🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: غزوئہ تبوک کی وجہ یہ ہوئی کہ رسول کریم ﷺ کو یہ خبرپہنچی تھی کہ روم کے...
حدیث حاشیہ:
غزوئہ تبوک کی وجہ یہ ہوئی کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ خبرپہنچی تھی کہ روم کے نصاریٰ مسلمانوں سے لڑنے کی تیاری کررہے ہیں اور عرب کے بھی کئی قبائل لخم جذام وغیرہ کو وہ اپنے ساتھ ملا رہے ہیں۔
یہ خبر سن کر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے خود پیش قدمی کرنے کا فیصلہ فرمایا تاکہ نصاریٰ کو مسلمانوں کی تیاریوں کا علم ہوجائے اور وہ خود لڑائی کا خیال چھوڑ دیں اور جنگ نہ ہونے پائے۔
اس جنگ میں حضرت عثمان ؓ نے دو سو اونٹ معہ سامان کے مسلمانوں کے لیے پیش فرمائے تھے۔
جس پرآنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے خوش ہوکر فرمایا کہ اب عثمان ؓ جیسے بھی عمل کریں ان کے لیے رضائے الٰہی واجب ہوچکی ہے۔
روایت میں حضرت علی ؓ کی فضیلت کا بھی ذکر ہے۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو اپنے لیے ایسا ہی معاون قرار دیا جیسے حضرت ہاروں ؑ حضرت موسیٰ ؑ کے معاون تھے۔
اس سے حضرت علی ؓ کی خلافت بلا فصل پر دلیل پکڑنا غلط ہے۔
کیونکہ حضرت ہارون ؑ کو موسوی خلافت نہیں ملی۔
وہ حضر ت موسیٰ ؑ سے پہلے ہی انتقال کرچکے تھے۔
حضرت موسیٰ ؑ نے صرف طور پر جاتے وقت حضرت ہاروں ؑ کو اپنا جانشین بنایا تھا۔
ایسا ہی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے جنگ تبوک میں جاتے وقت حضرت علی ؓ کو مدینہ میں اپنا جانشین بنایا۔
بس اس مماثلت کا تعلق صرف اسی حد تک ہے۔
ا س ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کا مفہوم خود حضرت علی ؓ نے بھی یہ نہیں سمجھا تھا جو شیعہ حضرات نے سمجھا ہے۔
اگر حضرت علی ؓ ایسا سمجھتے تو خود کیونکر حضرت ابوبکر ؓ کے دست حق پر بیعت کرکے ان کو خلیفہ برحق سمجھتے۔
حدیث ھذا سے یہ بھی ثابت ہوا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم آخری نبی ہیں۔
آپ کے بعد رسالت ونبو ت کا سلسلہ قیامت تک کے لیے بند ہوچکا ہے۔
اب جو بھی کسی بھی قسم کی نبوت کا دعویٰ کرے وہ جھوٹا دجال ہے، خواہ وہ کیسی ہی اسلام دوستی کی بات کرے، وہ غدار ہے مکار ہے۔
تخت نبوت کا باغی ہے۔
ہر کلمہ گو مسلمان کا فرض ہے کہ ایسے مدعی کا منہ توڑمقابلہ کر کے ناموس رسالت کے تحفظ کے لیے اپنی پوری پوری جد وجہد کرے۔
اس دور آخر میں فرقہ قادیانیہ ایک ایسا ہی باطل پر ست فرقہ ہے جو پنجاب کے قصبہ قادیان کے ایک شخص مسمیٰ مرزاغلام احمد کے لیے نبوت کا مدعی ہے اور جس نے دجل ومکر پھیلانے میں ہو بہو دجال کی نقل کی ہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 4416