🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری رحمہ اللہ
لغوی تشریح : «شَقَّ » ”شین “پر فتحہ کے ساتھ ۔ صیغہ معلوم ہے ۔ «بَصَرُهُ » اس کی آنکھ...
لغوی تشریح:
«شَقَّ» ‏‏‏‏ ”شین“پر فتحہ کے ساتھ۔ صیغہ معلوم ہے۔
«بَصَرُهُ» ‏‏‏‏ اس کی آنکھ۔
رفعی صورت میں یہ شق کا فاعل ہے جب کہ اسے فعل لازم مانا جائے۔
اور نصبی حالت میں یہ مفعول ہے۔ اس صورت میں یہ متعدی ہو گا اور اس کا فاعل پوشیدہ ضمیر ہے جو ابوسلمہ کی طرف راجع ہے، یعنی ابوسلمہ کی آنکھ کھلی ہوئی تھی۔ اور آنکھ کا کھلا رہ جانا موت سے کنایہ ہے کیونکہ میت کی نظر اس کی طرف لوٹتی نہیں بلکہ کھلی کی کھلی رہ جاتی ہے۔
«فَاَغُمَضَهُ» ‏‏‏‏ آپ نے اسے بند کر دیا، یعنی آنکھ کے پپوٹوں کو آپس میں ملا دیا۔
«قُبِضَ» ‏‏‏‏ صیغہ مجہول ہے۔
«فَضَجَّ» ‏‏‏‏ اس میں فاتعقیب کے لیے ہے، یعنی پھر اہل خانہ نے اس کی موت کا سن کر گھبراہٹ اور پریشانی سے رونا اور چیخنا شروع کر دیا۔ شاید یہ لوگ دور جاہلیت کی طرح «وَاوَيْلَاه» اور «وَاثُبُورَاه» کہہ رہے تھے، اس لیے آپ صلى اللہ علیہ وسلم نے انہیں تلقین فرمائی کہ ایسے نہ کہو بلکہ اچھی اور خیر کی دعا کرو کرو کیونکہ فرشتے تمہارے لیے آمین کہتے ہیں۔
«تُؤَمْنُ» ‏‏‏‏ تامین سے ہے، یعنی آمین کہتے ہیں۔
«وَافْسَحَ» ‏‏‏‏ وسیع و کشادہ فرما دے۔
«نَوّرُ» تنویر سے امر کا صیغہ ہے، یعنی اس کے لیے اس کی قبر میں نور پیدا فرما دے۔
«وَاخْلُفْهُ» ‏‏‏‏ باب «نَصْرَ يَنْصُرُ» سے یعنی اس کا نائب و قائم مقام ہو جا۔ ایسا قائم مقام جو اس کی تمام ضروریات پوری فرما دے۔
«فِيِ عَقِبِه» ‏‏‏‏ ”عین“ پر فتحہ اور ”قاف“کے نیچے کسرہ ہے۔ اور عقبہ سے اس جگہ اس کے پیچھے رہنے والے مراد ہیں، یعنی اے اللہ! مرنے والے نے اپنے پیچھے دنیا میں اہل و عیال اور اولاد وغیرہ میں سے جو کچھ چھوڑا ہے تو اس کا نائب و محافظ بن جا۔

فوائد و مسائل:
➊ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ مرنے والے کی روح جسد خاکی سے جب پرواز کر جائے تو اس کی آنکھیں عموماً کھلی رہ جاتی ہیں، انہیں فوراً بند کر دینا چاہیے کیونکہ جسم ٹھنڈا ہونے کے بعد آنکھ کا بند ہونا دشوار ہو جاتا ہے۔ آنکھیں کھلی رہیں تو مردے سے دہشت و وحشت آنے لگتی ہے۔
➋ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ مرنے والے کے اہل و عیال اور اعزہ و اقرباء کو اس کے پاس ہونا چاہیے تاکہ مرنے سے پہلے اگر وہ کوئی بات یا نصیحت کرے تو اس کے گواہ بن سکیں۔
➌ اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا مرنے والے کے لیے نماز جنازہ سے پہلے مغفرت و بخشش کی دعا کی جا سکتی جیسا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ابوسلمہ رضی اللہ عنہ کے لیے دعا فرمائی، مگر اس موقع پر ہاتھ اٹھانا اور اجتماعی دعا کرنا ثابت نہیں۔

وضاحت:
حضرت ابوسلمہ رضی اللہ عنہ
ان کا نام عبداللہ بن عبدالاسد مخزومی قرشی ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پھوپھی زاد بھائی ہیں۔ آپ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرت حمزہ رضی اللہ عنہ دونوں کے رضاعی بھائی ہیں۔ ابولہب کی آزاد کردہ لونڈی ثوبیہ نے انہیں اپنا دودھ پلایا۔ اپنی اہلیہ ام سلمہ رضی اللہ عنہا کے ساتھ حبشہ کی طرف ہجرت کی۔ غزوہ بدر میں شریک ہوئے۔ غزوہ احد میں زخمی ہوئے۔ زخم پہلے درست ہو گیا مگر پھر خراب ہو گیا اور 4 ہجری میں جمادی الاولیٰ کی تین تاریخ کو وفات پائی۔ حضرت ابوسلمہ رضی اللہ عنہ کی وفات کے بعد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے شوال میں ام سلمہ رضی اللہ عنہا کو حرم نبوی میں داخل فرما لیا۔
بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری 430