🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری رحمہ اللہ
لغوی تشریح : «مُعَلَّقةٌ » «تَعٰلِيق» (باب تفعيل ) سے ماخوذ ہے ، یعنی جن نعمتوں اور انعامات کا...
لغوی تشریح:
«مُعَلَّقةٌ» ‏‏‏‏ «تَعٰلِيق» (باب تفعيل) سے ماخوذ ہے، یعنی جن نعمتوں اور انعامات کا وہ مستحق ہوتا ہے وہ اس کے لیے بند کر دی جاتی ہیں، نہ اس کی نجات کا فرمان جاری کیا جاتا ہے اور نہ اس کی ہلاکت کا۔
«بِدَيُنِهِ» ‏‏‏‏ ”دال“پر فتحہ ہے۔ قرض اور ہر وہ چیز جس کا ادا کرنا مرنے والے کے ذمے واجب ہو۔
«‏‏‏‏حَتّٰي يُقْضٰي عَنْهُ» صیغہ مجہول ہے، یعنی تاوقتیکہ وہ قرض اس کی جانب سے ادا کر دیا جائے۔
فوائد و مسائل:
➊ اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ حقوق العباد مرنے والے سے معاف نہیں ہوتے تاوقتیکہ جس کا حق تھا وہ اسے ازخود معاف نہ کر دے یا کوئی دوسرا اس کی طرف سے ادا نہ کر دے۔ اسی طرح قرض کا بار اور بوجھ میت کے ذمے رہتا ہے جب تک کہ اس کی طرف سے ادا نہ ہو جائے، خواہ کوئی رشتہ ادا کرے یا احباب و رفقاء میں سے کوئی شخص یا ریاست اپنے شہری کی حیثیت سے اس کا قرض ادا کر دے۔ اس سے ذرا اس بات کا اندازہ لگائیں کہ یہ مال تو مرنے والے نے مالک کی رضا مندی سے واپسی کی نیت سے لیا تھا، جب تک اس کی ادائیگی نہیں ہوتی میت اسی قرض سے معلق رہتی ہے اور جن لوگوں نے دوسروں کی کوئی چیز یا مال فریب، دھوکے سے یا ڈاکا ڈال کر حاصل کیا ہو گا، ان کا کیا حشر ہو گا؟
➋ اگر مرنے والے نے اپنے پیچھے اتنا مال چھوڑا ہو کہ اس سے اس کا قرض ادا ہو سکتا ہو تو وارث سب سے پہلے اس کے مال میں سے قرض کی ادائیگی کے پاپند ہیں۔ اگر وہ مفلس و غریب تھا کہ ترکے میں ادائیگی قرض کے بقدر نہیں چھوڑا تو پھر اسلامی ریاست اس کے قرض ادا کرنے کی پاپند ہو گی۔ چنانچہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جو شخص مال چھوڑ کر مرے تو وہ مال اس کے وارثوں کا حق ہے اور جو کوئی قرض چھوڑ جائے، اس کی ذمہ داری ہم پر ہے۔“ [صحيح البخاري الاسقراض، حديث: 2398۔ وصحيح مسلم، الفرائض، حديث 1619]
اور کبھی یوں فرمایا: ”اس کی ذمہ داری اللہ اور اس کے رسول پر ہے۔“ [سنن ابن ماجه، ابواب الفرائض، حديث 2738]
اس سے معلوم ہوا کہ قرض کی معافی نہیں کیونکہ یہ حقوق العباد سے متعلق ہے۔
بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری 433