🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: حضرت عباس کے والد عبدالمطلب کی والدہ سلمی انصار میں سے تھیں، بنی نجار کے قبیلے کی۔...
حدیث حاشیہ:
حضرت عباس کے والد عبدالمطلب کی والدہ سلمی انصار میں سے تھیں، بنی نجار کے قبیلے کی۔
اس لیے ان کو اپنا بھانجا کہا۔
سبحان اللہ! انصار کا ادب! یوں نہیں عرض کیا، اگر آپ اجازت دیں تو آپ کے چچا کا فدیہ معاف کردیں۔
کیوں کہ ایسا کہنے سے گویا آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پر احسان رکھنا ہوتا۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم خوب جانتے تھے کہ حضرت عباس مالدار ہیں۔
اس لیے فرمایا کہ ایک روپیہ بھی ان کو نہ چھوڑو۔
ایسا عدل و انصاف کہ اپنے سگے چچا تک کو بھی رعایت نہ کی پیغمبری کی کھلی ہوئی دلیل ہے۔
سمجھدار آدمی کو پیغمبری کے ثبوت کے لیے کسی بڑے معجزے کی ضرورت نہیں۔
آپ کی ایک ایک خصلت ہزار ہزار معجزوں کے برابر تھی۔
انصاف ایسا، عدل ایسا، سخاوت ایسی، شجاعت ایسی، صبر ایسا، استقلال ایسا کہ سارا ملک مخالف ہر کوئی جان کا دشمن، مگر اعلانیہ توحید کا وعظ فرماتے رہے، بتوں کی ہجو کرتے رہے۔
آخر میں عربوں جیسے سخت لوگوں کی کایا پلٹ دی۔
ہزاروں برس کی عادت بت پرستی کی چھڑا کر ان ہی کے ہاتھوں ان بتوں کو تڑوایا۔
پھرآج تیرہ سو برس گزرچکے، آپ کا دین شرقاً و غرباً پھیل رہا ہے۔
کیا کوئی جھوٹا آدمی ایسا کرسکتا ہے یا جھوٹے آدمی کا نام نیک اس طرح پر قائم رہ سکتا ہے۔
(وحیدی)
عینی فرماتے ہیں:
واختلف في علة المنع فقیل إنه کان مشرکا و قیل منعهم خشیة أن یقع في قلوب بعض المسلمین شيئ۔
یعنی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کیوں منع فرمایا اس کی علت میں اختلاف ہے۔
بعض نے کہا اس لیے کہ اس وقت حضرت عباس مشرک تھے اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ آپ نے اس لیے منع فرمایا کہ کسی مسلمان کے دل میں کوئی بدگمانی نہ ہو کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے چچا کے ساتھ ناروا رعایت کا برتاؤ کیا۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 2537