🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری رحمہ اللہ
لغوی تشریح : «مِنْ كُلِّ ثلَاَ ثِينَ بَقَرةً» یہ نصاب متفق علیہ ہے ، کسی کا اس میں اختلاف...
لغوی تشریح:
«مِنْ كُلِّ ثلَاَ ثِينَ بَقَرةً» یہ نصاب متفق علیہ ہے، کسی کا اس میں اختلاف نہیں۔ تیس سے کم پر کوئی چیز واجب نہیں مگر امام زہری کی رائے ہے کہ ہر پانچ گائے کی تعداد پر ایک بکری ہے۔ انہوں نے اس مسئلے کو انٹوں کے نصاب پر قیاس کیا ہے لیکن یہ بات مسلم ہے کہ نصاب کا تعین قیاس سے ثابت نہیں ہوتا۔
«بقرة» اسم جنس ہے اور ”تا“ اس میں ”وحدت“ کی علامت ہے، تانیث کی نہیں۔ یہ مذکر و مونث دونوں پر یکساں بولا: جاتا ہے۔
«تَبِيعاً اَوْ تَبِيعَةً» «تبيع» اسے کہتے ہیں جو ایک سال کی عمر مکمل کر کے دوسرے سال میں قدم رکھ چکا ہو۔ اور «اَوْ» اس میں تخییر کے لیے ہے، یعنی سرکاری وصول کنندہ کو اختیار ہے چاہے مادہ حاصل کرے، چاہے نر وصول کرے۔
«مُسِنَّةٌ» اس جانور کو کہتے ہیں جس کے دو دانت نکل آئے ہوں، یعنی جو دو سال مکمل کر کے تیسرے سال میں داخل ہو چکا ہو۔
«وَمِنْ كُلَّ حَالِم» ہر بالغ سے جو بلوغت کی عمر کو پہنچ چکا ہو، خواہ احتلام سے دو چار ہوا ہو یا ابھی نہ ہوا ہو۔
«دِينَارًا» غیر مسلم مردوں سے ایک دینار بطور جزیہ وصول کیا جائے گا۔
«اَوْعَدُلَهُ» ”عین“ پر فتحہ اور ”دال“ ساکن ہو تو اس سے مراد وہ چیز ہے جو قیمت میں کسی شے کے مساوی ہو۔ اور اگر ”عین“ کے نیچے کسرہ ہو تو پھر وہ چیز مراد ہے جو شکل و صورت میں کسی شے کی مساوی ہو۔ اور ایک قول کے مطابق ”عین“ کے نیچے کسرہ ہو تو پھر وہ چیز مراد ہے جو شکل و صورت میں کسی شے کے مساوی ہو۔ اور ایک قول کے مطابق ”عین“ پر فتحہ ہو یا کسرہ، دونوں میں کوئی فرق نہیں۔ برابر کے معنی ہیں۔
«مَعَافِرِياً» وہ چادریں جو یمن میں بنتی ہیں اور معافر کی طرف منسوب ہیں۔ معافر بروزن مساجد ہمدان کا ایک قبیلہ ہے، انہی کی طرف معافری کپڑے منسوب ہیں۔

فوائد و مسائل:
➊ مذکورہ روایت کو ہمارے فاضل محقق نے سنداً ضعیف قرار دیا ہے جبکہ دیگر محققیین میں سے بعض نے حسن اور بعض نے صحیح قرار دیا ہے اور انہوں نے اس کے شواہد کا تذکرہ بھی کیا ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ مذکورہ روایت سنداً ضعیف ہونے کے باوجود دیگر شواہد کی بنا پر قابل حجت ہے۔ اس حدیث کی اسنادی بحث اور مذکورہ مسئلے کی تفصیل کے لیے دیکھیے: [الموسوعة الحديثية مسند الامام احمد: 341، 339، 360، 23، 7 وارواء الغليل: 268/3۔ 271 رقم: 795، والسنن ابن ماجه بتحقيق الدكثور بشار عواد، حديث: 1804، 1803]
➋ تیس سے کم گائے بیلوں میں زکاۃ واجب نہیں۔
➌ گائے بیلوں کی زکاۃ کا حساب کرنے کے لیے دیکھنا چاہیے کہ ان کے تیس تیس یا چالیس چالیس کے کتنے گروہ بنتے ہیں، پھر اس کے مطابق ایک سال یا دو سال کے بچھڑے بچھڑیاں لے لی جائیں، یعنی تیس پر ایک سال کا ایک جانور اور چالیس پر دو سال کا ایک جانور واجب ہے۔ اس کے بعد ساٹھ پر ایک ایک سال کے دو جانور، ستر پر دو سال کے دو بچھڑے بچھڑیاں بطور زکاۃ ادا اور وصول کیے جائیں گے۔
➍ بھینس عرب کا جانور نہیں، اس لیے حدیث میں اس کا ذکر نہیں آیا لیکن اپنے فوائد قدر و قیمت اور شکل و شباہت کے لحاظ سے یہ گائے سے ملتا جلتا ہے، اس لیے احتیاط کا تقاضا ہے کہ اسے بھی گائے کے حکم میں سمجھا جائے۔ امام ابن منذر نے اس پر اجماع لکھا ہے کہ بھینس بھی گایوں کے حکم میں ہیں۔ دیکھیے: [فتاوي ابن تيميه: 34، 25]
بنابریں گائیں اور بھینسیں مل کر نصاب پورا ہوتا ہو تو زکاۃ ادا کر دی جائے۔
➎ زکاۃ میں وہ جانور دیا جائے جس کی تعداد ریوڑ میں زیادہ ہو، مثلاً: اگر بیس گائیں اور بھینسیں دس ہیں تو زکاۃ کے طور پر ایک سالہ بچھڑی دی جائے اور دس گائیں اور بیس بھینسیں ہیں تو ایک سالہ کٹڑا یا کٹڑی دی جائے۔ «والله اعلم»
بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری 485