🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: کئی دفعہ کی گفتگو میں ثمامہ اخلاق نبوی سے حد درجہ متاثر ہو چکا تھا۔ اس نے...
حدیث حاشیہ:
کئی دفعہ کی گفتگو میں ثمامہ اخلاق نبوی سے حد درجہ متاثر ہو چکا تھا۔
اس نے آپ سے ہر بار کہا تھا کہ آپ اگر میرے ساتھ اچھا برتاؤ کریں تو میں اس کی ناقدری نہیں کروں گا چنانچہ یہی ہوا۔
آپ نے اسے بخوشی اعزاز و اکرام کے ساتھ آزاد فرما دیا۔
وہ فوراً ہی ایک کنویں پر گیا اور غسل کرکے آیا اور دائرہ اسلام میں داخل ہو گیا۔
پس ترجمۃ الباب ثابت ہوا کہ بعض حالات میں کسی انسان کا کچھ وقت کے لیے مقید کرنا ضروری ہو جاتا ہے اور ایسی حالت میں یہ گناہ نہیں ہے بلکہ نتیجہ کے لحاظ سے مفید ثابت ہوتا ہے۔
عہد نبوی انسانی تمدن کا ابتدائی دور تھا، کوئی جیل خانہ الگ نہ تھا۔
لہٰذا مسجد ہی سے یہ کام بھی لیا گیا۔
اور اس لیے بھی کہ ثمامہ کو مسلمانوں کو دیکھنے کا بہت ہی قریب سے موقع دیا جائے اور وہ اسلام کی خوبیوں اور مسلمانوں کے اوصاف حسنہ کو بغور معائنہ کرسکے۔
خصوصاً اخلاق محمدی نے اسے بہت ہی زیادہ متاثر کیا۔
سچ ہے:
آنچہ خوباں ہمہ دارند تو تنہا داری ترجمۃ الباب الفاظ فربطوہ بساریة من سواري المسجد سے نکلتا ہے۔
قاضی شریح جب کسی پر کچھ حکم کرتے اور اس کے بھاگ جانے کا ڈر ہوتا تو مسجد میں اس کو حراست میں رکھنے کا حکم دیتے۔
جب مجلس برخاست کرتے، اگر وہ اپنے ذمے کا حق ادا کردیتا تو اس کو چھوڑ دیتے ورنہ قید خانے میں بھجوا دیتے۔
دوسری روایت میں یوں ہے کہ آپ ہر صبح کو ثمامہ کے پاس تشریف لے جاتے اور اس کا مزاج اور حالات دریافت فرماتے۔
وہ کہتا کہ اگر آپ مجھ کو قتل کرادیں گے تو میرا بدلہ لینے والے لوگ بہت ہیں۔
اور اگر آپ مجھ کو چھور دیں گے تو میں آپ کا بہت بہت احسان مند رہوں گا۔
اور اگر آپ میری آزادی کے عوض روپیہ چاہتے ہیں تو جس قدر آپ فرمائیں گے آپ کو روپیہ دوں گا۔
کئی روز تک معاملہ ایسے ہی چلتا رہا۔
آخر ایک روز رحمۃ للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم نے ثمامہ کو بلا شرط آزاد کرا دیا۔
جب وہ چلنے لگا تو صحابہ کو خیال ہوا کہ شاید یہ فرار اختیار کر رہا ہے۔
مگر ثمامہ ایک درخت کے نیچے گیا، جہاں پانی موجود تھا۔
وہاں اس نے غسل کیا اور پاک صاف ہو کر دربار رسالت میں حاضر ہوا۔
اور کہا کہ حضور اب میں اسلام قبول کرتا ہوں۔
فوراً ہی اس نے کلمہ شہادت أشهد أن لا إله إلا اللہ و أشهد أن محمداً رسول اللہ پڑھا اور صدق دل سے مسلمان ہو گیا۔
رضي اللہ عنه أرضاہ
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 2422