🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: آنحضرت ﷺ نے ایک قبر پر کھجور کی ڈالیاں لگادی تھیں۔ بعضوں نے یہ سمجھا کہ یہ...
حدیث حاشیہ:
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک قبر پر کھجور کی ڈالیاں لگادی تھیں۔
بعضوں نے یہ سمجھا کہ یہ مسنون ہے۔
بعضے کہتے ہیں کہ یہ آنخضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا خاصہ تھا اور کسی کو ڈالیاں لگانے میں کوئی فائدہ نہیں۔
چنانچہ امام بخاری ؒ ابن عمر ؓ کا اثر اسی بات کو ثابت کرنے کے لیے لائے۔
ابن عمر اور بریدہ ؓ کے اثر کو ابن سعد نے وصل کیا۔
خارجہ بن زید کے اثر کو امام بخاری ؒ نے تاریخ صغیر میں وصل کیا۔
اس اثر اور اس کے بعد کے اثر کو بیان کرنے سے امام بخاری ؒ کی غرض یہ ہے کہ قبروالے کو اس کے عمل ہی فائدہ دیتے ہیں۔
اونچی چیز لگانا جیسے شاخیں وغیرہ یا قبر کی عمارت اونچی بنانا یا قبر پر بیٹھنا یہ چیزیں ظاہر میں کوئی فائدہ یا نقصان دینے والی نہیں ہیں۔
یہ خارجہ بن زید اہل مدینہ کے سات فقہاءمیں سے ہیں۔
انہوں نے اپنے چچا یزید بن ثابت سے نقل کیا کہ قبر پر بیٹھنا اس کو مکروہ ہے جو اس پر پاخانہ یا پیشاب کرے۔
(وحیدي)
علامہ حافظ ابن حجر ؒ فرماتے ہیں:
قال ابن رشید ویظهر من تصرف البخاري أن ذلك خاص بهما فلذلك عقبه بقول ابن عمر إنما یظله عمله۔
(فتح الباري)
یعنی ابن رشید نے کہا کہ امام بخاری ؒ کے تصرف سے یہی ظاہر ہے کہ شاخوں کے گاڑنے کا عمل ان ہی دونوں قبروں کے ساتھ خاص تھا۔
اس لیے امام بخاری ؒ اس ذکر کے بعد ہی حضرت عبداللہ بن عمر ؓ کا قول لائے ہیں کہ اس مرنے والے کا عمل ہی اس کو سایہ کرسکے گا۔
جن کی قبر پر خیمہ دیکھا گیا تھا وہ عبدالرحمن بن ابوبکر صدیق ؓ تھے اور حضرت عبداللہ بن عمر ؓ نے یہ خیمہ دور کرادیا تھا۔
قبروں پر بیٹھنے کے بارے میں جمہور کا قول یہی ہے کہ ناجائز ہے۔
اس بارے میں کئی ایک احادیث بھی وارد ہیں، چند حدیث ملاحظہ ہوں۔
عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ، قَالَ:
قَالَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:
«لَأَنْ يَجْلِسَ أَحَدُكُمْ عَلَى جَمْرَةٍ فَتُحْرِقَ ثِيَابَهُ، فَتَخْلُصَ إِلَى جِلْدِهِ، خَيْرٌ لَهُ مِنْ أَنْ يَجْلِسَ عَلَى قَبْرٍ» رواہ الجماعة إلا البخاري والترمذي۔
یعنی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ تم میں سے کوئی اگر کسی انگارے پر بیٹھے کہ وہ اس کے کپڑے اور جسم کو جلادے تو اس سے بہتر ہے کہ قبر پر بیٹھے۔
دوسری حدیث عمروبن حزم سے مروی ہے کہ رَآنِي رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مُتَّكَأً عَلَى قَبْرٍ، فَقَالَ:
" لَا تُؤْذِ صَاحِبَ هَذَا الْقَبْرِ - أَوْ لَا تُؤْذِهِ - " رواہ أحمد۔
یعنی مجھے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک قبر پر تکیہ لگائے ہوئے دیکھا تو آپ نے فرمایا کہ اس قبر والے کو تکلیف نہ دے۔
ان ہی احادیث کی بناپر قبروں پر بیٹھنا منع ہے۔
حضرت عبداللہ بن عمر ؓ کا فعل جو مذکور ہوا کہ آپ قبروں پر بیٹھا کرتے تھے۔
سو شاید ان کا خیال یہ ہوکہ بیٹھنا اس کے لیے منع ہے جو اس پر پاخانہ پیشاب کرے۔
مگر دیگر احادیث کی بناپر مطلق بیٹھنا بھی منع ہے، جیسا کہ مذکور ہوا یا ان کا قبر پر بیٹھنے سے مراد صرف ٹیک لگانا ہے نہ کہ اوپر بیٹھنا۔
حدیث مذکور سے قبر کا عذاب بھی ثابت ہوا جو برحق ہے جو کئی آیات قرآنی واحادیث نبوی سے ثابت ہے۔
جو لوگ عذاب قبر کا انکار کرتے اور اپنے آپ کو مسلمان کہلاتے ہیں۔
وہ قرآن وحدیث سے بے بہرہ اور گمراہ ہیں۔
هداهم اللہ۔
آمین
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 1361