🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: مہمانی کا حق میزبان کی مرضی کے خلاف وصول کرنے کے لیے جو اس حدیث میں ہدایت...
حدیث حاشیہ:
مہمانی کا حق میزبان کی مرضی کے خلاف وصول کرنے کے لیے جو اس حدیث میں ہدایت ہے اس کے متعلق محدثین نے مختلف توجیہات بیان کی ہیں۔
بعض حضرات نے لکھا ہے کہ یہ حکم مخمصہ کی حالت کا ہے۔
بادیہ اور گاؤں کے دور دراز علاقوں میں اگر کوئی مسافر خصوصاً عرب کے ماحول میں پہنچتا تو اس کے لیے کھانے پینے کا ذریعہ اہل بادیہ کی میزبانی کے سوا اور کچھ نہیں تھا۔
تو مطلب یہ ہوا کہ اگر ایسا موقع ہو اور قبیلہ والے ضیافت سے انکار کردیں، ادھر مجاہد مسافروں کے پاس کوئی سامان نہ ہو تو وہ اپنی جان بچانے کے لیے ان سے اپنا کھانا پینا ان کی مرضی کے خلاف بھی وصول کرسکتے ہیں۔
اس طرح کی رخصتیں اسلام میں مخمصہ کے اوقات میں ہیں۔
دوسری توجیہ یہ کی گئی ہے کہ ضیافت اہل عرب میں ایک عام عرف و عادت کی حیثیت رکھتی تھی۔
اس لیے اس عرف کی روشنی میں مجاہدین کو آپ نے ہدایت دی تھی۔
ایک توجیہ یہ بھی کی گئی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے عرب کے بہت سے قبائل سے معاہدہ کیا تھا کہ اگر مسلمانوں کا لشکر ان کے قبیلہ سے گزرے اور ایک دو دن کے لیے ان کے یہاں قیام کرے تو وہ لشکر کی ضیافت کریں۔
یہ معاہدہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ان مکاتیب میں موجو دہے جو آپ نے قبائل عرب کے سرداروں کے نام بھیجے تھے۔
اور جن کی تخریج زیلعی نے بھی کی ہے۔
بہرحال مختلف توجیہات اس کی کی گئی ہیں۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 2461