🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ عمر فاروق سعیدی حفظہ اللہ
968۔ اردو حاشیہ : ➊ تشہد کے تمام صیغوں میں یہ صیغے صحیح ترین ہیں۔ ➋ «التحيات» «تحيه» کی...
968۔ اردو حاشیہ:
➊ تشہد کے تمام صیغوں میں یہ صیغے صحیح ترین ہیں۔
➋ «التحيات» «تحيه» کی جمع ہے اور ا س کے معنی ہیں: سلامتی، بقا، عظمت، بے عیب ہونا اور ملک و ملکیت۔ اور بقول علامہ حطابی و بغوی یہ لفظ تعظیم کے تمام تر معانی پر مشتمل ہے۔
«الصلواة» «صلاة» کی جمع ہے۔ یعنی عبادت، رحمت، دعایئں اسی سے مخصوص ہیں۔
«الطيبات» «طيبة» کی جمع ہے۔ یعنی ذکر، اذکار، اعمال صالح اور اچھی باتیں۔ ایک قول یہ بھی ہے کہ «التحيات» سے قولی عبادات «الصلواة» سے فعلی عبادات اور «الطيبات» سے مالی عبادات مراد ہیں۔ دیکھیے: [نيل الاوطار۔ 311۔ 213/2]
➌ «السلام عليك ايهاالنبي ورحمة الله» میں غائب کی بجائے صیغہ خطاب کا ورود نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیم ہے اور اس کی حقیقی حکمت اللہ ہی بہتر جانتا ہے۔ بظاہر یوں ہے کہ جب بندہ اللہ تعالیٰ کے لئے اپنے تحیات پیش کرتا ہے، تو اسے یاد دلایا گیا ہے کہ یہ سب کچھ تمہیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعے سے ملا ہے۔ اس لئے بندہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے ذہن میں مستحضر کر کے آپ کو صیغہ خطاب سے سلام پیش کرتا ہے۔ کچھ لوگوں کا اصرار ہے کہ ان الفاظ میں براہ راست رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو سنوانا مقصود ہے۔ یہ خیال برحق اور درست نہیں ہے کیونکہ اس انداز میں خطاب ہمیشہ سنوانے کے لئے نہیں ہوتا اور اس کی دلیل سنن نسائی کی درج زیل حدیث ہے۔ حضرت ابورافع بیان کرتے ہیں۔ «كان رسول الله صلى الله عليه وسلم اذا صلى العصر ذهب الي بني عبد الاشهل فيتحدث عندهم حتي ينحدر للمغرب قال ابورافع فبينما النبى الله صلى الله عليه وسلم يسرع الي المغرب مررنا بالبقيع فقال اف لك اف لك قالز فكبر ذلك فى ذرعي فاستاخرت وظننت انه يريدني فقال . . . ما لك؟ امش . فقلت احدث حدث قال ما ذلك؟ قلت اففت بي قال لاولكن هذا فلان بعثته ساعيا على بيني فلان فغل نمرة فلرع الان مثلها من نار» [سنن نسائي۔ الامامة۔ حديث 863]
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم عصر کے بعد قبیلہ بنو عبدالاشھل کے پاس جاتے اور گفتگو میں مشغول رہتے تھے حتیٰ کے مغرب کے قریب واپس تشریف لاتے۔ ابورافع کہتے ہیں کہ ایک دن نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نماز مغرب کے لئے جلدی جلدی تشریف لا رہے تھے اور ہم بقیع کے پاس سے گزر رہے تھے، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔ افسو س ہے، تجھ پر افسوس ہے، تجھ پر۔ ابورافع کہتے ہیں کہ اس پر مجھے گرانی محسوس ہوئی اور میں پیچھے ہو گیا۔ میں نے سمجھاکہ شاید آپ میرا ارادہ فرما رہے ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کیا ہوا؟ آگے چلو۔ میں نے عرض کیا: حضرت کیا کوئی بات ہوئی ہے؟ فرمایا: کیا ہوا ہے؟ میں نے کہا: آپ نے مجھ پر افسوس کا اظہا ر فرمایا ہے۔ فرمایا: نہیں، اس فلاں شخص کو میں نے فلاں قبیلے کے پاس عامل بنا کر بھیجا تھا تو اس نے مال میں سے ایک دھاری دارچادر چھپا لی۔ چنانچہ اب اسے اس طرح آگ کی چادر پہنائی گئی ہے۔

اس حدیث میں جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اس کا منظر دیکھایا گیا۔ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس پر صیغہ خطاب سے افسوس کا اظہار فرمایا۔ اس طرح نیا چاند یکھنے کی دعا میں ہے۔ «اللهم اهله علينا بالامن والايمان والسلامة والاسلام ربي وربك الله» [مستدك حاكم۔ 285/4۔ حديث۔ 7767]
اے اللہ! . . . اے چاند! میرا اور تیرا رب اللہ ہے۔ یہاں چاند کو سنوانا مقصود نہیں بلکہ تعلیم نبی صلی اللہ علیہ وسلم ہے۔ الغرض تشہد میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے صیغہ خطاب اسماع (سنوانے) کے لئے نہیں۔ بلکہ تعلیم نبی کی بنا پر ہے۔ «والله اعلم»
اگر سنوانا مقصود ہوتا تو حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ اور حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا وغیرہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد سلام کے صیغہ خطاب کو صیغہ غیب سے ہرگز تبدیل نہ کرتے اور «السلام على النبى صلى الله عليه وسلم» نہ پڑھتے اور نہ اس کی تعلیم دیتے۔ دیکھئے: [صحيح بخاري۔ حديث۔ 6265]
➍ لفظ «فليقل» ”چاہیے کہ کہے“ سے استدلال ہے کہ تشہد پڑھنا واجب ہے۔
➎ سلام سے پہلے دین و دنیا کی حاجات کی طلب بھی مستحب ہے اور یہ دعا کا بہترین وقت اور مقام ہے۔
سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی 968