🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: اس کا مطلب یہ ہے کہ کسی کا کنواں ایک مقام پر ہو، اس کے ارد گرد...
حدیث حاشیہ:
اس کا مطلب یہ ہے کہ کسی کا کنواں ایک مقام پر ہو، اس کے ارد گرد گھاس ہو جس میں عام طور پر سب کو چرانے کا حق ہو۔
مگر کنویں والا کسی کے جانوروں کو پانی نہ پینے دے اس غرض سے کہ جب پانی پینے کو نہ ملے تو لوگ اپنے جانور بھی وہاں چرانے کو نہ لائیں گے اور گھاس محفوظ رہے گی۔
جمہور کے نزدیک یہ حدیث محمول ہے اس کنویں پر جو ملکی زمین میں ہو یا ویران زمین میں بشرطیکہ ملکیت کی نیت سے کھودا گیا ہو اور جو کنواں خلق اللہ کے آرام کے لیے ویران زمین میں کھودا جائے اس کا پانی ملک نہیں ہوتا، لیکن کھودنے والا جب تک وہاں سے کوچ نہ کرے اس پانی کا زیادہ حق دا رہوتا ہے۔
اور ضرورت سے یہ مراد ہے کہ اپنے اور بال بچوں اور زراعت اور مویشی کے لیے جو پانی درکار ہو۔
اس کے بعدجو فاضل ہو اس کا روکنا جائز نہیں۔
خطابی نے کہا کہ یہ ممانعت تنزیہی ہے مگر اس کی دلیل کیا ہے پس ظاہر یہی ہے کہ نہی تحریمی ہے اور پانی کو نہ روکنا واجب ہے۔
اب اختلاف ہے کہ فاضل پانی کی قیمت لینا اس کو روکنا ہے یا نہیں۔
ترجیح اسی کوحاصل ہے کہ فاضل پانی کی قیمت نہ لی جائے، کیوں کہ یہ بھی ایک طرح اس کا روکنا ہی ہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 2353