🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: یعنی آپ نے حضرت علی اور حضرت فاطمہ ؓ کو رات کی نماز کی طرف رغبت دلائی،...
حدیث حاشیہ:
یعنی آپ نے حضرت علی اور حضرت فاطمہ ؓ کو رات کی نماز کی طرف رغبت دلائی، لیکن حضرت علی ؓ کا عذر سن کر آپ چپ ہو گئے۔
اگر نماز فرض ہوتی تو حضرت علی ؓ کا عذر قابل قبول نہیں ہو سکتا تھا۔
البتہ جاتے ہوئے تاسف کا اظہار ضرور کر دیا۔
مولانا وحید الزماں لکھتے ہیں کہ حضرت علی ؓ کا جواب فی الحقیقت درست تھا مگر اس کا استعمال اس موقع پر درست نہ تھا کیونکہ دنیادار کو تکلیف ہے اس میں نفس پر زور ڈال کر تمام اوامر الٰہی کو بجا لانا چاہیے۔
تقدیر پر تکیہ کر لینا اور عبادت سے قاصر ہو کر بیٹھنا اورجب کوئی اچھی بات کا حکم کرے تو تقدیر پر حوالہ کرنا کج بحثی اور جھگڑا ہے۔
تقدیر کا اعتقاد اس لیے نہیں ہے کہ آدمی اپاہج ہو کر بیٹھ رہے اور تدبیر سے غافل ہوجائے۔
بلکہ تقدیر کا مطلب یہ ہے کہ سب کچھ محنت اور مشقت اور اسباب حاصل کرنے میں کوشش کرے مگر یہ سمجھے رہے کہ ہوگا وہی جو اللہ نے قسمت میں لکھا ہے۔
چونکہ رات کا وقت تھا اور حضرت علی ؓ آپ سے چھوٹے اور داماد تھے، لہٰذا آپ نے اس موقع پر تطویل بحث اور سوال جواب کو نامناسب سمجھ کر جواب نہ دیا مگر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اس جواب سے افسوس ہوا۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 1127