🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: غزوہ حنین فتح مکہ کے بعد8ھ میں واقع ہوا۔ قرآن مجید میں اس کا ان لفظوں میں...
حدیث حاشیہ:
غزوہ حنین فتح مکہ کے بعد8ھ میں واقع ہوا۔
قرآن مجید میں اس کا ان لفظوں میں ذکر ہے۔
﴿لَقَدْ نَصَرَكُمُ اللَّهُ فِي مَوَاطِنَ كَثِيرَةٍ وَيَوْمَ حُنَيْنٍ إِذْ أَعْجَبَتْكُمْ كَثْرَتُكُمْ فَلَمْ تُغْنِ عَنْكُمْ شَيْئًا وَضَاقَتْ عَلَيْكُمُ الْأَرْضُ بِمَا رَحُبَتْ ثُمَّ وَلَّيْتُمْ مُدْبِرِينَ (25)
ثُمَّ أَنْزَلَ اللَّهُ سَكِينَتَهُ عَلَى رَسُولِهِ وَعَلَى الْمُؤْمِنِينَ وَأَنْزَلَ جُنُودًا لَمْ تَرَوْهَا وَعَذَّبَ الَّذِينَ كَفَرُوا وَذَلِكَ جَزَاءُ الْكَافِرِينَ﴾
(التوبة: 25-26)
یعنی حنین کے دن بھی ہم نے تمہاری مدد کی، جب تمہاری کثرت نے تم کو گھمنڈ میں ڈال دیا تھا۔
تمہارا گھمنڈ تمہارے کچھ کام نہ آیا۔
اور زمین کشادہ ہونے کے باوجود تم پر تنگ ہو گئی۔
اور تم منہ پھیر کر بھاگنے لگے۔
مگر اللہ نے اپنے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے دل پر اپنی طرف سے تسکین نازل کی اور ایمان والوں پر بھی، اور ایسا لشکر نازل کیا جسے تم نہیں دیکھ رہے تھے اور کافروں کو اللہ نے عذاب کیا اور کافروں کا یہی بدلہ مناسب ہے۔
ہوا یہ تھا کہ فتح مکہ کے بعد مسلمانوں کو یہ خیال ہوگیا تھا کہ عرب میں ہر طرف اسلامی پرچم لہرا رہا ہے اب کون ہے، جو ہمارے مقابلے پر آسکے، ان کا یہ غرور اللہ کو ناپسند آیا۔
ادھر حنین کے بہادر لوگ جو ابھی مسلمان نہیں ہوئے تھے اسلام کے مقابلہ پر آگئے۔
اور میدان جنگ میں انہوں نے بے تحاشا تیر برسانے شروع کئے تو مسلمانوں کے قدم اکھڑ گئے اور وہ بڑی تعداد میں راہ فرار اختیار کرنے لگے۔
حتی کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زبان مبارک سے یہ ارشاد ہوا أنا النبيُ لا کَذب أنا ابنُ عبدِالمطلبِ۔
میں اللہ کا سچا نبی ہوں جس میں مطلق جھوٹ نہیں ہے۔
اور میں عبدالمطلب جیسے نامور بہادر قریش کا بیٹا ہوا۔
پس میدان چھوڑنا میرا کام نہیں ہے۔
ادھر بھاگنے والے صحابہ کو جو آواز دی گئی تو وہ ہوش میں آئے۔
اور اس طرح جوش و خروش کے ساتھ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے جھنڈے تلے جمع ہونے کو واپس لوٹے کہ میدان جنگ کا نقشہ پلٹ گیا اور مسلمان بڑی شان کے ساتھ کامیاب ہوئے اور ساتھ میں کافی تعداد میں لونڈی، غلام اور مال حاصل کرکے لائے۔
بعد میں لڑنے والوں میں سے قبیلہ ہوازن نے اسلام قبول کر لیا اور یہ لوگ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت اقدس میں اپنے اموال اور لونڈی غلام حاصل کرنے کے لیے حاضر ہوئے۔
اور طائف میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت اقدس میں شرف باریابی حاصل کیا۔
آپ نے فرمایا کہ ہر دو مطالبات میں سے ایک پر غور کیا جاسکتا ہے یا تو اپنے آدمی واپس لے لویا اپنے اموال حاصل کرلو۔
آپ نے ان کو جواب کے لیے مہلت دی۔
اور آپ دس روز تک جعرانہ میں ان کا انتظار کرتے رہے یہی جعرانہ نامی مقام ہے جہاں سے آپ اسی اثناءمیں احرام باندھ کر عمرہ کے لیے مکہ تشریف لائے تھے۔
جعرانہ حد حرم سے باہر ہے۔
اس دفعہ کے حج 1389ھ میں اس حدیث پر پہنچا تو خیال ہوا کہ ایک دفعہ جعرانہ جاکر دیکھنا چاہئے۔
چنانچہ جانا ہوا۔
اور وہاں سے عمرہ کا احرام باندھ کر مکہ شریف واپسی ہوئی اور عمرہ کرکے احرام کھول دیا۔
یہاں اس مقام پر اب عظیم الشان مسجد بنی ہوئی ہے اور پانی وغیرہ کا معقول انتظام ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے مطالبہ کے سلسلہ میں اپنے حصہ کے قیدی واپس کر دئیے۔
اور دوسرے جملہ مسلمانوں سے بھی واپس کرا دئیے۔
اسلام کی یہی شان ہے کہ وہ ہر حال میں انسان پروری کو مقدم رکھتا ہے۔
آپ نے یہ معاملہ قوم کے وکلاءکے ذریعہ طے کرایا۔
اسی سے مجتہد مطلق حضرت امام بخاری ؒ کا مقصد باب ثابت ہوا اور یہ بھی کہ اجتماعی قومی معاملات کو حل کرنے کے لیے قوم کے نمائندگان کا ہونا ضروری ہے۔
آج کل کی اصطلاح میں ان کو چودھری پنچ ممبر کہا جاتاہے۔
قدیم زمانے سے دنیا کی ہر قوم میں ایسے اجتماعی نظام چلے آرہے ہیں کہ ان کے چودھری پنچ جو بھی فیصلہ کردیں وہی قومی فیصلہ مانا جاتا ہے۔
اسلام ایسی اجتماعی تنظیموں کا حامی ہے بشرطیکہ معاملات حق و انصاف کے ساتھ حل کئے جائیں۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 2307