🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری رحمہ اللہ
لغوی تشریح : «فِيمَا سَقَتِ السَّمَاءُ» اس سے مراد بارش ، اولے ، برف ، شبنم وغیرہ ہے ،...
لغوی تشریح:
«فِيمَا سَقَتِ السَّمَاءُ» اس سے مراد بارش، اولے، برف، شبنم وغیرہ ہے، اور یہ خبر مقدم ہے۔
«وَالْعُيُونُ» «عين» کی جمع ہے۔ ان چشموں کو کہتے ہیں جو زمین کا پیٹ چاک کر کے نکل آتے ہیں اور کبھی کبھی ان سے نہریں بن جایا کرتی ہیں اور بسا اوقات نالوں کی صورت میں پانی بہتا ہے اور ان سے پانی لینا آسان ہوتا ہے، نہ تو بار بار ان سے چلو بھرنے پڑتے ہیں اور نہ کسی آلے کے ذریعے سے نکالنے کا تکلف کرنا پڑتا ہے، بلکہ بغیر کسی مشقت و محنت کے ان کا پانی حاصل ہو جاتا ہے۔
«اَوْ كَانَ عَثَرِيّاً» ”عین“ اور ”ثا“ دونوں پر فتحہ ”را“ کے نیچے کسرہ اور ”یا“ پر تشدید ہے۔ وہ زمین جو اپنی جڑوں کے ذریعے سے پانی کھنیچ کر خوراک حاصل کر کے پروان چڑھتی ہے۔ زمین میں کیونکہ نمی ہوتی ہے اور پانی سطح زمین کے قریب ہوتا ہے، اس لیے وہ زمین بغیر سیراب کیے، بغیر نالوں کا تکلف کیے پانی حاصل کرلیتی ہے
«اَلَعشْرُ» مبتدا موخر ہے۔ ”عین“ پر ضمہ اور ”شین“ ساکن ہے۔ ایک چیز کے دس حصے کر لیے جائیں تو اس کا ایک جز عشر کہلائے گا۔
«وَفِيمَا سُقِيَ» صیغہ مجہول۔ اس زمین میں جسے سیراب کیا جائے۔
«بِاانَّصَحِ» نضح کے ”نون“ پر فتحہ اور ”ضاد“ ساکن ہے۔ اصل میں اس کے معنی ہیں: پانی کا چھڑکاو کرنا اور بہا دینا۔ یہاں وہ اونٹ مراد ہیں جن کے ذریعے سے پانی لاکر زمین سیراب کی جاتی ہے۔ اونٹ کی طرح بیل اور گدھے بھی مراد ہیں جن سے پانی حاصل کرنے کی خدمت لی جاتی ہے۔
«بَعْلً» ا یعنی «عَثَرِيًّا» کے بدلے «بَعْلًا» کا لفظ روایت کیا ہے۔ «بَعْل» کی ”با“ پر فتحہ اور ”عین“ ساکن ہے۔ اس سے مراد وہ زمین ہے جو سیراب کیے بغیر زمین کی نمی و رطوبت یا آسمانی بارش کے ذریعے سے سیراب ہوتی ہو۔ اس کے معنی بھی قریب قریب وہی ہیں جو «عثري» (نمی والی زمین) کے ہیں، یا پھر دونوں مترادف المعنی ہیں۔
«بِالسَّوَاني اَوِ النَّضْح سَوَانِي» ، «سَانِيَةٌ» کی جمع ہے۔ عطف اس کا تقاضا کرتا ہے کہ «سَانِيَةَ» اور «نَضْح» کے معنی الگ الگ ہوں مگر عموماً علماء نے انہیں مترادف قرار دیا ہے جیسا کہ ابھی ہم نے ذکر کیا ہے لیکن قابل اعتماد بات یہ ہے کہ «سائيه» جانوروں کے ذریعے سے پانی لاکر زمین کو سیراب کرنے کا نام ہے اور نضح عام ہے۔ اس جانوروں کے ساتھ ساتھ سیراب کرنے کے تمام ذرائع و آلات شامل ہیں۔ اس طرح عام عطف خاص پر ہے۔ اور خلاصہ کلام یہی ہے کہ جس زمین کا سیراب کرنا مشقت طلب اور باعث تھکاوٹ ہو۔

فائدہ:
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ زمین کو مختلف ذرائع سے سیراب کرنے کی صورت میں زکاۃ (عشر) کی نوعیت بھی مختلف ہے، مثلاً: جو زمین مشقت طلب ذریعے سے سیراب ہو، جیسے اونٹ، بیل یا آدمی پانی نکال کر یا لا کر سیراب کرتے ہوں تو اس زمین کی پیداوار پر نصف عشر (بیسواں) حصہ ہے۔ اسی طرح اگر زمین کنوئیں اور ٹیوب ویل کے پانی سے یا پانی خرید کر سیراب کی جاتی ہو تب بھی نصف عشر (بیسواں حصہ) ہے۔ آج کل آبیانہ دے کر زمین سیراب کی جاتی ہے۔ یہ آبیانہ مشقت و محنت کے قائم مقام ہے، لہٰذا موجودہ نظام کے تحت نہری پانی سے سیراب کی جانے والی زمینوں کی پیداوار میں بھی بیسواں حصہ ہے۔
بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری 495