🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: اس حدیث سے امام بخاری ؒ نے یہ نکالا کہ سور نجس العین ہے اس کی بیع...
حدیث حاشیہ:
اس حدیث سے امام بخاری ؒ نے یہ نکالا کہ سور نجس العین ہے اس کی بیع جائز نہیں ورنہ حضرت عیسیٰ ؑ اسے قتل کیوں کرتے۔
اور نیست و نابود کیوں کرتے۔
جزیہ موقوف کرنے سے یہ غرض ہے کہ حضرت عیسیٰ ؑ فرمائیں گے یا مسلمان ہو یا قتل ہو۔
جزیہ قبول نہ کریں گے۔
اس حدیث سے صاف حضرت عیسیٰ ؑ کا قیامت کے قریب اترنا اور حکومت کرنا اور صلیب توڑنا، جزیہ موقوف کرنا یہ سب باتیں ثابت ہوتی ہیں۔
اور تعجب ہوتا ہے اس شخص کی عقل پر جو قادیانی مرزا کو مسیح موعود سمجھتا ہے۔
اللهم ثبتنا علی الحق و جنّبنا من الفتن ما ظهر منها و ما بطن (وحیدی)
قتل خنزیر سے مراد یہ کہ یأمر بإعدامه مبالغة في تحریم أکله و فیه توبیخ عظیم للنصاری الذین یدعون أنهم علی طریقة عیسی ثم یستحلون أکل الخنزیر و یبالغون في محبته۔
یعنی حضرت عیسیٰ ؑ اپنے دور حکومت میں خنزیر کی نسل کو ختم کرنے کا حکم جاری کر دیں گے۔
اس میں اس کے کھانے کی حرمت میں مبالغہ کا بیان ہے اوراس میں ان عیسائیوں کے لیے بڑی ڈانٹ ہے جو حضرت عیسیٰ ؑ کے پیروکار ہونے کے مدعی ہیں، پھر خنزیر کھانا حلال جانتے ہیں اوراس کی محبت میں مبالغہ کرتے ہیں۔
آیات قرآنیہ اور احادیث صحیحہ کی بنا پر جملہ اہل اسلام کا از سلف تا خلف یہ اعتقاد رہا ہے کہ حضرت عیسیٰ ؑ بن مریم ؑ آسمان پر زندہ ہیں اور وہ قیامت کے قریب دنیا میں نازل ہو کر شریعت محمدیہ کے پیروکار ہوں گے اور اس کے تحت حکومت کریں گے۔
حدیث مذکورہ میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے حلفیہ بیان فرمایا ہے کہ وہ بالضرور نازل ہوں گے چوں کہ آج کل فرقہ قادیانیہ نے اس بارے میں بہت کچھ دجل پھیلا کر بعض نوجوانوں کے دماغوں کو مسموم کر رکھا ہے۔
لہٰذا چند دلائل کتاب و سنت سے یہاں پیش کئے جاتے ہیں جو اہل ایمان کی تسلی کے لیے کافی ہوں گے۔
قرآن مجید کی آیت شریفہ نص قطعی ہے جس سے حیات مسیح ؑ روز روشن کی طرح ثابت ہے۔
﴿وَإِنْ مِنْ أَهْلِ الْكِتَابِ إِلَّا لَيُؤْمِنَنَّ بِهِ قَبْلَ مَوْتِهِ وَيَوْمَ الْقِيَامَةِ يَكُونُ عَلَيْهِمْ شَهِيدًا﴾ (النساء: 159)
یعنی جب حضرت عیسیٰ ؑ آسمان سے نازل ہوں گے تو کوئی اہل کتاب یہودی اور عیسائی ایسا باقی نہ رہے گا جو آپ پر ایمان نہ لے آئے اور قیامت کے دن وہ ان پر گواہ ہوںگے۔
حیات مسیح کے لیے یہ آیت قطعی الدلالۃ ہے کہ وہ قرب قیامت نازل ہوں گے اور جملہ اہل کتاب ان پر ایمان لائیں گے۔
دوسری آیت یہ ہے:
﴿وَمَا قَتَلُوهُ وَمَا صَلَبُوهُ وَلَكِنْ شُبِّهَ لَهُمْ وَمَا قَتَلُوهُ يَقِينًا﴾ (157)
﴿بَلْ رَفَعَهُ اللَّهُ إِلَيْهِ وَكَانَ اللَّهُ عَزِيزًا حَكِيمًا﴾ (النساء: 158-157)
یعنی یہودیوں نے نہ حضرت عیسیٰ ؑ کو قتل کیا نہ ان کو پھانسی دی، یقینا ایسا نہیں ہوا۔
بلکہ اللہ نے ان کو اپنی طرف اٹھا لیا۔
اور اللہ غالب حکمت والا ہے۔
رفع سے مراد رفع مع الجسد ہے یعنی جسم مع روح، اللہ نے ان کو آسمان پر اٹھا لیا اور اب وہ وہاں زندہ موجود ہیں۔
یہ آیت بھی حیات مسیح پر قطعی الدلالۃ ہے۔
تیسری آیت یہ ہے ﴿إِذْ قَالَ اللَّهُ يَاعِيسَى إِنِّي مُتَوَفِّيكَ وَرَافِعُكَ إِلَيَّ وَمُطَهِّرُكَ مِنَ الَّذِينَ كَفَرُوا وَجَاعِلُ الَّذِينَ اتَّبَعُوكَ فَوْقَ الَّذِينَ كَفَرُوا إِلَى يَوْمِ الْقِيَامَةِ ثُمَّ إِلَيَّ مَرْجِعُكُمْ فَأَحْكُمُ بَيْنَكُمْ فِيمَا كُنْتُمْ فِيهِ تَخْتَلِفُونَ﴾ (آل عمران: 55)
یعنی جس وقت کہا اللہ نے، اے عیسیٰ تحقیق لینے والا ہوں میں تجھ کو اور اٹھانے والا ہوں تجھ کو اپنی طرف اور پاک کرنے والا ہوں تجھ کو ان لوگوں سے کہ کافر ہوئے اور کرنے والا ہوں ان لوگوں کو کہ پیروی کریں گے تیری اوپر ان لوگوں کے کہ کافر ہوئے قیامت کے دن تک۔
یہ ترجمہ شاہ عبدالقادر ؒ کا ہے۔
آگے فائدہ میں لکھتے ہیں کہ یہود کے عالموں نے ا س وقت کے بادشاہ کو بہکایا کہ یہ شخص ملحد ہے تورات کے حکم سے خلاف بتلاتا ہے اس نے لوگ بھیجے کہ ان کو پکڑ لادیں، جب وہ پہنچے حضرت عیسی ؑ کے یار سرک گئے۔
اس شنابی میں حق تعالیٰ نے حضرت عیسیٰ ؑ کو آسمان پر اٹھا لیا۔
اور ایک صورت ان کی رہ گئی۔
اس کو پکڑ کر لائے پھر سولی پر چڑھایا۔
توفی کے اصل و حقیقی معنی أخذ الشيئ وافیا کے ہیں جیسا کہ بیضاوی و قسطلانی اور رازی وغیرہم نے لکھا ہے۔
اور موت توفی کے معنی مجازی ہیں نہ حقیقی، اسی واسطے بغیر قیام قرینہ کے موت کے معنی میں استعمال نہیں ہوتا اور یہاں کوئی قرینہ موت کا قائم نہیں ہے اس لیے اصل و حقیقی معنی یعنی اخذ الشی و افیا مراد لئے جائیں گے۔
اور انسان کا وافیا لینا یہی ہے کہ مع روح و جسم کے لیا جائے۔
وهو المطلوب۔
لہٰذا یہ آیت بھی حیات مسیح پر قطعی الدلالۃ ہے۔
چوتھی آیت ﴿وَإِنَّهُ لَعِلْمٌ لِلسَّاعَةِ فَلَا تَمْتَرُنَّ بِهَا وَاتَّبِعُونِ هَذَا صِرَاطٌ مُسْتَقِيمٌ﴾ (الزخرف: 61)
اور تحقیق وہ عیسیٰ قیامت کی نشانی ہے۔
پس مت شک کرو ساتھ اس کے اور پیروی کرو میری، یہ ہے راہ سیدھی۔
اس آیت کے ذیل میں تفسیر ابن کثیر میں ہے۔
المراد بذلك نزوله قبل یوم القیامة قال مجاهد و إنه لعلم للساعة أي آیة للساعة خروج عیسیٰ بن مریم قبل یوم القیامة و هکذا روي عن أبي هریرة و ابن عباس و أبي العالیة و أبي ملك و عکرمة و الحسن و قتادة و ضحاك و غیرهم و قد تواترت الأحادیث عن رسول اللہ صلی اللہ علیه وسلم أنه أخبر بنزول عیسی بن مریم علیه السلام قبل یوم القیامة إماما عدلا و حکما مقسطاً (ابن کثیر)
یعنی یہاں مراد عیسیٰ ؑ ہیں۔
وہ قیامت کے قریب نازل ہوں گے۔
مجاہد نے کہا کہ وہ قیامت کی نشانی ہوں گے۔
یعنی قیامت کی علامت قیامت سے قبل حضرت عیسیٰ ؑ کا آسمان سے نازل ہونا ہے اور ابوہریرہ ؓ اور ابن عباس ؓ اور ابوالعالیہ اور ابومالک اور عکرمہ اور حسن اور قتادہ اور ضحاک وغیرہ نے بیان فرمایا ہے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اس بارے میں متواتر احادیث صحیحہ موجود ہیں کہ حضرت عیسیٰ ؑ قیامت کے قریب امام عادل اور حاکم منصف بن کر نازل ہوں گے۔
آیات قرآنی کے علاوہ ان جملہ احادیث صحیحہ کے لیے دفتر کی ضرورت ہے۔
ان ہی میں سے ایک یہ حدیث بخاری بھی ہے جو یہاں مذکور ہوئی ہے۔
پس حیات مسیح کا عقیدہ جملہ اہل اسلام کا عقیدہ ہے اور یہ کتاب اللہ و احادیث رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہے جو اس کا انکار کرے وہ قرآن و احادیث کا انکاری ہے۔
ایسے منکروں کے ہفوات پر ہرگز توجہ نہ کرنی چاہئے۔
تفصیل کے لیے بہت سی کتابیں اس موضوع پر موجود ہیں۔
مزید طوالت کی گنجائش نہیں۔
اہل ایمان کے لیے اس قدر بھی کافی ہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 2222