🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: ان روایات میں حضرت ابوذرؓ راوی کا نام باربار آیا ہے۔ یہ مشہور صحابی ابوذر غفاری ؓ...
حدیث حاشیہ:
ان روایات میں حضرت ابوذرؓ راوی کا نام باربار آیا ہے۔
یہ مشہور صحابی ابوذر غفاری ؓ ہیں جن کا نام جندب اور لقب مسیح الاسلام ہے۔
قبیلہ غفار سے ہیں۔
یہ عہد جاہلیت ہی میں موحد تھے۔
اسلام لانے والوں میں ان کا پانچواں نمبر ہے۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی خبر لینے کے لیے انہوں نے اپنے بھائی کوبھیجا تھا۔
بعد میں خود گئے اور بڑی مشکلات کے بعد دربار رسالت میں باریابی ہوئی۔
تفصیل سے ان کے حالات پیچھے بیان کئے جا چکے ہیں۔
31ھ میں بمقام ربذہ ان کاانتقال ہوا، جہاں یہ تنہا رہا کرتے تھے۔
جب یہ قریب المرگ ہوئے تو ان کی زوجہ محترمہ رونے لگیں اور کہنے لگیں کہ آپ ایک صحرا میں اس حالت میں سفر آخرت کررہے ہیں کہ آپ کے کفن کے لیے یہاں کوئی کپڑا بھی نہیں ہے۔
فرمایا، رونا موقوف کرو اور سنو! رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک مرتبہ فرمایا تھا کہ میں صحرا میں انتقال کروں گا۔
میری موت کے وقت مسلمانوں کی ایک جماعت صحرا میں میرے پاس پہنچ جائے گی۔
لہذا تم راستے پر کھڑی ہو کر اب اس جماعت کا انتظار کرو۔
یہ غیبی امداد حسب ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ضرور آرہی ہوگی۔
چنانچہ ان کی اہلیہ صاحبہ ؓ گزرگاہ پر کھڑی ہوگئیں۔
تھوڑے ہی انتظار کے بعد دور سے کچھ سوار آتے دکھائی دیئے۔
انہوں نے اشارہ کیا وہ ٹھہر گئے اور معلوم ہونے پر یہ سب حضرت ابوذر ؓ کی عیادت کو گئے جن کو دیکھ کر حضرت ابوذر ؓ کو بہت خوشی ہوئی اور انہوں نے ان کو حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی مذکورہ بالا پیش گوئی سنائی، پھر وصیت کی کہ اگر میری بیوی کے پاس میرے کفن کے لیے کپڑا نکلے تو اسی کپڑے میں مجھ کو کفنانا اورقسم دلائی کی تم میں جو شخص حکومت کا ادنی عہدیدار بھی ہو وہ مجھ کونہ کفنائے۔
چنانچہ اس جماعت میں صرف ایک انصاری نوجوان ایسا ہی نکلا اور وہ بولا کہ چچا جان! میرے پاس ایک چادر ہے اس کے علاوہ دوکپڑے اور ہیں جو خاص میری والدہ کے ہاتھ کے کتے ہوئے ہیں۔
ان ہی میں آپ کو کفناؤں گا۔
حضرت ابوذر ؓ نے خوش ہو کرفرمایا کہ ہاں تم ہی مجھ کو ان ہی کپڑوں میں کفن پہنانا۔
اس وصیت کے بعد ان کی روح پاک عالم بالا کو پرواز کر گئی۔
اس جماعت صحابہ ؓ نے ان کو کفنایا دفنایا۔
کفن اس انصاری نوجوان نے پہنایا اور جنازہ کی نماز حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ نے پڑھائی۔
پھر سب نے مل کر اس صحرا کے ایک گوشہ میں ان کو سپر خاد کردیا۔
رضي اللہ عنهم (مستدرك حاکم، ج: 3، ص: 346)
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 3968