہیں‘ کنیت ابو عبداللہ قریشی ہے۔
ان کی والدہ حضرت صفیہ ؓ عبدالمطلب کی بیٹی اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی پھوپھی ہیں۔
یہ اور ان کی والدہ شروع ہی میں اسلام لے آئے تھے۔
جبکہ ان کی عمر سولہ سال کی تھی۔
یہ تمام غزوات میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ رہے۔
عشرہ مبشرہ میں سے ہیں۔
جنگ جمل میں شہید ہوئے‘ یہ جنگ حضرت عائشہ ؓ اور حضرت علی ؓ کے درمیان ماہ جمادی الاول 36ھ میں باب البصرہ میں ہوئی تھی۔
حضرت عائشہ ؓ اونٹ پر سوار تھیں اس لئے اس کا نام جنگ جمل رکھا گیا۔
لڑائی کی وجہ حضرت عثمان ؓ کا خون ناحق تھا۔
حضرت عائشہ قاتلین عثمان ؓ سے قصاص کی طلبگار تھیں۔
یہ جنگ اسی بنا پر ہوئی۔
اس حدیث کے ذیل مولانا وحیدالزماں مرحوم فرماتے ہیں۔
:
جنگ جمل36ھ میں ہوئی ‘ جو مسلمانوں کی خانہ جنگی کی بدترین مثال ہے‘ فریقین میں ایک طرف سربراہ حضرت علی ؓ تھے اور دوسری طرف حضرت عائشہ ؓ تھیں۔
حضرت زبیر ؓحضرت عائشہ ؓ کے ساتھ تھے۔
ہوایہ تھا کہ حضرت عثمان ؓ کے قاتل حضرت علی ؓ کے لشکر میں شریک ہوگئے تھے‘ حضرت عائشہ اور ان کے ساتھی یہ چاہتے تھے کہ وہ قاتلین عثمان فوراً ان کے حوالہ کردیئے جائیں تاکہ ان سے قصاص لیا جائے۔
حضرت علی یہ فرماتے تھے کہ جب تک اچھی طرح دریافت اورتحقیق نہ ہو میں کس طرح کسی کو تمہارے حوالہ کر سکتا ہوں کہ تم ان کا خون ناحق کرو۔
یہی جھگڑا تھا جو سمجھنے اورسمجھانے سے طے نہ ہوا۔
دونوں طرف والوں کو جوش تھا۔
آخر نوبت جنگ تک پہنچی‘ باقی خلافت کی کوئی تکرار نہ تھی۔
حضرت عائشہ ؓ کے ساتھ جو صحابہ رضی اللہ عنہ تھے وہ سب حضرت علی ؓ کی خلافت تسلیم کرچکے تھے۔
جب لڑائی شروع ہوئی تو حضرت علی ؓ نے حضرت زبیر ؓ کو بلا کر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث یاد دلائی کہ زبیر ایک دن ایسا ہوگا‘ تم علی ؓ سے لڑوگے اور تم ظالم ہوگے۔
حضرت زبیر ؓ یہ حدیث سنتے ہی میدان جنگ سے لوٹ گئے۔
راستے میں یہ ایک مقام پر سوگئے۔
عمروبن جرموز مردود نے وادی السباع میں سوتے ہوئے ان کو قتل کردیا اور ان کا سر حضر ت علی ؓ کے پاس لایا۔
حضرت علی ؓ نے فرمایا میں نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ہے کہ زبیر ؓ کا قاتل دوزخی ہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 3129