🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری رحمہ اللہ
لغوی تشریح 515 : حُلَیٌ ”حا“ پر ضمہ اور کسرہ دونوں جائز ہیں اور ”لام“ کے نیچے کسرہ اور...
لغوی تشریح 515:
حُلَیٌ ”حا“ پر ضمہ اور کسرہ دونوں جائز ہیں اور ”لام“ کے نیچے کسرہ اور ”یا“ پر تشدید ہے۔ یہ حَلْیٌ کی جمع ہے۔ حلی کی ”حا“ پر فتحہ ”لام“ ساکن اور ”یا“ مخفف ہے۔ سونے چاندی کے وہ زیورات جو عورت تزئین و آرائش کے لیے پہنتی ہے۔ اسی طرح اس سے موتی اور عمدہ پتھر کے نگینے وغیرہ بھی مراد ہیں۔ یہ حدیث اس بات کے جواز کی دلیل ہے کہ بیوی شوہر کے معاملات و مصالح میں اپنی زکاۃ دے سکتی ہے، بشرطیکہ شوہر محتاج اور عیالدار ہو۔

فائدہ 515:
لفظ ”صدقہ“ نفلی صدقہ فرض زکاۃ اور صدقۂ فطر (فطرانہ) سب پر مشترکہ طور پر بولا جاتا ہے۔ قرآن مجید میں بھی زکاۃ کی تقسیم کے مصارف کے موقع پر لفظ صدقہ ہی استعمال ہوا ہے۔ اگر اس بات کا کوئی واضح قرینہ موجود نہ ہو کہ یہاں عام صدقہ مراد ہے تو ایسی صورت میں اصول یہ ہے کہ اس سے مراد زکاۃ ہوتی ہے۔ اس مقام پر بھی بظاہر تو یہی معلوم ہوتا ہے کہ یہ فرض صدقہ ہے، اس لیے کہ نفلی صدقے کے متعلق تو پوچھنے کی ضرورت ہی نہیں۔ جمھور علما کے نزدیک بیوی اپنے شوہر کو زکاۃ دے سکتی ہے مگر امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک بیوی اپنے شوہر کو زکاۃ نہیں دے سکتی۔ لیکن انکا یہ قول اس صریح حدیث کے مخالف ہے۔ اور اس مسئلے پر سب کا اتفاق ہے کہ شوہر اپنی اہلیہ کو زکاۃ نہیں دے سکتا۔ اس حدیث کی روشنی میں جب بیوی فرض زکاۃ دے سکتی ہے تو نفلی صدقہ بدرجۂ اولٰی دے سکتی ہے۔

راوئ حدیث: حضرت زینب رضی اللہ تعالیٰ عنھا یہ عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی زوجۂ محترمہ ہیں۔ بنو ثقیف سے ہونے کی وجہ سے ثقفیہ کہلائیں۔ ان کے باپ کا نام معاویہ یا عبداللہ بن معاویہ یا ابومعاویہ ہے۔ انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ، اپنے شوہر اور حضرت عمر بن خطّاب رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایات بیان کی ہیں۔ اور ان سے ان کے بیٹے، بھتیجے اور بعض دوسرے احباب نے احادیث روایت کی ہیں۔
بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری 515