🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: حضرت امام بخاری ؒ کا مطلب باب یہ ہے کہ مومن مرنے سے ناپاک نہیں ہو جاتا...
حدیث حاشیہ:
حضرت امام بخاری ؒ کا مطلب باب یہ ہے کہ مومن مرنے سے ناپاک نہیں ہو جاتا اور غسل محض بدن کو پاک صاف کرنے کے لیے دیا جاتا ہے۔
اس لیے غسل کے پانی میں بیر کے پتوں کا ڈالنا مسنون ہوا۔
ابن عمر ؓ کے اثر کو امام مالک نے مؤطا میں وصل کیا۔
اگر مردہ نجس ہوتا تو عبد اللہ بن عمر ؓ اس کونہ چھوتے نہ اٹھاتے اگر چھوتے تو اپنے اعضاء کو دھوتے۔
امام بخاری ؒ نے اس سے اس حدیث کے ضعف کی طرف اشارہ کیا کہ جو میت کو نہلائے وہ غسل کرے اور جو اٹھا ئے وہ وضو کرے۔
عبد اللہ بن عباس ؓ کے قول کو سعید بن منصور نے سند صحیح کے ساتھ وصل کیا اور یہ کہ ”مومن نجس نہیں ہوتا“ اس روایت کو مرفوعاً خود امام بخاری ؒ نے کتاب الغسل میں روایت کیا ہے اور سعد بن ابی وقاص ؓ کے قول کو ابن ابی شیبہ نے نکالا کہ سعد ؓ کو سعید بن زید ؓ کے مرنے کی خبر ملی۔
وہ گئے اور ان کو غسل اور کفن دیا، خوشبو لگائی اور گھر میں آکر غسل کیا اور کہنے لگے کہ میں نے گرمی کی وجہ سے غسل کیا ہے نہ کہ مردے کو غسل دینے کی وجہ سے۔
اگر وہ نجس ہوتا تو میں اسے ہاتھ ہی کیوں لگاتا۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی بیٹی کو اپنا ازار تبرک کے طور پر عنایت فرمایا۔
اس لیے ارشاد ہوا کہ اسے قمیص بنا دو کہ یہ ان کے بدن مبارک سے ملا رہے۔
جمہور کے نزدیک میت کو غسل دلانا فرض ہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 1253