🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: 29 صفر 11 ھ کا دن تھا کہ رسول پاک ﷺ کو تکلیف شروع ہوئی اور ابوسعید...
حدیث حاشیہ:
29 صفر 11 ھ کا دن تھا کہ رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم کو تکلیف شروع ہوئی اور ابوسعید خدری ؓ کہتے ہیں کہ جو رومال حضور کے سر مبارک پر تھا اور بخار کی وجہ سے ایسا گرم تھا کہ میرے ہاتھ کو برداشت نہ ہوسکی۔
آپ 13 دن یا 14 دن بیمار رہے۔
آخری ہفتہ آپ نے حضرت عائشہ صدیقہ ؓ کے گھر پر ہی پورا فرمایا۔
ان ایام میں بیشتر آپ مسجد میں جاکر نماز بھی پڑھاتے رہے، مگر چار روز قبل حالت بہت دگر گوں ہوگئی۔
آخر 12 ربیع الاول 11 ھ یوم دو شنبہ بوقت چاشت آپ دنیائے فانی سے منہ موڑ کر ملاء اعلیٰ سے جاملے۔
عمر مبارک 63 سال قمری پر چار دن تھی اللهم صل علی محمد وعلی آل محمد۔
وفات پر صحابہ کرام نے آپ کے دفن کے متعلق سوچا تو آخری رائے یہی قرار پائی کہ حجرہ مبارکہ میں آپ کو دفن کیا جائے، کیونکہ انبیاءجہاں انتقال کرتے ہیں اس جگہ دفن کئے جاتے ہیں۔
یہی حجرہ مبارکہ ہے جو آج گنبد خضراء کے نام سے دنیا کے کروڑہا انسانوں کا مرجع عقیدت ہے۔
حضرت امام بخاری ؓ نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی قبر شریف کی نشان دہی کرتے ہوئے یہ ثابت فرمایا کہ مرنے والے کو اگر اس کے گھر ہی میں دفن کردیا جائے تو شرعاً اس میں کوئی قباحت نہیں ہے۔
آپ کے اخلاق حسنہ میں سے ہے کہ آپ ایام بیماری میں دوسری بیویوں سے حضرت عائشہ ؓ کے گھر میں جانے کے لیے معذرت فرماتے رہے۔
یہاں تک کہ جملہ ازواج مطہرات نے آپ کو حجرہ عائشہ صدیقہ ؓ کے لیے اجازت دے دی اور آخری ایام آپ نے وہیں بسر کئے۔
اس سے حضرت عائشہ ؓ کی بھی کمال فضیلت ثابت ہوتی ہے۔
تف ہے ان نام نہاد مسلمانوں پر جو حضرت عائشہ صدیقہ ؓ جیسی مایہ ناز اسلامی خاتون کی فضیلت کا انکار کریں۔
اللہ تعالیٰ ان کو ہدایت عطا فرمائے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 1389