🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: عدی بن حاتم ؓ قبیلہ طے میں سے تھے۔ ان کے باپ وہی حاتم طائی ہیں جن...
حدیث حاشیہ:
عدی بن حاتم ؓ قبیلہ طے میں سے تھے۔
ان کے باپ وہی حاتم طائی ہیں جن کا نام سخاوت میں مشہور عالم ہے۔
حضرت عمر ؓ سے عد ی ؓ نے اپنا تعارف کرایا جس کا جواب حضرت عمرؓ نے وہ دیا جو روایت میں مذکور ہے۔
اس پر عدی ؓ نے کہا کہ جب آپ میرا حال جانتے ہیں اور میری قدر پہچانتے ہیں تو اب مجھ کو کوئی اس کا رنج نہیں ہے کہ پہلے اور لوگوں کو بلایا مجھ کو نہیں بلایا۔
عدی بن حاتم ؓ پہلے نصرانی تھے، ان کی بہن کو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے سوار پکڑ لائے۔
آپ نے ان کو خاندانی اعزاز کی بنا پر مفت آزاد کر دیا۔
اس کے بعد بہن کے کہنے پر عدی بن حا تم ؓ خدمت نبوی میں حاضر ہوئے اور مسلمان ہوگئے۔
حضرت حافظ ابن حجر ؒ نے عدی بن حاتم کا نسب نامہ سبا تک پہنچایا ہے جو کسی زمانہ میں یمن کی ملکہ تھی۔
آگے حافظ صاحب فرماتے ہیں۔
وَأَخْرَجَ مُسْلِمٌ مِنْ وَجْهٍ آخَرَ عَنْ عَدِيِّ بْنِ حَاتِمٍ قَالَ أَتَيْتُ عُمَرَ فَقَالَ إِنَّ أَوَّلَ صَدَقَةٍ بَيَّضَتْ وَجْهَ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَوُجُوهَ أَصْحَابِهِ صَدَقَةُ طَيء جِئْتُ بِهَا إِلَى النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَزَادَ أَحْمَدُ فِي أَوَّلِهِ أَتَيْتُ عُمَرَ فِي أُنَاسٍ مِنْ قَوْمِي فَجَعَلَ يُعْرِضُ عَنِّي فَاسْتَقْبَلْتُهُ فَقُلْتُ أَتَعْرِفُنِي فَذَكَرَ نَحْوَ مَا أَوْرَدَهُ الْبُخَارِيُّ وَنَحْوَ مَا أَوْرَدَهُ مُسْلِمٌ جَمِيعًا (فتح)
یعنی حضرت عمر ؓ نے فرمایاکہ سب سے پہلا صدقہ جسے دیکھ کر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کرام ؓ کا چہرہ خوشی سے چمکنے لگ گیا وہ قبیلہ طے کا پیش کردہ تھا جسے میں خود لے کر خدمت نبوی میں حاضر ہوا تھا۔
امام احمد نے اس کے اول میں یہ زیادہ کیا ہے کہ میں اپنی قوم میں حضرت عمر ؓ کے پاس آیا تو آپ نے مجھ سے منہ پھیر لیا پھر میں آپ کے سامنے ہوگیا۔
اور میں نے وہ کہا جو روایت میں مذکو ر ہے۔
جسے بخاری اور مسلم ہردو نے وارد کیا ہے۔
حضرت عمر ؓ کا منہ پھیر نا صرف اس لیے تھا کہ یہ حضرت تو میرے جانے پہچانے ہیں۔
اس وقت نوواردوں کی طرف توجہ ضروری ہے۔
اس سے حضرت عدی بن حاتم ؓ کی حضرت عمر ؓ کی نگاہوں میں بڑی وقعت ثابت ہوئی۔
رضي اللہ عنهم أجمعین۔
حضرت عدی بن حاتم شعبان 7ھ میں خدمت نبوی میں آئے اور بعد میں کوفہ میں سکونت اختیار کی۔
جنگ جمل میں حضرت علی ؓ کے ساتھ تھے۔
67ھ میں کو فہ میں بعمر ایک سو بیس سال انتقال فرمایا۔
ان کا باپ حاتم طائی سخاوت کے لیے مشہور زمانہ گذرا ہے۔
لفظ طائی قبیلہ طے کی نسبت ہے۔
خاتمہ:
بعونہ تعالی پچھلے سال سری نگر میں 1972۔
8۔
25 کو اس پارے کی تسوید کے لیے قلم ہاتھ میں لیا تھا سا ل بھر سفرو حضر میں اس خدمت کو انجام دیا گیا اور آج غریب خانہ پر قیام کی حالت میں اس کی تسوید کا کام مکمل کررہا ہوں۔
بلا مبالغہ ترجمہ ومتن وتشریحا ت کو بڑے غور و فکر کے بعد قید کتابت میں لایا گیا ہے۔
اور بعد میں بکرات ومرات ان پر نظر ڈالی گئی ہے پھر بھی سہو اور لغزش کاامکان ہے جس کے لیے میں علماءفن وماہرین کی طرف سے اصلاح کے لیے بصد شکریہ منتظرر رہوں گا۔
قارئین کرام وہمدردان عظام سے بصد ادب گذارش ہے کہ وہ بوقت مطالعہ مجھ نا چیز کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں تاکہ یہ خدمت مکمل ہوسکے جو میری زندگی کا مقصد وحید ہے۔
جسے میں نے اپنا اوڑھنا بچھونا بنا رکھا ہے۔
جن حضرات کی ہمدردیاں اور دعائیں میرے شامل حال ہیں، ان سب کا بہت بہت مشکور ہوں اوران سب کے لیے دعا گوہوں کہ اللہ پاک اپنے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم کے پاکیزہ کلام کی برکت سے ہم سب کو دونوں جہانوں کی بر کتوں سے نوازے۔
خاص طور پر اس دنیا سے جانے کے بعد اس صدقہ جاریہ کو ہم سب کے لیے باعث نجات بنائے اور قیامت کے دن آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی شفاعت کبری ہم سب کو نصیب کرے۔
یا اللہ! جس طرح یہاں تک تونے مجھکو پہنچایا ہے۔
اسی طرح سے آخر تک تو ہم کو اس خدمت کی تکمیل کی توفیق دی جیو اور قلم کو لغزش سے بچائیو کہ سب کچھ تیرے ہی اختیار میں ہے۔
وما توفیقي إلا باللہ العلي العظیم وصلی اللہ علی خیر خلقه محمد و علی آله وأصحابه أجمعین برحمتك یا أرحم الراحمین خادم حدیث نبوی محمد داؤد راز ولد عبداللہ السلفی موضع رہپوہ ڈاک خانہ پنگواں ضلع گوڑ گاؤں (ہریانہ) (30-12-73)
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 4394