🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: آدم تا ایں دم خدائے پاک کے وجود برحق کو ماننے والی جتنی قومیں گزرچکی ہیں یا...
حدیث حاشیہ:
آدم تا ایں دم خدائے پاک کے وجود برحق کو ماننے والی جتنی قومیں گزرچکی ہیں یا موجود ہیں ان سب میں دعا کا تصور وتخیل وتعامل موجود ہے۔
موحد قوموں نے ہر قسم کی نیک دعاؤں کا مرکز اللہ پاک رب العالمین کی ذات واحد کو قرار دیا اور مشرکین اقوام نے اس صحیح مرکز سے ہٹ کر اپنے دیوتاؤں، اولیاء، پیروں، شہیدوں، قبروں، بتوں کے ساتھ یہ معاملہ شروع کر دیا۔
تاہم اس قسم کے تمام لوگوں کا دعا کے تصور پر ایمان رہا ہے اور اب بھی موجود ہے۔
اسلام میں دعاء کو بہت بڑی اہمیت دی گئی ہے، پیغمبر اسلام علیہ صلوٰۃ والسلام فرماتے ہیں الدعاءُ مُخُّ العِبَادةِ یعنی عبادت کا اصلی مغز دعاء ہی ہے۔
اس لئے اسلام میں جن جن کاموں کو عبادت کا نام دیا گیا ہے ان سب کی بنیاد از اول تا آخر دعاؤں کا ایک بہترین گل دستہ ہے۔
روزہ، حج کا بھی یہی حال ہے۔
زکوٰۃ میں ....دینے والے کے حق میں نیک دعا سکھلا کر بتلا یا گیا ہے کہ اسلام کا اصل مدعا جملہ عبادات سے دعا ہے چنانچہ خود آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے۔
الدعاءُ ھو العِبَادةُ ثم قرأ ﴿وَقَالَ رَبُّكُمُ ادْعُونِي أَسْتَجِبْ لَكُمْ﴾ (رواہ أحمد وغیرہ)
یعنی دعا عبادت ہے بلکہ ایک روایت کے مطابق دعاؤں میں وہ غضب کی قوت رکھی گئی ہے کہ ان سے تقدیریں بدل جاتی ہیں۔
(موصوف مترجم کا اشارہ شاید اس حدیث کی طرف ہے کہ اگر کوئی چیز تقدیر وقضاء سے سبقت لے جا سکتی ہے تو یہ دعا تھی لیکن اس کا وہ مطلب نہیں جو موصوف نے لیا ہے اس میں تو واضح طور پر یہ بتایا جا رہا ہے کہ دعا میں بڑی تاثیر ہے جو کسی دوا میں بھی نہیں لیکن یہ تقدیر نہیں بدل سکتی گویا یوں کہئے کہ مومن کا آخری ہتھیار دعا ہے جو تریاق مجرب ہے اگر اس پر حاوی ہے تو صرف قدر وقضاء (عبدالرشید تونسوی)
اس لئے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے خاص تاکید فرمائی کہ فعلیکم عبادَ اللہ بالدعاءِ رواہ الترمذي یعنی اے اللہ کے بندو! بالضرور دعا کو اپنے لئے لازم کر لو۔
ایک روایت میں ہے کہ جو شخص اللہ سے دعا نہیں مانگتا سمجھ لو وہ خدا کے غضب میں گرفتار ہے اور فرمایا کہ جس کے لئے دعا بکثرت کرنے کا دروازہ کھول دیا گیا سمجھ لو اس کے لئے رحمت الٰہی کے دروازے کھل گئے اور بھی بہت سی روایات اس قسم کی موجود ہیں۔
پس اہل ایمان کا فرض ہے کہ اللہ پاک سے ہر وقت دعا مانگنا اپنا عمل بنا لیں۔
قبولیت دعا کے لئے قرآن وسنت کی روشنی میں کچھ تفصیلات ہیں، اس مختصر مقالہ میں ان کو بھی سر سری نظر سے ملاحظہ فرما لیجئے تاکہ آپ کی دعا بالضرور قبول ہوجائے۔
(1)
دعا کرتے وقت یہ سوچ لینا ضروری ہے کہ اس کا کھانا پینا اس کا لباس حلال مال سے ہے یا حرام سے، اگر رزق حلال و صدق مقال و لباس طیب مہیا نہیں ہے تو دعا سے پہلے ان کو مہیا کرنے کی کوشش کرنی ضروری ہے۔
(2)
قبولیت دعا کے لئے یہ شرط بڑی اہم ہے کہ دعا کرتے وقت اللہ برحق پر یقین کامل ہو اور ساتھ ہی دل میں یہ عزم بالجزم ہو کہ جو وہ دعا کررہا ہے وہ ضرور قبول ہوگی رد نہیں کی جائے گی۔
(3)
قبولیت دعا کے لئے دعا کے مضمون پر توجہ دینا بھی ضروری ہے۔
اگر آپ قطع رحمی کے لئے ظلم وزیادتی کے لئے یا قانون قدرت کے برعکس کوئی مطالبہ اللہ کے سامنے رکھ رہے ہیں تو ہر گز یہ گمان نہ کریں کہ اس قسم کی دعائیں بھی آپ کی قبول ہوں گی۔
(4)
دعا کرنے کے بعد فوراً ہی اس کی قبولیت آپ پر ظاہر ہو جائے، ایسا تصور بھی صحیح نہیں ہے، بہت سی دعائیں فوراً اثر دکھاتی ہیں بہت سی کافی دیر کے بعد اثر پذیر ہوتی ہیں۔
بہت سی دعا بظاہر قبول نہیں ہوتیں مگر ان کی برکات سے ہم کسی آنے والی آفت سے بچ جاتے ہیں اور بہت سی دعائیں صرف آخرت کے لئے ذخیرہ بن کر رہ جاتی ہیں۔
بہر حال دعا بشرائط بالا کسی حال میں بھی بیکار نہیں جاتیں۔
(5)
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے آداب دعا میں بتلایا ہے کہ اللہ کے سامنے ہاتھوں کو ہتھیلیوں کی طرف سے پھیلا کر صدق دل سے سائل بن کر دعا مانگوفرمایا:
”تمہارا رب کریم بہت ہی حیادارہے اس کو شرم آتی ہے کہ اپنے مخلص بندے کے ہاتھوں کو خالی واپس کر دے، آخرمیں ہاتھوں کو چہرے پرمل لینا بھی آداب دعا سے ہے۔
(آداب دعا سے ہے کہنے کی بجائے یوں کہا جائے کہ جائز ہے بغیر ملے اگر نیچے گرا دیے جائیں تب بھی آداب دعا میں شامل ہے۔
(عبد الرشیدتونسوی) (6)
پیٹھ پیچھے اپنے بھائی مسلمان کے لئے دعا کر نا قبولیت کے لحاظ سے فوری اثر رکھتا ہے۔
مزید یہ کہ فرشتے ساتھ میں آمین کہتے ہیں اور دعا کرنے والے کو دعا دیتے ہیں کہ خدا تم کو بھی وہ چیز عطا کرے جو تم اپنے غائب بھائی کے لئے مانگ رہے ہو۔
(7)
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ پانچ قسم کے آدمیوں کی دعا ضرور قبو ل ہوتی ہے۔
مظلوم کی دعا، حاجی کی دعا جب تک وہ واپس ہو، مجاہد کی دعا یہاں تک کہ وہ اپنے مقصد کو پہنچے۔
مریض کی دعا یہاں تک کہ وہ تندرست ہو، پیٹھ پیچھے اپنے بھائی کے لئے دعا ئے خیر جو قبولیت میں فوری اثر رکھتی ہے۔
(8)
ایک دوسری روایت کی بنا پر تین دعائیں ضرور قبول ہوتی ہیں۔
والدین کا اپنی اولاد کے حق میں دعا کرنا، مظلوم کی دعا بعض روایت کی بنا پر روزہ دار کی دعا اورامام عادل کی دعا بھی فوری اثر دکھلاتی ہے۔
مظلوم کی دعا کے لئے آسمانوں کے دروازے کھل جاتے ہیں اور بارگاہ احدیت سے آواز آتی ہے کہ مجھ کو قسم ہے اپنے جلال کی اور عزت کی میں ضرور تیری مدد کروں گا اگرچہ اس میں کچھ وقت لگے۔
(9)
کشادگی، بے فکری فارغ البالی کے اوقات میں دعاؤں میں مشغول رہنا کمال ہے، ورنہ شدائد ومصائب میں تو سب ہی دعا کرنے لگ جاتے ہیں اولاد کے حق میں بددعا کرنے کی ممانعت ہے اسی طرح اپنے لئے یا اپنے مال کے لئے بھی بددعا نہ کرنی چاہئے۔
(10)
دعا کرنے سے پہلے پھر اپنے دل کا جائزہ لیجئے کہ اس میں سستی غفلت کا کوئی داغ دھبہ تونہیں ہے۔
دعا وہی قبول ہوتی ہے جو دل کی گہرائی سے صدق نیت سے حضور قلب ویقین کا مل کے ساتھ کی جائے۔
یہ چند باتیں بطور ضروری گذارشات کے ناظرین کے سامنے رکھ دی گئی ہیں۔
امید بلکہ یقین کامل ہے کہ بخاری شریف کا مطالعہ فرمانے والے بھائی بہن سب اپنے اس حقیر ترین خادم کو بھی اپنی دعا میں شریک رکھیں گے اور اگر کہیں بھول چوک نظر آئے تو اس سے مخلصانہ طور پر مطلع کریں گے، یا اپنے دامن عفو میں چھپا لیں گے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 6411