🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: حضرت صفیہ ؓ حیی بن اخطب کی بیٹی ہیں۔ یہ کنانہ رئیس خیبر کی بیوی تھیں اور...
حدیث حاشیہ:
حضرت صفیہ ؓ حیی بن اخطب کی بیٹی ہیں۔
یہ کنانہ رئیس خیبر کی بیوی تھیں اور یہ کنانہ وہی یہودی ہے جس نے بہت سے خزانے زیر زمین دفن کر رکھے تھے۔
اور فتح خیبر کے موقعہ پر ان سب کو پوشیدہ رکھنا چاہا تھا۔
مگر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو وحی الٰہی سے اطلاع مل گئی۔
اور کنانہ کو خود اسی کے قوم کے اصرار پر قتل کر دیا گیا۔
کیوں کہ اکثر غربائے یہود اس سرمایہ دار کی حرکتوں سے نالاں تھے۔
اور آج بمشکل ان کو یہ مو قع ملا تھا۔
صفیہ ؓ نے پہلے ایک خواب دیکھا تھا کہ چاند میری گود میں ہے۔
جب انہوں نے یہ خواب اپنے شوہر کنانہ سے بیان کیا تو اس کی تعبیر کنانہ نے یہ سمجھ کر یہ نبی موعود ؑ کی بیوی بنے گی ان کے منہ پر ایک زور کا طمانچہ مارا تھا۔
خیبر فتح ہوا تو یہ بھی قیدیوں میں تھی اور حضرت دحیہ بن خلیفہ کلبی کے حصہ غنیمت میں لگا دی گئی تھی۔
بعد میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو ان کی شرافت نسبی معلوم ہوئی کہ یہ حضرت ہارون ؑ کے خاندان سے ہیں تو آپ نے حضرت دحیہ کلبی ؓ کو ان کے عوض سات غلام دے کر ان سے واپس لے کر آزاد فرما دیا۔
اور خود انہوں نے اپنے پرانے خواب کی بناء پر آپ سے شرف زوجیت کا سوال کیا، تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے حرم محترم میں ان کو داخل فرما لیا۔
اور ان کا مہر ان کی آزادی کوقرار دے دیا۔
حضرت صفیہ ؓ بہت ہی وفادار اور علم دوست ثابت ہوئیں۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی ان کی شرافت کے پیش نظر ان کو عزت خاص عطا فرمائی۔
اس سفر ہی میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی عباءمبارک سے ان کا پردہ کرایا اور اپنے اونٹ کے پاس بیٹھ کر اپنا ٹخنہ بچھا دیا۔
جس پر حضرت صفیہ ؓ نے اپنا پاؤں رکھا اور اونٹ پر سوار ہو گئیں۔
50ھ میں انہوں نے وفات پائی اور جنت البقیع میں سپرد خاک کی گئیں۔
حضرت امام بخاری ؒ نے اس حدیث سے بہت سے مسائل کا استخراج فرماتے ہوئے کئی جگہ اسے مختصر اور مطول نقل فرمایا ہے۔
یہاں آپ کے پیش نظر وہ جملہ مسائل ہیں جن کا ذکر آپ نے ترجمۃ الباب میں فرمایا ہے اور وہ سب اس حدیث سے بخوبی ثابت ہوتے ہیں کہ حضرت صفیہ ؓ لونڈی کی حیثیت میں آئی تھیں۔
آپ نے ان کو آزاد فرمایا اور سفر میں اپنے ہمراہ رکھا۔
اسی سے باب کا مقصد ثابت ہوا۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 2235