🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: اس حدیث سے امام بخاری ؒ نے یہ نکالا کہ حیض والی طواف نہ کرے جو ترجمہ...
حدیث حاشیہ:
اس حدیث سے امام بخاری ؒ نے یہ نکالا کہ حیض والی طواف نہ کرے جو ترجمہ باب کا ایک مطلب تھا کیونکہ حیض والی عورت کو جب نماز کے مقام سے الگ رہنے کا حکم ہوا تو کعبہ کے پاس جانا بھی اس کو جائز نہ ہوگا۔
بعضوں نے کہا باب کا دوسرا مطلب بھی اس سے نکلتا ہے۔
یعنی صفا مروہ کی سعی حائضہ کرسکتی ہے کیونکہ حائضہ عرفات کا وقوف کرسکتی ہے اور صفا مروہ عرفات کی طرح ہے (وحیدی)
ترجمہ میں کھلی ہوئی تحریف:
کسی بھی مسلمان کا کسی بھی مسئلہ کے متعلق مسلک کچھ بھی ہو مگر جہاں قرآن مجید و احادیث نبوی کا کھلا ہوا متن آجائے، دیانتداری کا تقاضا یہ ہے کہ اس کا ترجمہ بلا کم وکیف بالکل صحیح کیا جائے۔
خواہ اس سے ہمارے مزعومہ مسلک پر کیسی ہی چوٹ کیوں نہ لگتی ہو۔
اس لئے کہ اللہ اور اس کے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم کا کلام بڑی اہمیت رکھتا ہے اور اس میں ایک ذرہ برابر بھی ترجمہ وتشریح کے نام پر کمی بیشی کرنا وہ بد ترین جرم ہے جس کی وجہ سے یہودی تباہ وبرباد ہوگئے۔
اللہ پاک نے صاف لفظوں میں اس کی اس حرکت کا نوٹس لیاہے۔
جیسا کہ ارشادِہے ﴿يُحَرِّفُونَ الْكَلِمَ عَنْ مَوَاضِعِهِ﴾ (المائدة: 13)
یعنی اپنے مقام سے آیات الٰہی کی تحریف کرنا علماء یہود کا بدن ترین شیوہ تھا۔
مگر صد افسوس کہ یہی شیوہ کچھ علماء اسلام کی تحریرات میں نظر آتا ہے۔
جس سے اس کلام نبوی کی تصدیق ہوتی ہے جو آپ نے فرمایا کہ تم پہلے یہود ونصاریٰ کے قدم برقدم چلنے کی راہ اختیار کر کے گمراہ ہوجاؤ گے۔
اصل مسئلہ! عورتوں کا عیدگاہ میں جانا حتی کہ کنواری لڑکیوں اور حیض والی عورتوں کا نکلنا اور عید کی دعاؤں میں شریک ہونا ایسا مسئلہ ہے جو متعدد احادیث نبوی سے ثابت ہے اور یہ مسلمہ امر ہے کہ عہدرسالت میں سختی کے ساتھ اس پر عمل درآمد تھا اور جملہ خواتین اسلام عید گاہ جایا کرتی تھیں۔
بعد میں مختلف فقہی خیالات وجود پذیر ہوئے اور محترم علماء احناف نے عورتوں کا میدان عید گاہ جانا مطلقاً نا جائز قرار دیا۔
بہرحال اپنے خیالات کے وہ خود ذمہ دار ہیں مگر جن احادیث میں عہد نبوی میں عورتوں کا عید گاہ جانا مذکور ہے ان کے ترجمہ میں رد و بدل کرنا انتہائی غیر ذمہ داری ہے۔
اور صد افسوس کہ ہم موجودہ تراجم بخاری شریف میں جو علماء دیوبند کے قلم سے نکل رہے ہیں ایسی غیر ذمہ داریوں کی بکثرت مثالیں دیکھتے ہیں۔
”تفہیم البخاری“ ہمارے سامنے ہے۔
جس کا ترجمہ وتشریحات بہت محتاط اندازے پر لکھا گیا ہے۔
مگر مسلکی تعصب نے بعض جگہ ہمارے محترم فاضل مترجم تفہیم البخاری کو بھی جادہ اعتدال سے دورکردیا ہے۔
یہاں حدیث حفصہ کے سیاق وسباق سے صاف ظاہر ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ایسی عورت کے عیدگاہ جانے نہ جانے کے بارے میں پوچھا جارہا ہے کہ جس کے پاس اوڑھنے کے لئے چادرنہیں ہے۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جواب دیا کہ اس کی سہیلی کو چاہئے کہ اپنی چادر اس کو عاریتاً اوڑھا دے تاکہ وہ اس خیر اور دعائے مسلمین کے موقع پر (عیدگاہ میں)
مسلمانوں کے ساتھ شریک ہوسکے۔
اس کا ترجمہ مترجم موصوف نے یوں کیا ہے ”اگر ہمارے پاس چادر (برقعہ)
نہ ہو تو کیا کوئی حرج ہے اگر ہم مسلمانوں کے دینی اجتماعات میں شریک ہونے کے لئے باہر نہ نکلیں؟“ ایک بادی النظر سے بخاری شریف کا مطالعہ کرنے والا اس ترجمہ کو پڑھ کر یہ سوچ بھی نہیں سکتا کہ یہاں عیدگاہ جانے نہ جانے کے متعلق پوچھا جارہا ہے۔
دینی اجتماعات سے وعظ ونصیحت کی مجالس مراد ہوسکتی ہیں۔
اور ان سب میں عورتوں کا شریک ہونا بلا اختلاف جائز ہے اور عہد نبوی میں بھی عورتیں ایسے اجتماعات میں برابر شرکت کرتی تھیں۔
پھر بھلا اس سوال کا مطلب کیا ہوسکتا ہے؟ بہرحال یہ ترجمہ بالکل غلط ہے۔
اللہ توفیق دے کہ علماء کرام اپنے مزعومہ مسالک سے بلند ہو کر احتیاط سے قرآن وحدیث کا ترجمہ کیا کریں۔
وباللہ التوفیق۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 1652