🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری رحمہ اللہ
لغوی تشریح : «اَنَّ امْرَاَةَّ» اس خاتون کا نام اسماء بنت یزید بن سکن ہے ۔ «مَسَكَتَانِ» کے ”میم“...
لغوی تشریح:
«اَنَّ امْرَاَةَّ» اس خاتون کا نام اسماء بنت یزید بن سکن ہے۔
«مَسَكَتَانِ» کے ”میم“ سین اور ”کاف“ تینوں پر فتحہ ہے اور یہ «مسكة» کا تثنیہ ہے، یعنی وہ زیور جو ہاتھوں میں پہنا جاتا ہے جسے فارسی میں دست برنجن اور کنگن کہا جاتا ہے۔ «مسكة» پازیب کے معنی میں بھی استعمال ہوتا ہے۔ پازیب وہ زیور ہے جو پاوں میں اس طرح پہنا جاتا ہے جس طرح کنگن ہاتھوں میں پہنے جاتے ہیں۔
«اَيَسُرُّكِ» اس میں ہمزہ استفہامیہ ہے اور سرور سے ماخوذ فعل مضارع ہے اور ”کاف خطاب“ مونث کے لیے (مکسور) ہے۔ معنی ہیں: کیا تجھے یہ پسند ہے، اچھا لگتا ہے۔
«اَنْ يُسَوَّرَكِ» «تسوير» سے ماخوذ ہے، کنگن پہنانے کو کہتے ہیں۔
«بِهِمَا» ان دونوں کی جگہ، ان دونوں کے بدلے میں، یا یہ معنی ہیں کہ ان دونوں کے سبب، یعنی ان دونوں کی زکاۃ ادا نہ کرنے کی وجہ سے تجھے آگ کے دو کنگن پہنائے جائیں۔
«فَاَلْقَتْهُمَا» تو اس خاتون نے وہ دونوں کنگن پھینک مارے۔

فائدہ:
اس حدیث سے ثابت ہوتا ہے کہ زیورات میں زکاۃ ہے لیکن اس کے بارے میں فقہاء کا اختلاف ہے۔
پہلا قول یہ ہے کہ زیور میں زکاۃ واجب ہے۔
دوسرا یہ کہ زیور میں زکاۃ فرض نہیں۔ امام مالک، احمد رحمہ اللہ علہیم اور ایک قول کے مطابق امام شافعی رحمہ اللہ بھی اسی کے قائل ہیں۔
تیسرا قول یہ ہے کہ زیور کی زکاۃ اسے ضرورت مند کو عاریتاً دینا ہے۔ الگ زکاۃ نہیں۔
چوتھا قول یہ ہے کہ زیورات میں صرف ایک ہی بار زکاۃ دینا فرض ہے۔
راجح قول یہی ہے کہ زیورات میں زکاۃ فرض ہے اور یہ صحیح حدیث اس کی واضح دلیل ہے۔ اس کے مقابلے میں بعض آثار کی بنا پر جو کہا گیا ہے کہ زیورات میں زکاۃ نہیں وہ قابل التفات نہیں۔ [دارالسلام]
بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری 499