🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: مجاہد سے منقول ہے کہ مکہ تمام مباح ہے نہ وہاں کے گھروں کا بیچنا درست ہے...
حدیث حاشیہ:
مجاہد سے منقول ہے کہ مکہ تمام مباح ہے نہ وہاں کے گھروں کا بیچنا درست ہے نہ کرایہ پر دینا اور ابن عمر ؓ سے بھی ایسا ہی منقول ہے اور امام ابوحنیفہ ؒ اور ثوری ؒ کا یہی مذہب ہے اور جمہور علماء کے نزدیک مکہ کے گھر مکان ملک ہیں اور مالک کے مرجانے کے بعد وہ وارثوں کے ملک ہوجاتے ہیں۔
امام ابویوسف ؒ (شاگرد امام ابوحنیفہ ؒ)
کا بھی یہ قول ہے اور امام بخاری ؒ نے بھی اسی کو اختیار کیا ہے۔
ہاں خاص مسجد حرام میں سب مسلمانوں کا حق برابر ہے جو جہاں بیٹھ گیا اس کو وہاں سے کوئی اٹھا نہیں سکتا۔
اوپر کی آیت میں چونکہ عاکف اور معکوف کا مادہ ایک ہی ہے۔
اس لیے معکوف کی بھی تفسیر بیان کردی۔
حدیث باب میں عقیل کا ذکر ہے۔
سو ابو طالب کے چار بیٹے تھے۔
عقیل، طالب، جعفر اور علی۔
علی اور جعفر نے تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا ساتھ دیا اور آپ کے ساتھ مدینہ آگئے مگر عقیل مسلمان نہیں ہوئے تھے۔
اس لیے ابوطالب کی ساری جائیداد کے وہ وارث ہوئے۔
انہوں نے اسے بیچ ڈالا۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اسی کا ذکر فرمایا تھا جو یہاں مذکور ہے۔
کہتے ہیں کہ بعد میں عقیل مسلمان ہوگئے تھے۔
داؤدی نے کہا جو کوئی ہجرت کرکے مدینہ منورہ چلا جاتا اس کا عزیز جو مکہ میں رہتا وہ ساری جائداد دبالیتا۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فتح مکہ کے بعد ان معاملات کو قائم رکھا تاکہ کسی کی دل شکنی نہ ہو۔
کہتے ہیں کہ ابوطالب کے یہ مکانات عرصہ دراز بعد محمد بن یوسف، حجاج ظالم کے بھائی نے ایک لاکھ دینار میں خریدلیے تھے۔
اصل میں یہ جائداد ہاشم کی تھی، ان سے عبدالمطلب کو ملی۔
انہوں نے سب بیٹوں کو تقسیم کردی۔
اسی میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا حصہ بھی تھا۔
آیت مذکورئہ باب شروع اسلام میں مدینہ منورہ میں اتری تھی۔
اللہ پاک نے مہاجرین اور انصار کو ایک دوسرے کا وارث بنا دیا تھا۔
بعد میں یہ آیت اتری:
﴿وَأُولُو الْأَرْحَامِ بَعْضُهُمْ أَوْلَى بِبَعْضٍ﴾ (الأنفال: 75)
یعنی غیر آدمیوں کی نسبت رشتہ دار میراث کے زیادہ حقدار ہیں۔
خیر اس آیت سے مومنوں کا ایک دوسرے کا وارث ہونا نکلتا ہے۔
اس میں یہ ذکر نہیں ہے کہ مومن کافر کا وارث نہ ہوگا اور شاید امام بخاری رحمہ اللہ نے اس مضمون کی طرف اشارہ کیا جو اس کے بعد ہے۔
﴿وَالَّذِينَ آمَنُوا وَلَمْ يُهَاجِرُوا﴾ (الأنفال: 72)
یعنی جو لوگ ایمان بھی لے آئے مگر کافروں کے ملک سے ہجرت نہیں کی تو تم ان کے وارث نہیں ہوسکتے۔
جب ان کے وارث نہ ہوئے تو کافروں کے بطریق اولیٰ وارث نہ ہوں گے۔
(وحیدی)
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 1588