🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ عمر فاروق سعیدی حفظہ اللہ
1000۔ اردو حاشیہ : ➊ نماز میں ظاہراً و باطناً خشوع و خضوع کا اہتمام کرنا واجب ہے۔ لایعنی...
1000۔ اردو حاشیہ:
➊ نماز میں ظاہراً و باطناً خشوع و خضوع کا اہتمام کرنا واجب ہے۔ لایعنی حرکات ناجائز اور حرام ہیں۔ نماز اسی طرح ادا کرنی چاہیے جیسے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے پڑھ کر دیکھائی اور صحابہ کرام رضوان اللہ عنہم اجمعین نے سیکھی ہے۔
➋ مذکورہ بالا حدیث صحیح مسلم حدیث فواد: [656] ، دارالسلام: [968] اور سنن نسائی حدیث [1327] میں بھی آئی ہے۔ اور صحیح حدیث ہے اور ان معروف دلائل میں سے ایک ہے جو برادران احناف رکوع کے رفع الیدین کے رد و انکار میں بڑے اعتماد سے پیش کرتے ہیں۔ حالانکہ امام ابوداؤد، امام مسلم اور امام نووی اسے سلام کے باب میں لائے ہیں اور صحیح استدلال یہ ہے کہ تشہد میں سلام کے موقع پر ہاتھوں سے اشارہ کرنا منع ہے کیونکہ اس حدیث میں اسی موقع پر ہاتھوں کے ساتھ اشارہ کر کے سلام کرنے سے روکا گیا ہے، نہ کہ مطلقاً ہاتھ اٹھانے (رفع الیدین کرنے) سے، امام بخاری رحمہ اللہ جزء رفع الیدین میں فرماتے ہیں کہ (رکوع کے رفع الیدین کے انکار میں) کچھ علماء کا حدیث جابر بن سمرۃ رضی اللہ عنہ سے استدلال صحیح نہیں ہے، یہ درحقیقت تشہد کی بات ہے نہ کہ قیام کی، کیونکہ کچھ لوگ ایک دوسرے پر ہاتھ اٹھا کر سلام کیا کرتے تھے۔ تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں تشہد میں ہاتھ سے اشارہ کرنے سے منع فرمایا۔ اور جس آدمی کو علم کا کوئی حصہ ملا ہے۔ وہ اس حدیث کو (رکوع کے رفع الیدین کے انکار کی) دلیل نہیں بنا سکتا۔ یہ حدیث مشہور و معروف ہے، اس میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔ اگر ایسی بات ہوتی جیسا کہ ان کا مزعومہ استدلال ہے (کہ ہاتھ اٹھانے مطلقاً منع ہیں) تو پہلی تکبیر تحریمہ اور تکبیرات عید میں بھی رفع الیدین ممنوع ہوتا کیونکہ حدیث میں کسی بھی رفع الیدین کا استثنیٰ نہیں ہے۔ اور جناب مسعر کی روایت میں آیا ہے کہ نمازی کو چاہیے اپنا ہاتھ اپنی ران پر رکھے، پھر سلام کہے (امام بخاری رحمہ اللہ فرماتے ہیں) ایسے لوگوں کو اللہ سے ڈرنا چاہیے کہ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر ایسی باتیں بناتے ہیں، جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے نہیں فرمائی ہیں۔ اللہ عزوجل کا فرمان ہے:
«فَلْيَحْذَرِ الَّذِينَ يُخَالِفُونَ عَنْ أَمْرِهِ أَن تُصِيبَهُمْ فِتْنَةٌ أَوْ يُصِيبَهُمْ عَذَابٌ أَلِيمٌ» [النور۔ 63]
”ایسے لوگوں کو ڈرنا چاہیے جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی مخالفت کرتے ہیں کہیں انہیں کوئی فتنہ نہ آ لے یا کسی دردنا ک عذاب میں نہ مبتلا ہو جایئں۔“ انتہیٰ۔ اور ظاہر ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ثابت شدہ سنت کی تحقیر اس کا مذاق اور اس کا انکار اپنی دنیا اور عاقبت خراب کرنے والی بات ہے۔ «اللهم ارنا الحق حقا وارزقنا اتباعه وارنا الباطل باطلا وارزقنا اجتنابه»
سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی 1000