🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری رحمہ اللہ
لغوی تشریح : «كِتَابُ الزَّكَاهِ» لغت میں «زكاة» ، زیادہ کرنے اور پاکیزہ کرنے کو کہتے ہیں ۔ «زكاة»...
لغوی تشریح:
«كِتَابُ الزَّكَاهِ» لغت میں «زكاة» ، زیادہ کرنے اور پاکیزہ کرنے کو کہتے ہیں۔ «زكاة» کو بھی اسی لیے یہ نام دیا گیا ہے کہ یہ مال کو پاکیزہ بنا دیتی ہے اور صاحب مال کو گناہوں سے پاک کر دیتی ہے اور زکاۃ دینے والے کے مال میں اضافہ کرتی ہے، نیز اس کے اجر و ثواب کو بھی بڑھاتی ہے۔ اس کی تاریخ فرضیت میں علماء کا اختلاف ہے۔ اکثر علماء کا قول یہ ہے کہ یہ ۲ ہجری میں رمضان کی فرضیت سے پہلے فرض ہوئی، اور بعض محققین کا خیال ہے کہ یہ فرض تو مکہ ہی میں ہو گئی تھی مگر اس کے تفصیلی احکام مدینہ منورہ میں ۲ ہجری کو نازل ہوئے۔
«بَعَثَ مُعَاذَا إلَي الْيَمَنِ» آپ نے ۱۰ ہجری میں حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ کو قاضی یا عامل بنا کر اہل یمن کی طرف روانہ فرمایا۔ اور ایک قول کے مطابق ۹ ہجری کے آخر میں۔ اور ایک تیسرے قول کے مطابق ۸ ہجری میں بھیجا۔ معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کے عہد خلافت تک یمن ہی میں رہے۔ پھر واپس آئے اور شام کا رخ کیا اور ”طاعون عمواس“ میں وفات پائی۔
«فَذَكَرْ الْحَدِيثَ» اس لمبی حدیث میں حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ کے لیے وصیت تھی کہ وہ اہل یمن کے ساتھ کیا سلوک کریں؟
«اِفْتَرَضَ» فرض اور واجب کی ہے۔
«فَتُردُّ» اس میں ”فا“ تعقیب کے لیے ہے، یعنی وصول کرنے کے بعد غرباء میں تقسیم کر دی جائے۔ «رَدّ» سے ماخوذ صیغہ مجہول ہے۔

فوائد و مسائل:
➊ اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد باسعادت سے زکاۃ کی وصولی اور اس کے مصارف کا سرکاری سطح پر انتظام ہو گیا تھا۔
➋ اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ جہاں سے زکاۃ حاصل کی جائے گی وہیں کے محتاجوں اور ضرورت مندوں میں تقسیم کر دی جائے گی، البتہ اگر مقامی فقراء سے بچ جائے تو پھر دوسرے علاقوں میں زکاۃ کی جا سکتی ہے۔
➌ زکاۃ ادا کرنا صاحب نصاب لوگوں پر فرض ہے اور مستحق لوگوں تک پہنچانا ان کی ذمہ داری ہے۔ اسے ادا کرنے کے ساتھ کسی پر احسان نہیں ہوتا بلکہ اپنا فرض نبھایا جاتا ہے۔ اور اسی طرح یہ زکاۃ کا مال غرباء کا حق ہے۔ وہ اپنا حق وصول کرتے ہیں، کسی کا احسان نہیں اٹھاتے۔ جس طرح کہ نماز اور روزہ ادا کرنا انسان کی ذمہ داری ہے اور اللہ کا حق ہے، ان کی ادائیگی سے نماز پڑھنے والا اور روزہ رکھنے والا اللہ پر احسان نہیں کرتا بلکہ اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے اللہ کا حق ادا کرتا ہے، اسی طرح زکاۃ غرباء کا حق ہے جسے ان تک پہنچانا ہوتا ہے اور یہ ان پر کوئی احسان نہیں ہوتا۔
بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری 483