🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: حضرت ابو طلحہ ؓ کی نیک ترین صالحہ صابرہ بیوی کے کہنے کا مطلب یہ تھا کہ...
حدیث حاشیہ:
حضرت ابو طلحہ ؓ کی نیک ترین صالحہ صابرہ بیوی کے کہنے کا مطلب یہ تھا کہ بچے کا انتقال ہوگیا ہے اور اب وہ پورے سکون کے ساتھ لیٹا ہوا ہے۔
لیکن حضرت ابوطلحہ ؓ نے یہ سمجھا کہ بچے کو افاقہ ہوگیا ہے اور اب وہ آرام سے سورہا ہے۔
اس لیے وہ خود بھی آرام سے سوئے‘ ضروریات سے فارغ ہوئے اور بیوی کے ساتھ ہم بستر بھی ہوئے اور اس پر آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم نے برکت کی بشارت دی۔
یہ کہ ان کے غیر معمولی صبروضبط اور خدا وند تعالیٰ کی حکمت پر کامل یقین کا ثمرہ تھا۔
بیوی کی اس ادا شناسی پر قربان جائیے کہ کس طرح انہوں نے اپنے شوہر کو ایک ذہنی کوفت سے بچالیا۔
محدث علی بن مدینی نے حضرت ابوطلحہ ؓ کے ان نولڑکوں کے نام نقل کئے ہیں جو سب عالم قرآن ہوئے اور اللہ نے ان کو بڑی ترقی بخشی۔
وہ نو بچے یہ تھے۔
اسحاق‘ اسماعیل‘ یعقوب‘ عمیر‘ عمر‘ محمد ‘ عبداللہ‘ زید اور قاسم۔
انتقال کرنے والے بچے کو ابوعمیر کہتے تھے۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اس کو پیار سے فرمایا کرتے تھے ابوعمیر تمہاری نغیر یعنی چڑیا کیسی ہے؟ یہ بچہ بڑا خوبصورت اور وجیہ تھا۔
ابو طلحہ ؓ اس سے بڑی محبت کیا کرتے تھے۔
بچے کی ماں ام سلیم کے استقلال کو دیکھئے کہ منہ پر تیوری نہ آنے دی اور رنج کو ایسا چھپایا کہ ابو طلحہ ؓ سمجھے واقعی بچہ اچھا ہوگیا ہے۔
پھر یہ دیکھئے کہ ام سلیم نے بات بھی ایسی کہی کہ جھوٹ نہ ہو کیونکہ موت درحقیقت راحت ہے۔
وہ معصوم جان تھی اس کے لیے تو مرنا آرام ہی آرام تھا۔
ادھر بیماری کی تکلیف گئی۔
ادھر دنیا کے فکروں سے جو مستقبل میں ہوتے نجات پائی۔
ترجمہ باب یہیں سے نکلتا ہے کہ ام سلیم نے رنج اور صدمہ کو پی لیا بالکل ظاہر نہ ہونے دیا۔
دوسری روایت میں یوں ہے کہ ام سلیم نے اپنے خاوند سے کہا کہ اگر کچھ لوگ عاریت کی چیزلیں، پھر واپس دینے سے انکار کریں تو کیسا ہے؟ اس پو ابوطلحہ ؓ بولے کہ ہرگز انکار نہ کرنا چاہیے۔
بلکہ عاریت کی چیز واپس کردینا چاہیے، تب ام سلیم نے کہا کہ یہ بچہ بھی اللہ کا تھا۔
آپ کو عاریتہ ملا ہوا تھا‘ اللہ نے اسے لے لیا تو آپ کو رنج نہ کرنا چاہیے۔
اللہ نے ان کو صبرو استقلال کے بدلے نولڑکے عطا کئے جو سب عالم قرآن ہوئے۔
سچ ہے کہ صبر کا پھل ہمیشہ میٹھا ہوتا ہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 1301