🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ عمر فاروق سعیدی حفظہ اللہ
821۔ اردو حاشیہ : ➊ سورہ فاتحہ کے بغیر نماز بالکل ناقص اور ناتمام رہتی ہے، جس کی تعبیر...
821۔ اردو حاشیہ:
➊ سورہ فاتحہ کے بغیر نماز بالکل ناقص اور ناتمام رہتی ہے، جس کی تعبیر دوسری احادیث میں کچھ یوں ہے:
«لا صلوة لمن لم يقرا بفاتحة الكتاب» [صحيح بخاري۔ حديث 756۔ وصحيح مسلم۔ حديث 394]
اسماعیلی کی روایت میں جناب سفیان سے مروی ہے:
«لا تجزي صلوة لايقرا فيها بفاتحة الكتاب» [سنن دار قطني۔ حديث 1212]
”جس نماز میں سورت فاتحہ نہ پڑھی جائے وہ کافی نہیں ہوتی“
فتح الباری، ابن خذیمہ، ابن حبان اور احمد میں ہے:
«لا تقبل صلوة لا يقرا فيها بام القران» (فتح الباری۔ شرح حدیث 756)
جس نماز میں ام القرآن فاتحہ نہ پڑھی جائے، وہ قبول نہیں ہوتی، اس قسم کے مختلف الفاظ ثابت کرتے ہیں کہ سورہ فاتحہ نماز کا رکن ہے۔ اس کا پڑھنا فرض اور واجب ہے۔ الا یہ کہ کوئی پڑھنے سے عاجز ہو۔
➋ اس حکم میں تمام قسم کی نمازیں (فرض، نفل، جنازہ، عید اور کسوف وغیرہ) اور تمام طرح کے نمازی (منفرد، امام، مقتدی، حاضر اور مسافر) شامل ہیں۔
➌ نفس میں پڑھنا اس سے مراد آواز نکالے بغیر زبان سے پڑھنا ہے، صرف ان الفاظ کا خیال اور تصور صحیح نہیں، اسے کسی طرح قراءت (پڑھنا) نہیں کہا جاتا۔ نیز یہ مسئلہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کا مذہب اور رائے محض نہیں۔ بلکہ ان کا استدلال صریح اور صحیح فرمان نبوی سے ہے۔
➍ سورہ فاتحہ کو نماز سے تعبیر کرتے ہوئے صرف اسی کی تقسیم کی گئی ہے اور اس تقسیم میں بسم اللہ کو شمار نہیں کیا گیا ہے۔ یہ دلیل ہے کہ بسم اللہ سورۃ فاتحہ کا جزو نہیں ہے۔
➎ امام کے پیچھے ہونے کا اشکال آج کا نیا اشکال نہیں ہے بلکہ تابعین کے دور سے ہے، مگر حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے اس کے پڑھنے کا فتویٰ اور اس کی دلیل پیش فرما کر تمام اوہام کا ازالہ فرما دیا ہے۔
نیز آیت کریمہ:
«وَإِذَا قُرِئَ الْقُرْآنُ فَاسْتَمِعُوا لَهُ وَأَنصِتُوا» [اعراف۔ 104]
”جب قرآن پڑھا جائے تو خاموشی سے سنو“ کا مفہوم بھی واضح کر دیا کہ آہستہ سے پڑھو یعنی آواز نہ نکاؤ، اس میں انصات بھی ہے اور قرأت پر عمل بھی، نیز حضرت عبادہ رضی اللہ عنہ کی حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «لا تفعلوا الا بام القران» یعنی ”امام کے پیچھے سورۃ فاتحہ کی قرأت کرو۔“
➏ سورۃ فاتحہ نماز کی سب رکعات میں پڑھی جائے، جیسا کہ حضرت خلاد بن رافع رضی اللہ عنہ کی حدیث «مسئي الصلواة» میں آیا کہ «ثم افعل ذلك فى صلوتك كلها» ”اور پوری نماز میں ایسا ہی کرو۔“ [صحيح بخاري۔ حديث 793وصحيح مسلم حديث 397]
سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی 821