🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: حضرت عمر ؓ کی شہادت کا واقعہ بہت ہی دل دوز ہے۔ حضرت مغیرہ ؓ کے عجمی...
حدیث حاشیہ:
حضرت عمر ؓ کی شہادت کا واقعہ بہت ہی دل دوز ہے۔
حضرت مغیرہ ؓ کے عجمی غلام ابولولو نامی مردود نے تین ضرب اس خنجر زہر آلود کے لگائے جس کو اس نے تیار کیا تھا، حضرت عمر نے ہاتھ سے اشارہ کیا اور فرمایا اس کتے کو پکڑلو اس نے مجھے مارڈالا۔
ہوا یہ تھا کہ مردود بڑا کاریگر تھا، لوہار بھی تھا، نقاش بھی اور بڑھئی بھی۔
مغیرہ نے اس پر سودرہم ماہانہ جزیہ کے مقرر کئے تھے۔
اس نے حضرت عمر ؓ سے شکایت کی کہ میرا جزیہ بہت بھاری ہے، اس میں کچھ تخفیف کی جائے۔
حضرت عمر ؓنے کہا کہ جب تو اتنا ہنر جانتا ہے تو ہر مہینے سودرہم تجھ پر زیادہ نہیں ہیں۔
اس پر اس مردود کو غصہ آیا۔
ایک بار حضرت عمر ؓ کو راستے میں ملا۔
حضرت عمر پوچھا:
میں نے سنا ہے کہ تو ہوا کی چکی بناسکتا ہے۔
اس نے کہا میں تمہارے لیے ایک ایسی چکی بناؤں گا جس کا لوگ ہمیشہ ذکر کرتے رہیں گے۔
حضرت عمر ؓ نے یہ سن کر اپنے ساتھیوں سے کہا کہ اس غلام نے مجھ کو ڈرایاہے۔
چند ہی راتوں کے بعد اس مردود نے یہ کیا۔
مسلم نے معدان سے نکالا کہ حضرت عمر ؓ نے شہادت سے پہلے خطبہ سنایا۔
فرمایا کہ ایک مرغ نے مجھ کو تین چونچیں ماریں خواب میں اور میں سمجھتاہوں میری موت آپہنچی چنانچہ زخمی ہونے کے کئی دنوں بعد آپ کا انتقال ہوگیااور حضرت صہیب ؓ نے ان پر نماز پڑھائی۔
قبر میں کہتے ہیں ابوبکر ؓ کا سر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے کاندھے کے برابر ہے اور حضرت عمر ؓ کا سر آپ کے پاؤں کے برابر۔
بہر حال تینوں صاحب حضرت عائشہ ؓ کے حجرہ میں مدفون ہیں جن کی قبروں کا مقام اب تک ہمہ طور پر محفوظ ہے اور قیامت تک ان شاء اللہ محفوظ رہے گا۔
باقی صحابہ اور اہل بیت اور ازواج مطہرات بقیع میں مدفون ہیں۔
مگر بقیع میں کئی بار طوفان اور بارش اور واقعات کی وجہ سے قبروں کے نشان مٹ گئے۔
اندازے سے بعض لوگوں نے گنبد وغیرہ بنادیئے تھے۔
ان کے مقامات یقینی طور سے محفوظ نہیں ہیں۔
اتنا تو یقین ہے کہ یہ سب بزرگ بقیع مبارک میں ہیں۔
رہے نام اللہ کا۔
ان فرضی گنبدوں کو سعودی حکومت نے ختم کردیا ہے۔
أیّدہ اللہ بنصرہ العزیز۔
حضرت عمر ؓ نے خلافت کا مسئلہ طے کرنے کے لیے جو جماعت نامزد فرمائی اس میں اپنے صاحبزادے عبداللہ ؓ کو صرف بطور مشاہد حاضر رہنے کے لیے کہا۔
یعنی عبداللہ کے لیے اتنا بھی جو کہا کہ وہ مشورہ وغیرہ میں تمہارے ساتھ شریک رہے گا۔
یہ بھی ان کو تسلی دینے کے لیے۔
وہ اپنے والد کے سخت رنج میں تھے۔
اتنا فرماکر گویا کچھ ان کے آنسو پونچھ دیئے۔
طبری اور ابن سعد وغیرہ نے روایت کیا۔
ایک شخص نے کہا عبداللہ کو خلیفہ کردیجئے۔
حضرت عمر ؓ نے کہا اللہ تجھ کو تباہ کرے۔
میں حق تعالیٰ کو کیا منہ دکھاؤں گا، سبحان اللہ! پاک نفسی اور انصاف کی حد ہوگئی۔
ایسے لائق اور فاضل بیٹے کا وہ بھی مرتے وقت ذرا بھی خیال نہ کیا اور جب تک زندہ رہے عبداللہ کو اسامہ بن زید سے بھی کم معاش دیتے رہے، صحابہ نے سفارش بھی کی کہ عبداللہ اسامہ سے کم نہیں ہیں جن لڑائیوں میں اسامہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ شریک ہوئے ہیں عبداللہ بھی شریک ہوئے ہیں۔
فرمایا کہ اسامہ کے با پ کو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم عبداللہ کے باپ سے زیادہ چاہتے تھے تو میں نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کو اپنی محبت پر مقدم رکھا۔
عبداللہ حضرت عمر ؓ کی ساری خلافت میں کمی معاش اور کثرت اہل وعیال سے پریشان رہے مگر ایک گاؤں کی تحصیلداری یا حکومت ان کو نہ دی۔
آخر پریشان ہوکر صوبہ یمن کے حاکم کے پاس گئے۔
ان سے اپنی تکلیف کا حال بیان کیا۔
انہوں نے بیان کیا کہ تم جانتے ہو جیسے تمہارے والد سخت آدمی ہیں، میں بیت المال سے تو ایک پیسہ بھی تم کو نہیں دے سکتا۔
البتہ روپیہ مدینہ روانہ کرنا ہے۔
تم ایسا کرو اس کا کپڑا یہاں خرید لو اور مدینہ پہنچ کر مال بیچ کر اصل روپیہ اپنے والد کے پاس داخل کردو اور نفع تم لے لو تو عبداللہ نے اسی کو غنیمت سمجھا۔
جب مدینہ آئے، حضرت عمر ؓ کو خبر پہنچی تو فرمایا اصل اور نفع دونوں بیت المال میں داخل کرو۔
یہ مال تمہارے باپ کا نہ تھا۔
صحابہ نے بہت سفارش کی کہ آخریہ اتنی دور سے آئے ہیں اور پیسہ اپنی حفاظت میں لائے ہیں، ان کو کچھ اجرت ملنی چاہیے اور ہم سب راضی ہیں کہ آدھا نفع دیا جائے۔
اس وقت حضرت عمر ؓ نے کہا کہ خیر تمہاری مرضی میں تو یونہی انصاف سمجھتا ہوں کہ کل نفع بیت المال میں داخل کردیا جائے۔
افسوس صد افسوس جو شیعہ حضرت عمر ؓ کو براکہتے ہیں۔
اگر ذرا اپنے گریبان میں منہ ڈالیں تو سمجھ لیں کہ حضرت عمر ؓ کی ایک ایک بات ایسی ہے جو ان کی فضیلت اور معدلت اور حق شناسی کی کافی اور روشن دلیل ہے۔
ومن لم یجعل اللہ له نورا فماله من نور (خلاصہ وحیدی)
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 3700