🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری رحمہ اللہ
لغوی تشریح : «أَسْتَفْتِيهِ» میں نے آپ سے فتویٰ پوچھا۔ «رَكْضَةٌ» چوک مارنا وغیرہ۔ «فَتَحَيَّضِي سِتَّةَ أَيَّامٍ أَوْ سَبْعَةَ...
لغوی تشریح:
«أَسْتَفْتِيهِ» میں نے آپ سے فتویٰ پوچھا۔
«رَكْضَةٌ» چوک مارنا وغیرہ۔
«فَتَحَيَّضِي سِتَّةَ أَيَّامٍ أَوْ سَبْعَةَ أَيَّامٍ» یہ اس بات کا اعلان ہے کہ کچھ عورتوں کو حیض چھ روز آتا ہے اور کچھ کو سات روز۔ اس سلسلے میں عورت کو اپنی ہم عمر اور ہم مزاج عورتوں کی طرف رجوع کرنا چاہیے۔
«فَإِذَا اسْتَنْقَأْتِ» جب تو پاک صاف ہو جائے۔
«صُومِي وَ صَلِّي» روزہ رکھ اور نماز پڑھ، فرضی ہو یا نفلی، جو جی میں آئے۔
«وَهُوَ أَعْجَبُ الْأَمْرَيْنِ إِلَيَّ الأمرين» سے مراد ہر نماز کے لیے الگ الگ وضو کرنا اور دن رات میں تین مرتبہ نہانا اور غسل کرنا ہے، یعنی میرے نزدیک پسندیدہ عمل شب و روز میں تین مرتبہ غسل کرنا ہے۔

فوائد و مسائل:
➊ اس حدیث میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدہ حمنہ بنت جحش رضی اللہ عنہا کو دن رات میں تین مرتبہ غسل کرنے کا حکم دیا، ایک ظہر اور عصر کے لیے، دوسرا مغرب اور عشاء کے لیے اور تیسرا نماز فجر کے لیے۔
➋ اس سے پہلی حدیث میں فاطمہ بنت ابی حبیش رضی اللہ عنہا کو ہر نماز کے لیے وضو کا حکم دیا ہے۔ اس سے صاف معلوم ہوتا ہے کہ استحاضے کے مرض میں مبتلا عورت پر غسل واجب نہیں ہے، البتہ ہر نماز کے لیے ازسر نو وضو ضرور فرض ہے۔ غسل بس مستحب ہے، وہ بھی صحت اور موسم اگر ساتھ دیں ورنہ چنداں ضرورت نہیں۔

راویٔ حدیث: (سیدہ حمنہ بنت جحش رضی اللہ عنہا) دونوں اسموں کے پہلے حرف پر فتحہ اور دوسرا ساکن ہے۔ یہ ام المؤمنین سیدنا زینب بنت جحش رضی اللہ عنہا کی بہن تھیں۔ پہلے یہ سیدنا مصعب بن عمیر رضی اللہ عنہ کی زوجیت میں تھیں۔ غزوہ احد میں سیدنا مصعب رضی اللہ عنہ شہید ہو گئے تو یہ سیدنا طلحہ بن عبیداللہ رضی اللہ عنہ کی زوجیت میں آ گئیں۔
بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری 119