🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: ایمان اور عزم و حوصلہ کی بات ہے کہ جب مسلمانوں میں یہ چیزیں خوب ترقی پر...
حدیث حاشیہ:
ایمان اور عزم و حوصلہ کی بات ہے کہ جب مسلمانوں میں یہ چیزیں خوب ترقی پر تھيں، ان کا ایک ایک فرد دس دس پر غالب آتا تھا اور جب ان میں کمی ہو گئی تو مسلمانوں کی قوت میں بھی فرق آگیا۔
اللہ تعالیٰ کابہت بڑا فضل وکرم ہے کہ آج پارہ نمبر18 کی تسوید سے فراغت حاصل کر رہا ہوں۔
اس سال خصوصیت سے بہت سے افکار و ہموم کا شکار رہا۔
صحت نے بہت کافی حد تک مایوسی کے درجہ پر پہنچادیا۔
مالی وجانی نقصانات نے کمر ہمت کو توڑ کر رکھ دیا، پھر بھی دل میں یہی لگن رہی کہ حالات کچھ بھی ہوں۔
بہر حال و بہر صورت خدمت بخاری شریف کو انجام دینا ہے۔
کاتب بخاری مولانا محمد حسن لداخی مرحوم کی وفات حسرت آیات سے بہت کم امید تھی کہ یہ نیک سلسلہ حسب منشا چل سکے گا۔
مگراللہ پاک نے مخلصین کی دعاؤں کو قبول کیا اور مرحوم مولانا لداخی کی جگہ میرے پرانے دوست بھائی مولانا عبد الخالق صاحب خلیق بستوی کاتب دل وجان سے اس خدمت کے لیے تیار ہو گئے۔
الحمد للہ یہ پارہ حضرت مولانا موصوف ہی کی قلم کا لکھا ہوا ہے۔
میری دعا ہے کہ اللہ پاک مجھ کو اور میرے سارے کاتب حضرات کو تندرستی کے ساتھ یہ خدمت مکمل کرنے کی سعادت عطا کرے۔
یہ پارہ زیادہ تر کتاب التفسیر پر مشتمل ہے۔
امام المحدثین حضرت امام بخاری ؒ نے اس میں مختلف الفاظ اور آیات کا انتخاب فرما کر ان کے معانی ومطالب اور شان نزول وغیرہ سلفی طرز پر بیان فرمائے ہیں۔
جن سے ہم جیسے قرآن مقدس کے طالب علموں کو بہت سی قیمتی معلومات حاصل ہو سکتی ہیں۔
خادم نے ترجمہ و تشریحات میں اختصار کو ملحوظ رکھا ہے۔
پھر بھی اس پارے کی ضخامت کافی ہو گئی ہے۔
اس ہوش ربا گرانی کے زمانے میں مسلسل اس خدمت کو انجام دینا کوئی آسان کام نہیں ہے۔
دماغی و ذہنی کد و کاوش مطالعہ کتب تراجم وشروح پھر کاتبوں اور مطابع کے چکر کاٹنے اور موجودہ گرانی کا مقابلہ کرنا یہ سارے حالات بہت ہی ہمت شکن ہیں۔
مگر مخلصین کی دعاؤں کا سہارا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے کرم خاص سے یہاں تک پہنچا دیا۔
سہواً کچھ نہ کچھ اغلاط ضرور ملیں گی۔
اس لیے میں اپنے قدر دانوں سے معافی مانگنے کے ساتھ معزز علمائے کرام سے با ادب درخواست کروں گا کہ اصلاح فرما کر مجھ کو تہ دل سے شکر ادا کرنے کا موقع دیں اور مجھ نا چیز کو دعاؤں میں یاد رکھیں کہ میں بقایا خدمت باحسن طریق انجام دے سکوں جس کے لیے ابھی کافی وقت اور سرمایہ کی ضرورت ہے۔
یااللہ محض تیری رضا حاصل کرنے کے لیے تیرے حبیب رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے فرامین عالیہ کی یہ قلمی خدمت انجام دے رہا ہوں تو اس حقیر خدمت کو قبول فرماکر میرے اور میرے جملہ ہمدردان کرام کے لیے ذریعہ سعادت دارین بنائیو اور میرے بعد بھی اس تبلیغی سلسلہ کو جاری رکھوا کر اس صدقہ جاریہ کو دوام بخش دیجؤ۔
آمین ربنا تقبل منا إنك أنت السمیع العلیم و صلی اللہ علیٰ رسوله الکریم والحمد للہ رب العالمین۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 4653