🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: سیدنا حضرت عمر بن خطاب ؓ کی کنیت ابوحفصہ ہے۔ عدوی قریشی ہیں۔ نبوت کے چھٹے سال...
حدیث حاشیہ:
سیدنا حضرت عمر بن خطاب ؓ کی کنیت ابوحفصہ ہے۔
عدوی قریشی ہیں۔
نبوت کے چھٹے سال اسلام میں داخل ہوئے بعضوں نے کہاں کہ پانچویں سال میں۔
ان سے پہلے چالیس مرد اور گیارہ عورتیں اسلام لاچکی تھیں اور کہا جاتا ہے کہ چالیسویں مرد حضرت عمر ؓ ہی تھے۔
ان کے اسلام قبول کرنے کے دن ہی سے اسلام نمایاں ہونا شروع ہوگیا۔
اسی وجہ سے ان کا لقب فاروق ہوا۔
حضرت ابن عباس ؓ کہتے ہیں کہ میں نے حضرت عمر ؓ سے پوچھا تھا کہ آپ کا لقب فاروق کیسے ہوا؟ فرمایا کہ حضرت حمزہ ؓ میرے اسلام سے تین دن پہلے مسلمان ہوچکے تھے۔
اس کے بعد اللہ تعالیٰ نے اسلام کے لیے میرا سینہ بھی کھول دیا تو میں نے کہا اللَّهُ لَا إِلَهَ إِلَّا هُوَلَهُ الْأَسْمَاءُ الْحُسْنَى اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں اسی کے لیے سب اچھے نام ہیں۔
اس کے بعد کوئی جان مجھ کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی جان سے پیاری نہ تھی۔
اس کے بعد میں نے دریافت کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کہاں تشریف فرما ہیں تو میری بہن نے مجھ کو بتلایا کہ آپ دار ارقم بن ابی ارقم میں جو کوہ صفا کے پاس ہے‘ تشریف رکھتے ہیں۔
میں ابو ارقم کے مکان پر حاضر ہوا جب کہ حضرت حمزہ ؓ بھی آپ کے صحابہ کے ساتھ مکان میں موجود تھے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بھی گھر میں تشریف فرما تھے۔
میں نے دروازے کو پیٹا تو لوگوں نے نکلنا چاہا۔
حضرت حمزہ ؓ نے فرمایا کہ تم لوگوں کو کیاہوگیا؟ سب نے کہا کہ عمر بن خطاب ؓ آئے ہیں پھر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے اور مجھے کپڑوں سے پکڑلیا۔
پھر خوب زور سے مجھ کو اپنی طرف کھینچا کہ میں رک نہ سکااور گھٹنے کے بل گرگیا۔
اس کے بعد آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ عمر اس کفر سے کب تک باز نہیں آؤ گے؟ تو بے ساختہ میری زبان سے نکلا أشهدأن لا إله إلا اللہ وحدہ لا شریك له وأشهدأن محمدا عبدہ ورسوله۔
اس پر تمام دارارقم کے لوگوں نے نعرہ تکبیر بلند کیا کہ جس کی آواز حرم شریف میں سنی گئی۔
اس کے بعد میں نے کہا کہ یا رسول اللہ! کیا ہم موت اور حیات میں دین حق پر نہیں ہیں؟ آپ نے فرمایا کیوں نہیں قسم ہے اس ذات پاک کی جس کے ہاتھ میں میری جان ہے تم سب حق پر ہو‘ اپنی موت میں بھی اور حیات میں بھی۔
اس پر میں نے عرض کیاکہ پھر اس حق کو چھپانے کا کیا مطلب۔
قسم ہے اس ذات کی جس نے آپ کو حق کے ساتھ بھیجا ہے ہم ضرور حق کولے کر باہر نکلیں گے۔
چنانچہ ہم نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو دو صفوں کے درمیان نکالا۔
ایک صف میں حضرت حمزہ ؓ اور دوسری صف میں میں تھا اور میرے اندر جوش ایمان کی وجہ سے ایک چکی جیسی گڑ گڑاہٹ تھی۔
یہاں تک کہ ہم مسجد حرام میں پہنچ گئے تو مجھ کو اور حضرت حمزہ ؓ کو قریش نے دیکھا اور ان کو اس قدر صدمہ پہنچا کہ ایسا صدمہ انہیں اس سے پہلے کبھی نہ پہنچا تھا۔
اسی دن آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے میرا نام فاروق رکھ دیا کہ اللہ نے میری وجہ سے حق اور باطل میں فرق کردیا۔
روایتوں میں ہے کہ آپ کے اسلام لانے پر حضرت جبرئیل امین ؑ تشریف لائے اور فرمایا کہ اے اللہ کے رسول! آج عمرؓ کے اسلام لانے سے تمام آسمانوں والے بے حد خوش ہوئے ہیں۔
حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ کہتے ہیں کہ قسم خدا کی میں یقین رکھتا ہوں کہ حضرت عمر ؓ کے علم کو ترازو کے ایک پلڑے میں رکھا جائے اور دوسری میں تمام زندہ انسانوں کاعلم تو یقینا حضرت عمر ؓ کے علم والا پلڑا جھک جائے گا۔
آپ حضرت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تمام غزوات میں شریک ہوئے اور یہ پہلے خلیفہ ہیں جو امیرالمؤمنین لقب سے پکارے گئے۔
حضرت عمر گورے رنگ والے لمبے قدوالے تھے۔
سر کے بال اکثر گر گئے تھے۔
آنکھوں میں سرخ جھلک رہا کرتی تھی۔
اپنی خلافت میں تمام امور حکومت کو احسن طریق پر انجام دیا۔
آخرمدینہ میں بدھ کے دن 26ذی الحجہ 23ھ میں مغیرہ بن شعبہ کے غلام ابولولوء نے آپ کو خنجر سے زخمی کیا اور یکم محرم الحرام کو آپ نے جام شہادت نوش فرمایا۔
تریسٹھ سال کی عمر پائی۔
مدت خلافت دس سال چھ ماہ ہے۔
آپ کے جنازہ کی نماز حضرت صہیب رومی نے پڑھائی۔
وفات سے قبل حجرئہ نبوی میں دفن ہونے کے لیے حضرت عائشہ ؓ سے باضابطہ اجازت حاصل کرلی۔
حافظ ابن حجر فرماتے ہیں۔
وفیه الحرص علی مجاورة الصالحین في القبور طمعا في إصابة الرحمة إذا نزلت علیهم وفي دعاء من یزورهم من أهل الخیر۔
یعنی آپ کے اس واقعہ میں یہ پہلو بھی ہے کہ صالحین بندوں کے پڑوس میں دفن ہونے کی حرص کرنا درست ہے۔
اس طمع میں کہ ان صالحین بندوں پر رحمت الٰہی کا نزول ہوگا تو اس میں ان کو بھی شرکت کا موقع ملے گا اور جواہل خیر ان کے لیے دعائے خیر کرنے آئیں گے وہ ان کی قبر پر بھی دعا کرتے جائیں گے۔
اس طرح دعاؤں میں بھی شرکت رہے گی۔
سبحان اللہ کیا مقام ہے! ہر سال لاکھوں مسلمان مدینہ شریف پہنچ کر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر درود وسلام پڑھتے ہیں۔
ساتھ ہی آپ کے جان نثاروں حضرت صدیق اکبر ؓ اور فاروق اعظم ؓ پر بھی سلام بھیجنے کا موقع مل جاتا ہے۔
سچ ہے نگاہ ناز جسے آشنائے راز کرے وہ اپنی خوبی قسمت پہ کیوں نہ ناز کرے عشرہ مبشرہ میں سے یہی لوگ موجود تھے جن کا حضرت عمر ؓ نے خلیفہ بنانے والی کمیٹی کے لیے نام لیا۔
ابوعبیدہ بن جراح کا انتقال ہوچکا تھا اور سعید بن زید گوزندہ تھے مگر وہ حضرت عمر ؓ کے رشہ دار یعنی چچا زاد بھائی ہوتے تھے‘ اس لیے ان کا بھی نام نہیں لیا۔
دوسری روایت میں ہے کہ آپ نے بتاکید فرمایا کہ دیکھو میرے بیٹے عبداللہ کا خلافت میں کوئی حق نہیں ہے۔
یہ آپ کا وہ کارنامہ ہے جس پر آج کی نام نہاد جمہوریتیں ہزارہا بار قربان کی جاسکتی ہیں۔
حضرت عمر ؓ کی کسرنفسی کا یہ عالم ہے کہ ساری عمر خلافت کمال عدل کے ساتھ چلائی، پھر بھی اب آخر وقت میں اسی کو غنیمت تصور فرمارہے ہیں کہ خلافت کا نہ ثواب ملے نہ عذاب ہو بلکہ برابر برابر میں اُتر جائے تو یہی غنیمت ہے۔
اخیر میں آپ نے مہاجرین وانصار کے لیے بہترین وصیتیں فرمائیں اور سب سے بڑا کارنامہ یہ کہ ان غیر مسلموں کے لیے جو خلافت اسلامی کے زیر نگین امن وامان کی زندگی گزارتے ہیں‘ خصوصی وصیت فرمائی کہ ہرگز ہرگز ان سے بد عہدی نہ کی جائے اور طاقت سے زیادہ ان پر کوئی بار نہ ڈالا جائے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 1392