🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری رحمہ اللہ
فوائد و مسائل : ➊ اس روایت کی سند میں محمد بن عبداللہ بن عقیل ضعیف راوی ہے، جو...
فوائد و مسائل:
➊ اس روایت کی سند میں محمد بن عبداللہ بن عقیل ضعیف راوی ہے، جو حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے بیان کرتا ہے، البتہ اگلی حدیث اس کی موید اور شاہد ہے جیسا کہ ہمارے فاضل محقق نے اس طرف تحقیق و تخریج میں اشارہ کیا ہے، لہٰذا مذکورہ روایت سنداً ضعیف ہونے کے باوجود دیگر شواہد کی بنا پر قابل حجت اور قابل عمل ہے۔ بنابریں اس روایت اور آئندہ آنے والی روایت دونوں سے ثابت ہوا کہ نماز جنازہ کی پہلی تکبیر کے بعد سورہ فاتحہ پڑھنا مسنون ہے، اب یہ کہنا کہ قرأت کی نیت سے نہ پڑھے بلکہ صرف دعا کی نیت سے پڑھے، محض ایسی تاویل ہے جس کی کوئی شرعی دلیل نہیں۔
➋ سنن نسائی کی ایک روایت میں سورہ فاتحہ کے ساتھ ایک اور سورت پڑھنے کا ذکر بھی مروی ہے۔ [سنن النسائي، الجنائز، باب الدعاء، حديث: 1989]
امام شافعی رحمہ الله اور امام احمد رحمہ الله کے نزدیک تو سورہ فاتحہ کا نماز جنازہ میں پڑھنا واجب ہے۔ اور بعض حضرات اس کی مشروعیت کے قائل نہیں۔ مگر اس کی عدم مشروعیت پر کوئی صحیح دلیل نہیں۔
بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری 455