🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: اس حدیث سے یہ نکلا کہ نیابتا دو سرے کی طرف سے حج کرنا درست ہے۔ مگر...
حدیث حاشیہ:
اس حدیث سے یہ نکلا کہ نیابتا دو سرے کی طرف سے حج کرنا درست ہے۔
مگر وہ شخص دوسرے کی طرف سے حج کرسکتاہے جو اپنا فرض حج ادا کرچکا ہوا۔
اور حنفیہ کے نزدیک مطلقاً درست ہے اور ان کے مذہب کو وہ حدیث رد کرتی ہے جس کو ابن خزیمہ اور اصحاب سنن نے ابن عباس ؓ سے نکالا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک شخص کو شبرمہ کی طرف سے لبیک پکار تے ہوئے سنا، فرمایا کہ تو اپنی طرف سے حج کرچکا ہے؟ اس نے کہا نہیں۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تو پہلے اپنی طرف حج کر پھر شبرمہ کی طرف سے کرلو۔
اسی طرح کسی شخص کے مرجانے کے بعد بھی اس کی طرف حج درست ہے۔
بشرطیکہ وہ وصیت کر گیا ہو۔
اور بعضوں نے ماں باپ کی طرف سے بلا وصیت بھی حج درست رکھا ہے۔
(وحیدی)
حج کی ایک قسم حج بدل بھی ہے۔
جو کسی معذور یا متوفی کی طرف سے نیابتا کیا جاتا ہے۔
اس کی نیت کرتے وقت لبیک کے ساتھ جس کی طرف سے حج کے لئے آیا ہے اس کا نام لینا چاہئے۔
مثلاً ایک شخص زید کی طرف سے حج کے لئے گیا تو وہ یوں پکارے لَبَّیكَ عَن زَیدٍ نِیَابَة کسی معذور زندے کی طرف سے حج کرنا جائز ہے۔
اسی طرح کسی مرے ہوئے کی طرف سے بھی حج بدل کرایا جاسکتا ہے۔
ایک صحابی نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا تھا کہ ميرا باپ بہت ہی بوڑھا ہوگیا ہے۔
وہ سواری پر بھی چلنے کی طاقت نہیں رکھتا۔
آپ اجازت دیں تو میں ان کی طرف سے حج اداکرلوں۔
آپ نے فرمایا۔
ہاں کرلو (ابن ماجہ)
مگر اس کے لئے یہ ضر وری ہے کہ جس شخص سے حج بدل کرایا جائے وہ پہلے خود اپنا حج ادا کرچکا ہو۔
جیسا کہ مندرجہ ذیل حدیث سے ظاہر ہے۔
عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ، أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ سَمِعَ رَجُلًا يَقُولُ:
لَبَّيْكَ، عَنْ شُبْرُمَةَ، فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:
«مَنْ شُبْرُمَةُ» قَالَ:
قَرِيبٌ لِي، قَالَ:
«هَلْ حَجَجْتَ قَطُّ؟» قَالَ:
لَا، قَالَ:
«فَاجْعَلْ هَذِهِ عَنْ نَفْسِكَ، ثُمَّ احْجُجْ عَنْ شُبْرُمَةَ» رواہ ابن ماجة یعنی ابن عباس روایت کرتے ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک شخص کو سنا وہ لبیک پکارتے وقت کسی شخص شبرمہ نامی کی طرف سے لبیک پکاررہا ہے ہے۔
آپ نے دریافت کیا کہ بھئی یہ شبرمہ کون ہے؟ اس نے کہا کہ شبرمہ میرا ایک قریبی ہے۔
آپ نے پوچھا تو نے کبھی اپنا حج ادا کیا ہے۔
اس نے کہا نہیں۔
آپ نے فرمایا، اپنے نفس کی طرف سے حج ادا کر پھر شبرمہ کی طرف سے کرنا۔
اس حدیث سے صاف ظاہر ہے کہ حج بدل وہی شخص کرسکتا ہے جوپہلے اپنا حج کرچکا ہو۔
بہت سے ائمہ اور امام شافعی ؒ وامام احمد ؒ کا یہی مذہب ہے۔
لمعات میں ملاعلی قاری مرحوم لکھتے ہیں:
الأمر یدل بظاهر علی أن النیابة إنما یجوز بعد أداء فرض الحج وإلیه ذهب جماعة من الأئمة والشافعي وأحمد۔
یعنی امر نبوی بظاہر اس بات پر دلالت کرتا ہے نیابت اسی کے لئے جائز ہے جو اپنا فرض ادا کرچکا ہو۔
علامہ شوکانی ؒ نے اپنی مایہ ناز کتاب نیل الاوطار میں یہ باب منعقد کیا ہے۔
باب من حج عن غیرہ ولم یکن حج عن نفسه۔
یعنی جس شخص نے اپنا حج نہیں کیا وہ غیر کا حج بدل کرسکتا ہے یا نہیں۔
اس پر آپ حدیث بالا شبرمہ والی لائے ہیں۔
اور اس پر فیصلہ دیا ہے:
و لیس في هذا الباب أصح منه۔
یعنی حدیث شبرمہ سے زیادہ اس باب میں اور کوئی صحیح حدیث اور وارد نہیں ہوئی ہے۔
پھر فرماتے ہیں:
وظاهر الحدیث أنه لا یجوز لمن یحج عن نفسه أن یحج عن غیرہ وسواء کان مستطیعا أوغیر مستطیع لأن النبي صلی اللہ علیه وسلم لم یستفصل هذا للرجل الذي سمعه یلبي عن شبرمة وهو ینزل منزلة العموم والیٰ ذلك ذهب الشافعي والناصر۔
(جزء رابع نیل الأوطارص173 ؤ)
یعنی اس حدیث ظاہر ہے کہ جس شخص نے اپنے نفس کی طرف سے پہلے حج نہ کیا ہو وہ حج بدل کسی دوسرے کی طرف سے نہیں کرسکتا۔
خواہ وہ اپنا حج کرنے کی طاقت رکھنے والا ہو یا طاقت نہ رکھنے والا ہو۔
اس لئے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے جس شخص کو شبرمہ کی طرف سے لبیک پکارتے ہوئے سنا تھا اس سے آپ نے یہ تفصیل دریافت نہیں کی۔
پس یہ بمنزلہ عموم ہے اور امام شافعی ؒ وناصر ؒ کا یہی مذہب ہے۔
پس حج بدل کرنے اور کرانے والوں کو سوچ سمجھ لینا چاہئے۔
امر ضروری یہی ہے کہ حج بدل کے لئے ایسے آدمی کو تلاش کیا جائے جو اپنا حج ادا کرچکا ہوتا کہ بلاشک وشبہ ادائیگی فریضہ حج ہوسکے۔
اگرکسی بغیرحج کئے ہوئے کو بھیج دیا تو حدیث بالا کے خلاف ہو گا۔
نیز حج کی قبولیت اور ادائیگی میں پورا پورا تردد بھی باقی رہے گا۔
عقل مند ایسا کام کیوں کرے جس میں کافی روپیہ خرچ ہو اور قبولیت میں تردد وشک وشبہ ہاتھ آئے چرا کارے کند عاقل کہ باز آید پشیمانی
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 1513