🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: یہ نوعمر لڑکے حضرت عبداللہ بن عباس ؓ تھے اور اتفاق سے یہ اس وقت مجلس میں...
حدیث حاشیہ:
یہ نوعمر لڑکے حضرت عبداللہ بن عباس ؓ تھے اور اتفاق سے یہ اس وقت مجلس میں دائیں جانب بیٹھے ہوئے تھے۔
دیگر شیوخ اور بزرگ صحابہ بائیں جانب تھے۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے جب باقی ماندہ مشروب کو تقسیم فرمانا چاہا تو یہ تقسیم دائیں طرف سے شروع ہونی تھی۔
اور اس کا حق حضرت عبداللہ بن عباس ؓ کو پہنچتا تھا۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے بائیں جانب والے بزرگوں کا خیال فرما کر عبداللہ بن عباس سے اجازت چاہی لیکن وہ اس لیے تیار نہ ہوئے کہ اس طور پر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا بچایا ہوا پانی کہاں اور کب نصیب ہونا تھا۔
اس لیے انہوں نے اس ایثار سے صاف انکار کر دیا۔
اس حدیث کی باب سے مناسبت یوں ہے کہ پانی کی تقسیم ہو سکتی ہے اور اس کے حصے کی ملک جائز ہے۔
ورنہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس لڑکے سے اجازت کیوں طلب فرماتے۔
حدیث سے یہ بھی نکلا کہ تقسیم میں داہنی طرف والوں کا حصہ ہے، پھر بائیں طرف والوں کا۔
پس آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنا بچا ہوا پانی اس لڑکے پر ہبہ فرما دیا۔
اس سے پانی کا ہبہ کر دینا بھی ثابت ہوا۔
اور یہ بھی ثابت ہوا کہ حق اور ناحق کے مقابلہ میں کسی بڑے سے بڑے آدمی کا بھی لحاظ نہیں کیا جاسکتا۔
حق بہرحال حق ہے اگر وہ کسی چھوٹے آدمی کو پہنچتا ہے تو بڑوں کا فرض ہے۔
کہ بہ رضا رغبت اسے اس کے حق میں منتقل ہونے دیں۔
اور اپنی بڑائی کا خیال چھوڑدیں، لیکن آج کے دور میں ایسے ایثار کرنے والے لوگ بہت کم ہیں، ایثار اور قربانی ایمان کا تقاضا ہے اللہ ہر مسلمان کو یہ توفیق بخشے۔
آمین۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 2351