🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: اس مسئلہ میں ابن عمر اور عائشہ ؓ کا ایک مشہور اختلاف تھا کہ میت پر اس...
حدیث حاشیہ:
اس مسئلہ میں ابن عمر اور عائشہ ؓ کا ایک مشہور اختلاف تھا کہ میت پر اس کے گھر والوں کے نوحہ کی وجہ سے عذاب ہوگا یا نہیں؟ امام بخاری ؒ نے اس باب میں اسی اختلاف پر یہ طویل محاکمہ کیا ہے۔
اس سے متعلق مصنف ؒ متعدد احادیث ذکر کریں گے اور ایک طویل حدیث میں جو اس باب میں آئے گی۔
دونوں کی اس سلسلے میں اختلاف کی تفصیل بھی موجود ہے۔
عائشہ ؓ کا خیال یہ تھا کہ میت پر اس کے گھر والوں کے نوحہ سے عذاب نہیں ہوتا، کیونکہ ہر شخص صرف اپنے عمل کا ذمہ دار ہے۔
قرآن میں خود ہے کہ کسی پر دوسرے کی کوئی ذمہ داری نہیں ﴿لاَ تَزِرُ وَازِرَة وِّزرَ اُخرٰی﴾ (الأنعام: 164)
اس لیے نوحہ کی وجہ سے جس گناہ کے مرتکب مردہ کے گھروالے ہوتے ہیں، اس کی ذمہ داری مردے پر کیسے ڈالی جاسکتی ہے؟ لیکن ابن عمر ؓ کے پیش نظریہ حدیث تھی ”میت پر اس کے گھر والوں کے نوحہ سے عذاب ہوتا ہے۔
“ حدیث صاف تھی اور خاص میت کے لیے لیکن قرآن میں ایک عام حکم بیان ہوا ہے۔
عائشہ ؓ کا جواب یہ تھا کہ ابن عمر سے غلطی ہوئی، آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ایک خاص واقعہ سے متعلق تھا۔
کسی یہودی عورت کا انتقال ہوگیا تھا۔
اس پر اصل عذاب کفر کی وجہ سے ہورہا تھا، لیکن مزید اضافہ گھر والوں کے نوحہ نے بھی کردیا تھا کہ وہ اس کے استحاق کے خلاف اس کا ماتم کررہے تھے اور خلاف واقعہ نیکیوں کو اس کی طرف منسوب کر رہے تھے۔
اس لیے حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے اس موقع پر جو کچھ فرمایا وہ مسلمانوں کے بارے میں نہیں تھا۔
لیکن علماء نے حضرت ابن عمر ؓ کے خلاف حضرت عائشہ کے اس استدلال کو تسلیم نہیں کیا ہے۔
دوسری طرف ابن عمر ؓ کی حدیث کو بھی ہر حال میں نافذ نہیں کیا بلکہ اس کی نوک پلک دوسرے شرعی اصول وشواہد کی روشنی میں درست کئے گئے ہیں اور پھر اسے ایک اصول کی حیثیت سے تسلیم کیا گیا ہے۔
علماء نے اس حدیث کی جو مختلف وجوہ و تفصیلات بیان کی ہیں، انہیں حافظ ابن حجر ؒ نے تفصیل کے ساتھ لکھا ہے۔
اس پر امام بخاری ؒ کے محاکمہ کا حاصل یہ ہے کہ شریعت کا ایک اصول ہے۔
حدیث میں ہے:
کلکم راع وکلکم مسؤل عن رعیته۔
ہر شخص نگراں ہے اور اس کے ماتحتوں سے متعلق اس سے سوال ہوگا۔
یہ حدیث متعدد اور مختلف روایتوں سے کتب احادیث اور خود بخاری میں موجود ہے۔
یہ ایک مفصل حدیث ہے اور اس میں تفصیل کے ساتھ یہ بتایا گیا ہے کہ بادشاہ سے لے کر ایک معمولی سے معمولی خادم تک راعی اور نگراں کی حیثیت رکھتا ہے اور ان سب سے ان کی رعیتوں کے متعلق سوال ہو گا۔
یہاں صاحب تفہیم البخاری نے ایک فاضلانہ بیان لکھا ہے جسے ہم شکریہ کے ساتھ ”تشریح“ میں نقل کرتے ہیں۔
قرآن مجید میں ہے کہ ﴿قُوا أنفسَکُم وأهلِيکُم ناراً﴾ (التحریم: 6)
خود کو اور اپنے گھر والوں کو دوزخ کی آگ سے بچاؤ۔
امام بخاری ؒ نے اس موقع پر واضح کیا ہے کہ جس طرح اپنی اصلاح کا حکم شریعت نے دیا ہے، اسی طرح اپنی رعیت کی اصلاح کا بھی حکم ہے، اس لیے ان میں سے کسی ایک کی اصلاح سے غفلت تباہ کن ہے۔
اب اگر مردے کے گھر غیر شرعی نوحہ وماتم کا رواج تھا، لیکن اپنی زندگی میں اس نے انہیں اس سے نہیں روکا اور اپنے گھر میں ہونے والے اس منکر پر واقفیت کے باوجود اس نے تساہل سے کام لیا تو شریعت کی نظر میں وہ بھی مجرم ہے۔
شریعت نے امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کا ایک اصول بنادیا تھا۔
ضروری تھا کہ اس اصول کے تحت اپنی زندگی میں اپنے گھر والوں کو اس سے باز رکھنے کی کوشش کرتا۔
لیکن اگر اس نے ایسا نہیں کیا، تو گویا وہ خود اس عمل کا سبب بنا ہے۔
شریعت کی نظر اس سلسلے میں بہت دور تک ہے۔
اسی محاکمہ میں امام بخاری ؒ نے یہ حدیث نقل کی ہے کہ ”کوئی شخص اگر ظلماً (ظالمانہ طور پر)
قتل کیا جاتا ہے تو اس قتل کی ایک حد تک ذمہ داری آدم ؑ کے سب سے پہلے بیٹے (قابیل)
پر عائد ہوتی ہے۔
“ قابیل نے اپنے بھائی ہابیل کو قتل کردیا تھا۔
یہ روئے زمین پر سب سے پہلا ظالمانہ قتل تھا۔
اس سے پہلے دنیا اس سے ناواقف تھی۔
اب چونکہ اس طریقہ ظلم کی ایجاد سب سے پہلے آدم ؑ کے بیٹے قابیل نے کی تھی، اس لیے قیامت تک ہونے والے ظالمانہ قتل کے گناہ کا ایک حصہ اس کے نام بھی لکھا جائے گا۔
شریعت کے اس اصول کو اگر سامنے رکھا جائے تو عذاب وثواب کی بہت سی بنیادی گر ہیں کھل جائیں۔
حضرت عائشہ ؓ کے بیان کردہ اصول پر بھی ایک نظر ڈال لیجئے۔
انہوں نے فرمایا تھا کہ قرآن نے خود فیصلہ کردیا ہے کہ ”کسی انسان پر دوسرے کی کوئی ذمہ داری نہیں۔
“ حضرت عائشہ ؓ نے فرمایا تھا کہ مرنے والے کو کیا اختیار ہے؟ اس کا تعلق اب اس عالم ناسوت سے ختم ہوچکا ہے۔
نہ وہ کسی کو روک سکتا ہے اور نہ اس پر قدرت ہے۔
پھر اس ناکردہ گناہ کی ذمہ داری اس پر عائد کرنا کس طرح صحیح ہوسکتا ہے؟ اس موقع پر اگر غور کیا جائے تو معلوم ہوگا کہ شریعت نے ہر چیز کے لیے اگرچہ ضابطے اور قاعدے متعین کردئیے ہیں، لیکن بعض اوقات کسی ایک میں بہت سے اصول بیک وقت جمع ہوجاتے ہیں اور یہیں سے اجتہاد کی حد شروع ہوجاتی ہے۔
سوال پیدا ہوتا ہے کہ یہ جزئی کس ضابطے کے تحت آ سکتی ہے؟ اور ان مختلف اصول میں اپنے مضمرات کے اعتبار سے جزئی کس اصول سے زیادہ قریب ہے؟ اس مسئلہ میں حضرت عائشہ ؓ نے اپنے اجتہاد سے یہ فیصلہ کیا تھا کہ میت پر نوحہ وماتم کا میت سے تعلق قرآن کے بیان کردہ اس اصول سے متعلق ہے کہ ”کسی انسان پر دوسرے کی ذمہ داری نہیں۔
“ جیسا کہ ہم نے تفصیل سے بتایا کہ عائشہ ؓ کے اجتہاد کو امت نے اس مسئلہ میں قبول نہیں کیا ہے۔
اس باب پر ہم نے یہ طویل نوٹ اس لیے لکھا کہ اس میں روز مرہ زندگی سے متعلق بعض بنیادی اصول سامنے آئے تھے۔
جہاں تک نوحہ وماتم کا سوال ہے اسے اسلام ان غیر ضروری اور لغو حرکتوں کی وجہ سے رد کرتا ہے جو اس سلسلے میں کی جاتی تھیں۔
ورنہ عزیز وقریب یا کسی بھی متعلق کی موت پر غم قدرتی چیز ہے اور اسلام نہ صرف اس کے اظہار کی اجازت دیتا ہے، بلکہ حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ بعض افراد کو جن کے دل میں اپنے عزیز وقریب کی موت سے کوئی ٹیس نہیں لگی، آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں سخت دل کہا۔
خود حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی میں کئی ایسے واقعات پیش آئے جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے کسی عزیز وقریب کی وفات پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا پیمانہ صبر لبریز ہوگیا اور آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے۔
(تفہیم البخاری)
نصوص شرعیہ کی موجودگی میں ان کے خلاف اجتہاد قابل قبول نہیں ہے۔
خواہ اجتہاد کرنے والا کوئی ہو۔
رائے اور قیاس ہی وہ بیماریاں ہیں جنہوں نے امت کا بیڑہ غرق کر دیا اور امت تقسیم درتقسیم ہوکر رہ گئی۔
حضرت امام بخاری ؒ نے حضرت عائشہ ؓ کے قول کی مناسب توجیہ فرمادی ہے، وہی ٹھیک ہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 1284